• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

شاہ لطیف ٹاؤن، پسند کی شادی کرنیوالا جوڑا جرگے کے فیصلے پر قتل ، 7ملزمان گرفتار

کراچی(اسٹاف رپورٹر) پسند کی شادی کرنے والے جوڑے کو شاو لطیف ٹاون میں  جرگے کے فیصلے پرقتل کردیا گیا ، 7ملزمان کو گرفتار کرلیا گیا،عدالت کی اجازت سے قبرکشائی کے بعد لاشوں کا پوسٹ مارٹم کیا جائے گا، واقعہ تین روز قبل قصبہ کالونی میں  پیش آیا۔ تفصیلات کے مطابق شاہ لطیف ٹاؤن کے علاقے میں جرگہ ہوا جس  میں پسند کی شادی کرنے والے جوڑے کو بھی بلوایا گیا اور جرگے نے تمام کہانی سننے کے بعد فیصلہ کیا کہ دونوں کو قتل کر کے لاشیں دفنا دی جائیں جرگے کے فیصلے کے بعد 3ملزمان نے جوڑے پر گولیاں برسائیں اور قتل کیے جانے کے بعد رات گئے لاشیں خفیہ طریقے سے دفنا دیں ،اس حوالے سےپولیس کا کہنا ہے کہ جمعرات کی صبح علاقے کے مخبر  خاص نے پولیس کو تمام صورتحال سے آگاہ کیا تو پولیس کی دوڑیں لگ گئیں اور فوری کارروائی کرتے ہو ئے قتل کے الزام میں ارشد،نظام ، قادر ،عمر ،سرفراز ، شوکت ،سعید اور ایک نامعلوم کو  گرفتار کر کے مقدمہ درج کر لیا ۔پولیس نے بتایا کہ شاہ لطیف ٹاؤن کے رہائشی 30سالہ عصمت 18سالہ عرفانہ نے ایک سال قبل پسند کی شادی کی تھی اور قصبہ کالونی میں رہائش اختیار کرلی تھی جس کے بعد دونوں کے گھر والوں نے جوڑے کی تلاش شروع کردی تھی 24اکتوبر کو مقتولین کے ورثا قصبہ کالونی والے مکان پر پہنچ گئے اور دونوںسے  کہا کہ جرگے میں آجاؤ فیصلہ تمہارے حق میں ہو گا پھر ساتھ ہی رہنا ،جس پر مقتولین 25اکتوبر کی شام جرگے میں پیش ہو گئے تاہم جرگے نے ان کے خلاف فیصلہ دے دیا ۔پولیس کے مطابق عدالت کی اجازت کے بعد قبرکشائی کرکے  لاشوں کا پوسٹ مارٹم ہو گا جس کے بعد مزید کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔ 
تازہ ترین