• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

عدالتی فیصلوں کی خلاف ورزی عمران خان کی فطرت بن گئی

اسلام آباد (رپورٹ…فخر درانی)تحریک انصاف کے سربراہ عمران خان نے لاہور ہائیکورٹ اور سپریم کورٹ کی خلاف ورزی کے بعد اسلام آباد ہائیکورٹ کا فیصلہ ماننے سے بھی انکار کردیا ہےاور اعلان کیا ہے کہ وہ ہر قیمت پر 2نومبر کو احتجاجی طور پر اسلام آباد بند کریں گے۔ عدالتی احکامات اور فیصلوں کی خلاف ورزی ان کی فطرت بن گئی ہے۔ اسلام آباد ہائیکورٹ کے فیصلے کی خلاف ورزی اور عدالتی رٹ کو چیلنج کرنے کا پہلا موقع نہیں ہے، اگست 2014 میں بھی تحریک انصاف اور طاہر القادری کی عوامی تحریک دونوں نے ہی دھرنے میں عدالت عظمیٰ کے فیصلے کی خلاف ورزی کی تھی۔ آئینی اور قانونی ماہرین کا کہنا ہے کہ چونکہ اس وقت دونوں جماعتوں کی قیادت نے اعلیٰ عدلیہ کے فیصلوں کی خلاف ورزی کی تھی لہٰذا عمران خان کو اب عدالت کا خوف نہیں رہا۔ 27 اکتوبر کو اپنے فیصلے میں اسلام آباد ہائیکورٹ کے جسٹس شوکت حسین صدیقی نے احتجاج کے خلاف درخواستوں کی سماعت کرتے ہوئے فیصلہ دیا کہ 2نومبر کو کسی کو بھی اسلام آباد بند کرنے کی اجازت نہیں دی جائے گی۔ احتجاج کے نام پر عوام کے بنیادی حقوق پر کوئی سمجھوتہ نہیں ہوسکتا۔اسلام آباد ہائیکورٹ بنچ نے قرار دیا کہ مظاہرین اور ان کے رہنمائوں کی جانب سے آئین کی خلاف ورزی ہوئی تو انہیں اس کے نتائج بھگتنا ہوں گے۔ سپریم کورٹ بار ایسوسی ایشن کے صدر سید علی ظفر نے کہا کہ وہ پاناما لیکس کیس میں ملوث افراد کے خلاف کارروائی کیلئے عمران خان کے مطالبے کی حمایت کرتے ہیںلیکن وہ احتجاجاً اسلام آباد بند کردیئے جانےکے حق میں نہیں ، جو آئین سے بالاتر اقدام ہوگا۔ لہٰذا عمران خان اپنے احتجاج کو آئینی حدود میں رکھیں۔ علی ظفر کا یہ بھی کہنا تھا کہ اسلام آباد ہائیکورٹ کو ایسا فیصلہ دینے سے گریز کرنا چاہئے تھا کیونکہ تحریک انصاف اس پر عملدرآمد نہیں  کرے گی اور عدالت کا وقار دائو پر لگ جائے گا۔ جب تحریک انصاف اور عوامی تحریک کا گذشتہ دھرنا سپریم کورٹ میں لایا گیا تھا اس وقت عدالت عظمیٰ نے بڑی احتیاط اور دانشمندی کے ساتھ معاملے سے نمٹا تھا۔ گو کہ جج صاحبان نے اپنے مشاہدات دیئے لیکن کوئی فیصلہ جاری نہیں کیاتھا۔ ایسا ہی اب اسلام آباد ہائیکورٹ کو کرنا چاہئے تھا۔ عدالت ثالٹ کا کردار ادا کرتی اور صورتحال سے نمٹنے کا معاملہ حکومت پر چھوڑ دیا جاتا۔  
تازہ ترین