• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن
ایک خبر کے مطابق لاہور اور اس کے گرد و نواح میں ڈینگی مریضوں کی آمد کا سلسلہ جاری ہے۔ گزشتہ چوبیس گھنٹوں کے دوران مزید 44نئے ڈینگی وائرس کے مریضوں کی تصدیق کی گئی ہے جنہیں لاہور کے مختلف اسپتالوں میں لایا گیا ہے اس مہلک بیماری کا شکار ہونے والوں کی تعدادمسلسل بڑھ رہی ہے۔ ڈینگی ایک جان لیوا وائرس ہے۔ چند سال قبل اس مرض کے شدید حملے کے بعد اس سے بچاؤ کے لئے سری لنکا اور انڈونیشیا سے طبی امداد طلب کی گئی تھی اور اس کے ماہر ڈاکٹروں کی مشاورت سے احتیاطی تدابیر اختیار کی گئی تھیں۔ پنجاب اور سندھ میں ہنگامی بنیادوں پر اقدامات کئے گئے تھے۔ اسپتالوں میں ڈینگی مریضوں کے علاج معالجہ کے لئے علیحدہ وارڈ بنائے جانے کے علاوہ مستقل بنیادوں پر ڈینگی سے بچاؤ کے لئے محکمہ صحت میں الگ شعبہ بھی قائم کیا گیا تھا ۔ اس وقت بھی ڈینگی وائرس کے تدارک کے لئے موثر اقدامات کئے جا رہے ہیں اس کے باوجود مریضوں کی تعداد میں اضافہ تشویش کا باعث ہے۔ چند برس پہلے جب ڈینگی بخار نے لاہور اور پنجاب کے دیگر شہروں کے باسیوں پر حملہ کیا تھا تو حکومت پنجاب نے اس کے خاتمے کے لئے ہر محاذ پر نہایت محنت اور جانفشانی سے کام کیا اور اس وبائی مرض سے بچاؤ کے لئے نہ صرف پرزور تحریک چلائی بلکہ ایک مرحلے پر سری لنکا سے ڈاکٹروں کی ایک ٹیم بھی منگوائی اور یہ مہم اتنی کامیابی سے آگے بڑھائی گئی کہ خود سری لنکن ڈاکٹروں نے پنجاب حکومت کو اس پر خراج تحسین پیش کیا تھا۔ اب بھی اس مرض کے خاتمے کے لئے احتیاطی تدابیر کو موثر بنانے کی ضرورت ہے تاکہ اس موذی بیماری پر مکمل قابو پایا جا سکے۔ اس مقصد کے لیے میڈیا کے ذریعے عوام کو مرض کی علامات اوراس سے بچاؤ کے طریقوں سے بخوبی آگاہ کرنا، ضروری ادویات کی بروقت فراہمی کو یقینی بنانا اور علاج معالجے کی سہولتوں کو حتی الامکان بہتر کرنا کی ضروری ہے۔


.
تازہ ترین