• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن
مسئلہ کشمیر کنٹرول لائن پر حل کر دیں!
آرمی چیف جنرل راحیل شریف نے کہا ہے:ہم نے سرجیکل اسٹرائیک کی تو بھارت نصاب میں پاک فوج کے قصے پڑھائے گا۔ پاک فوج کے سرجن بہت مہارت رکھتے ہیں ایک عرصے سے بھارت کے جسم کا ایک پھوڑا ٹھیک نہیں ہو رہا، ہمسائے کی یہ تکلیف دیکھی نہیں جاتی شاید اب مجبور ہو کر اس پھوڑے کو جڑوں سمیت ایک ایسی میجر سرجیکل اسٹرائیک کرنا پڑے گی کہ بھارت کے میڈیکل کالجوں میں اسے کورس میں شامل کر لیا جائے گا، جب بھارت کے باوردی شریر لڑکے ایل او سی پر آ کر شرارت کرتے ہیں تو پاک فوج کے شیروں کو اس وقت تک نیند نہیں آتی جب تک بھارتی لومڑوں کا شکار نہ کر لیں، جذبے اور ہتھیار کی جنگ میں اسلحہ پرستوں کو مات ہوتی ہے، ہمارا اسلحہ تو غازیوں مجاہدوں کے ہاتھ میں پہنچ کر آسمانی گرز بن جاتا ہے۔ کنٹرول لائن پر فائرنگ کرنے والے زندہ رہیں تو اپنے پیٹی بھائیوں کو بتائیں کہ پاک سرحد کے قریب نہ جانے ادھر کی ہر گولی پر ہماری موت رقم ہے، جنرل صاحب نے کہہ دیا ہے کہ ابھی تو سرجیکل اسٹرائیک نہیں کی کر دی تو بھارتی عسکری و سویلین نصاب کا حصہ بن جائے گی، بھارت کی بھول ہے کہ وہ ایل او سی جارحیت سے کچھ حاصل کرے گا، اپنے گیدڑوں کو بیرکوں میں باندھ رکھے، کیوں کہ؎
بھارت کے شغالوں کو
آتی ہے فقط روباہی
اور
اللہ کے شیروں کو آتی نہیں روباہی
مودی جی! ہم بہت اچھے ہمسائے ہیں ورنہ آپ کے سائے بھی نظر نہ آتے، اب یہ روز روز کی چھیڑ خوانیاں ترک کر دیں، ہم پہل نہیں کرتے لیکن کوئی کرے گا تو بھر ے گا۔
٭٭٭٭
نامعلوم افراد
جب سے معلوم افراد بھی نا معلوم افراد میں شامل ہو گئے، بعض اوقات یوں لگتا ہے کہ ’’نامعلوم افراد‘‘ بھی کوئی نئی پارٹی ہے، معلوم اور نامعلوم میں وہی فرق ہے جو شریف اور غیر شریف میں، ’’نامعلوم افراد‘‘ میں شمولیت سے بہت سوں نے خوب فائدہ اٹھایا، اب ہمارے ہاں انسانی جان لینا کتنا آسان ہو گیا ہے، قانون نافذ کرنے والے اداروں نے بھی سکھ کا سانس لیا کہ اب پولیس مقابلے میں مارے جانے کا بہانہ پرانا ہو گیا تھا اور اتنا محفوظ نہیں رہا تھا، نامعلوم افراد نے مار دیا اب ظاہر ہے کہا جا سکتا ہے کہ نامعلوم کا علم تو صرف خدا کو ہے، بھلا حکومت کیا جانے، وہ تو بس اتنا جانے کہ جس کو جانے اسے بھی نہ جانے، یہ خبر گرم ہے اسٹیج اداکارہ قسمت بیگ ایک 32سالہ شخص کے ساتھ کار میں ہربنس پورہ سے گزر رہی تھیں کہ نامعلوم افراد نے فائرنگ کر دی اور وہ موقع پر ہی جاں بحق ہو گئیں، اگر پوچھا جاتا ہے کہ حکومتی اداروں کو کیوں ان نامعلوم افراد کا پتہ نہیں تو جواب ملتا ہے ’’را‘‘ کے لوگ ہوں گے، گویا یہ نامعلوم افراد اور ’’را‘‘ محفوظ قتل کے لئے ایک ایسی حد ہیں کہ جس کے کھاتے میں ڈال دو اور چین سے سو جائو انتقام لینے والے، پرانی دشمنی رکھنے والے ان دونوں کھاتوں کو خوب استعمال کر رہے ہیں، اور ان کو خاصا افاقہ ہے، تھانوں نے بھی پورا سانس لیا ہے کہ اب تفتیش کی بھی ضرورت نہیں، بھارت کے خلاف کیسے پرچہ کاٹیں، اور نامعلوم تو کسی کا نام نہیں نام کے خانے میں کیا لکھیں، زیادتی کے شوقین ملزموں کو بھی کھلی چھٹی ہے کہ اپنا مطلب نکالیں اور لاشیں کہیں پھینک دیں بریکنگ نیوز آئے گی کہ فلاں علاقے میں ایک دوشیزہ کی مسخ شدہ لاش ملی ہے، الغرض ’’نامعلوم افراد‘‘ ایک ایسا کھلا کھاتہ ہے کہ صلائے عام ہے جرم کرنے والوں کو، اپنا رانجھا راضی کر لیں اور کھیڑوں کو معلوم ہی نہ ہو کہ واردات کون کر گیا، گل بات کون کر گیا، بس وہی جانتا ہے جو دن رات کر گیا، اور سب کو تسلی ہے کہ قیامت ابھی دور ہے۔
٭٭٭٭
کر دو ٹیلیفون کہ آج نہیں آنا ہے!
پہلے پیار کرنے والوں کو یہ سہولت حاصل تھی کہ نوبیاہتا بیوی، اپنے سرتاج سے کہہ دیتی کہ دفتر میں فون کر دو کہ ضروری کام پڑ گیا ہے آج نہیں آنا ہے اتفاقی رخصت عطا کی جائے، عین نوازش ہو گی، لیکن اب لاہور کی حد تک ہم جانتے ہیں کہ شوہر جب دفتر میں فون کے لئے کریڈل اٹھاتا ہے تو فون کے تن مردہ میں جان نہیں ہوتی، ہربنس پورہ، نیو کینال پوائنٹ، کینال بینک، سلامت پورہ، فتح گڑھ ان تمام علاقوں میں فون کا روز جھاڑن کیا جاتا ہے مگر پھر بھی وہ بولتا نہیں، اب یہ محکمہ ٹیلیفون کی کوتاہی ہے یا اورنج ٹرین کے لئے کھدائی اس کا باعث ہے، یہ ہم نہیں جانتے، بس اتنا ہے کہ علاقے کے لوگ گھر آ کر مجھے غیرت دلاتے ہیں، کہ اے کشتۂِ ستم تیرے قلم کو کیا ہوا، کچھ تو لکھو شاید قلم کی سنی جائے اور مذکورہ علاقوں کے مردہ فونز جی اٹھیں سب یک آواز ہو کر کہہ رہے تھے کہ جب ہم باقاعدگی سے فون کا بل ادا کرتے ہیں تو کیوں ہمارے فون، اسمارٹ ٹی وی اور انٹر نیٹ گزشتہ کئی دن سے ڈیڈ ہیں، ہم کسی کو کوئی الزام نہیں دیتے بس اتنا کہتے ہیں کہ پیسے پورے لئے جاتے ہیں تو سروس بھی پوری دی جائے، میں ایک اخبار نویس ہوں بروقت کالم بھیجنے سے لاچار، بہرحال ہمارے لکھے کی لاج رکھی جائے کہ میرے آس پاس کے لوگ سمجھتے ہیں کہ میں دو حرف لکھ دوں گا تو ضرور ان کی شنوائی ہو گی اور مردہ لینڈ لائن ٹیلی فونوں میں جان پڑ جائے گی اور ان جوڑوں کا کاروبار محبت بھی چل پڑے گا کہ نئی نویلی بانکی سجیلی اہلیہ محترمہ فرماتی ہیں شوہر نامدار سے کر دو ٹیلی فون کہ آج نہیں آنا ہے!
٭٭٭٭
لونگ گواچا!
....Oمریم نواز:جنرل راحیل شریف!ہمیں آپ پر فخر ہے۔
اور ہمیں آپ پر فخر ہے کیونکہ آپ کو جنرل راحیل شریف پر فخر ہے۔
....Oمنظور وسان (سیاسی نجومی) پی پی: قطری شہزادہ نواز شریف کو بچا لے گا، عمران کی شادی نہیں ہو گی،
چلیں عمران کی شادی ہی کرا دیں کیا خواب میں ترمیم نہیں ہو سکتی، نواز شریف کو قطری شہزادہ نہیں اللہ تعالیٰ بچائے گا، دیکھیں خوابیدہ شرک نہ کیا کریں،
....Oبرطانوی وزیر خارجہ بھی عمران خان کے مداح نکلے، ملاقات میں سیلفیاں بنائیں۔
ڈانڈے آپ خود ملا لیں ہم اگر عرض کریں گے تو شکایت ہو گی۔
....Oسراج الحق:شریفوں میں جو زیادہ شریف تھا وہ جا رہا ہے،
شرافت کی ترازو کب سے تھام لی ہے؟ راحیل شریف جا نہیں رہے، مدت ملازمت پوری کر کے ریٹائر ہو رہے ہیں۔
....Oعابد حسین صدیقی (پی پی) عوام نے لیگی سیاست کو مسترد کر دیا،
لگتا ہے عوام نے بھی آپس میں مفاہمت کر لی،


.
تازہ ترین