• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

عمرکوٹ، پبلک ٹرانسپورٹ میں لگی سی این جی کٹس اتار نے کی ہدایت

سامارو(نامہ نگار) ڈپٹی کمشنر عمرکوٹ ندیم الرحمان میمن نے ضلع کے تمام ٹرانسپورٹ مالکان اور ٹرانسپورٹ ٹرمنیل کے انچارجوں کے  اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے ہدایت دی ہے کہ ضلع عمرکوٹ میں پبلک ٹرانسپورٹ میں لگی تمام سی این جی اور ایل پی جی کٹس اتار لی جائیں اور ڈسٹرکٹ ریجنل ٹرانسپورٹ اتھارٹی کی جانب سے جاری کردہ کرائے نامہ کی لسٹ اور روٹ کا پرمٹ اپنی گاڑیوں کے شیشہ پر واضح چساں کریں۔ انہوں نے کہا کہ سندھ ہائی کورٹ کے احکامات کے مطابق 02 د سمبر 2016 سے سی این جی اور ایل پی جی کٹس رکھنے والے پبلک ٹرانسپورٹر جس میں بسیں ، کوچز ، کوسٹرز، ہائی ایکس وین اور کرائے پر چلنے والی کاروں میں لگی تمام سی این جی اور ایل پی جی کٹس کے خلاف ضلع بھر میں کریک ڈائون شروع کیا جائے گا اور مہم کے دوران کسی بھی پبلک ٹرانسپورٹ گاڑی میں سی این جی اور ایل پی جی کٹس لگی ہوئی نظر آئیں تو فوری طور پر اس کو اتار کر ضبط اور موقع پر ہی جرمانہ عائد کیا جائے گا جبکہ ضلع کے تمام سی این جی پمپس کسی بھی صورت میں پبلک ٹرانسپورٹ گاڑی میں سی این جی نہ بھریں اور اگر کوئی پمپ اس میں ملوث پایا گیا تو اسے موقع پر ہی جرمانہ اور سیل کیا جائے گا۔ انہوں نے تمام سی این جی پمپس کے مالکان کو ہدایت کی کہ وہ  اپنے پمپس پر ہائی کورٹ کے احکامات کے مطابق عملدرآمد کرائیں اور پبلک کے لیے ایک آگاہی بینر فوری لگائیں ، اس موقع پر انہوں نے تمام ٹرانسپورٹ مالکان کو ہدایت کی کہ وہ ہائی کورٹ کے احکامات کے مطابق اپنا دئیے گئے روٹس کے مطابق جاری کردہ سرکاری کرائے کی لسٹ کے مطابق وصول کریں اور اپنے روٹ پرمٹ اور کاغذات بھی گاڑی کے ساتھ رکھیں۔ اس موقع پر تمام ٹرانسپورٹ مالکان سے یہ حلفیہ بیان لیا گیا کہ وہ آئندہ کسی بھی پبلک ٹرانسپورٹ میں سی این جی کٹس استعمال نہیں کریں گے۔ اس موقع پر ایس ایس پی عمرکوٹ عثمان اعجاز باجوہ نے ٹرانسپورٹروں کو ہدایت کی کہ وہ اپنی چلائی جانے والی ٹرانسپورٹ کے ڈرائیوروں کو سختی سے ہدایت کریں کہ وہ گاڑی 65 اور 70 کے درمیان کی اسپیڈ سے زیادہ نہ چلائیں اور گاڑیوں کی چھتوں پر مسافروں کو ہرگز نا بیٹھائیں اور  اوور لوڈنگ نہ کریں ایسے لوگوں کے خلاف بھی سخت کارروائی ہو گی ، جبکہ ٹرانسپورٹوں کے نمائندوں نے زیادہ جرمانہ وصول کرنے کی شکایت کی۔ اس موقع پرڈپٹی کمشنر نے اسسٹنٹ کمشنر طاہر میمن کو ہدایت کی کہ وہ چلان کے جرمانے پر نظر ثانی کریں ، اس موقع پر اسسٹنٹ کمشنر نے بتایا کہ سندھ ہائی کورٹ کے احکامات کے مطابق ہر مہینے میں ضلع میں کئے جانے والے چلان سے متعلق ایڈیشنل رجسٹرار ہائی کورٹ کو رپورٹ بھیجی جاتی ہے۔ اجلاس میں چاروں تعلقوں کےاسسٹنٹ کمشنرز ، ڈی ایس پیز اور مختارکارز ، ٹرانسپورٹر غلام محمد مہر ، اکرام راجپوت ، ریاض ، میر سلیم ،تالپور برادرز اور دیگر نے شرکت کی ۔
تازہ ترین