• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

ایڈز سے بچاؤ کا عالمی دن، عوامی آگہی کیلئے کوئی پروگرام نہیں ہوسکا

کراچی (اسٹاف رپورٹر)کراچی میں ایچ آئی وی ایڈز کےہزاروں کیسز رجسٹرڈ ہونے کے باوجود صوبائی محکمہ صحت نے انسداد ایڈز کے عالمی دن پر شہر میں عوام کی آگہی کےلئے کوئی سیمینار، لیکچر،ورکشاپ ، واک یا پروگرام منعقد نہیں کیا۔ ایڈز کنٹرول پروگرام سندھ ہی کے فراہم کر دہ اعداد وشمار کے مطابق گزشتہ بیس سالوں کی دوران صوبے میں ایچ آئی وی کے10418جبکہ ایڈز کے 239کیسز سامنے آئے ہیں جن میں سے7698 کیسز کا تعلق کراچی ہے جو کل تعداد کا 70فیصد بنتاہے ۔ اعدادوشمار کے مطابق صرف رواں سال اب تک صوبے بھر میں 1362کیسز سامنے آچکے ہیں یہ وہ کیسز ہیں جو رپورٹ ہوئے ہیں رپورٹ نہ ہونے والے کیسز کی تعداد ہزاروں میں ہے ۔واضح رہے کہ دنیا کے دیگر ممالک میں پورا سال ایڈز سے بچاؤ کے مختلف اقدامات کیے جاتے ہیں اور عوام کو آگہی دی جاتی ہے لیکن سندھ میںصوبائی محکمہ صحت ایڈز سے بچاؤ کے عالمی دن پر صرف ایک سیمینار منعقد کرکے اپنی ذمہ داری سے سبکدوش ہو جاتاہے ۔ صوبائی محکمہ صحت کی عدم توجہ کے باعث سندھ ایڈز کنٹرول پروگرام بھی غیر فعال ہو گیا ہے ۔پروگرام کے تحت عوام کو ایچ آئی وی ایڈز سے آگاہی کے لئےتواتر کے ساتھ سیمینارزمنعقد کرائے جارہے ہیں نہ ہی آگہی کیمپس لگائےجار ہے ہیں جبکہ عوام میں اس حوالے سے پمفلیٹ بھی تقسیم نہیں کیے جارہےاورعوام میں اثر رسوخ رکھنے والے افراد ( علماء کرام ، اساتذہ ودیگر شعبہ جات کے معززافراد) کے ذریعے بھی عوام کو آگہی نہیں دی جارہی ۔مذید براں ہائی رسک پاپولیشن جیسے سرنج سے نشہ کرنے والے افراد، خواجہ سرا، میل وفیمیل سیکس ورکرز اور قیدیوں کو اس مرض سے روکنے کے لئے اوران کی آگہی کے لئے بھی خاطر خواہ اقدامات نہیں کیے جارہے ۔ ذرائع کے مطابق صوبے بھر میں ایچ آئی وی ایڈز کے علاج اور تشخیص کے مراکز بھی غیر فعال ہیں ۔
تازہ ترین