• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

حکومت پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں ظالمانہ اضافہ واپس لے،اپوزیشن رہنما

اسلام آباد(نمائندہ خصوصی )اپوزیشن رہنمائوں نے مطالبہ کیا ہے کہ  حکومت  پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں ظالمانہ اضافہ واپس لے ۔قائد حزب اختلاف سید خورشید احمد شاہ نے کہا ہے کہ پٹرول اور ڈیزل کی قیمتوں میں اضافہ عوام پر ظلم ہے اور ہم عوام پر یہ ظلم نہیں ہونے دیں گے۔ انہوں نے کہا عوام پر قرضوں اور ٹیکسوں کے ناقابل برداشت بوجھ لادنے کے بعد حکومت اب براہ راست عوام کی جیبیں بھی خالی کرنا چاہتی ہے۔  ایک بیان میں انہوں  نے کہا کہ اس طرح کی عوام دشمن پالیسیاں دیکھ کر حکومت کے یہ دعوے کہ مالیاتی ریزرو ملکی تاریخ کی بلند ترین سطح کو چھو رہے ہیں ایک بھونڈا مذاق لگتے ہیں۔   انہوں نے کہا کہ پیپلز پارٹی پٹرول اور ڈیزل کی قیمتوں میں ظالمانہ اضافہ کو کسی صورت قبول نہیں کرے گی۔  ملک پر جس رفتار سے قرضوں کا اور عوام پر مہنگائی کا بوجھ لادا جا رہا ہے اس کا انجام خطرناک ہوگا۔انہوں نے کہا کہ حکومت مصنوعی اعداد و شمار سے عوام کو دھوکہ نہ دے اور انہیں حقیقی ریلیف مہیا کرے اور پٹرول اور ڈیزل کی قیمتوں میں بے جا اور ظالمانہ اضافہ فوری واپس لے۔ پیپلزپارٹی کے رہنما سینیٹرسعید غنی نے  کہا ہے  کہ حکومت نے قیمتیں کم کرنے کی بجائے اضافہ کرکے عوام دشمنی کا ثبوت دیا ہے۔  انہوں نے کہا کہ پٹرول کی قیمتیں بڑھنے سے مہنگائی کا طوفان آئے گا، عوام جو نواز حکومت کی غلط پالیسیوں کی وجہ سے مہنگائی، بیروزگاری اور معاشی بدحالی کا شکارہو رہے ہیں مزید مشکلات کا سامنا کریں گے۔ ایک بیان میں تحریک انصاف کے رہنما اور رکن قومی اسمبلی اسد عمر نے کہا  کہ حکومت کا ایک ہاتھ غریب عوام کی جیب میں اور دوسرا طاقتور اشرافیہ کے سر پر ہے ، حکومت غریبوں کو لوٹنے اور امیروں کی سرپرستی کرنے کی پالیسی پر کاربند ہے۔ انہوں نے کہا کہ حکومت ایک ہی سانس میں پٹرول مہنگا کرنے اور جائیداد کی خریدوفروخت پر ٹیکسوں میں چھوٹ کا اعلان کرتی ہے ، وہ  غریبوں کو تو دوروپے سستا تیل بھی نہیں دے سکتی مگر کروڑں کی جائیدادیں خریدنے والوں کو لاکھوں کی چھوٹ دے سکتی ہے۔  اسد عمر نے کہا کہ جن اداروں کا کام عوام کے مفادات کا تحفظ تھا انہیں نون لیگ نے کرپشن کی ”گولی“ دے کے سلا رکھا ہے ، نون لیگ کا مقصد ہے کہ خود بھی بوریاں بھر بھر پیسہ باہر بھیجو اور شہریوں کو بھی اس کی تلقین کرو۔
تازہ ترین