• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

ایشیائی اسمبلی، مسئلہ کشمیر اقوام متحدہ کی قراردادوں کیمطابق حل کرنیکا اعلامیہ منظور

اسلام آباد (نمائندہ خصوصی ) پاکستان کی بھرپور کوششوں کے باعث ایشیائی پارلیمانی اسمبلی کے نویں سالانہ اجلاس کے اختتامی روز مسئلہ کشمیر اقوام متحدہ کی قراردادوں کے مطابق حل کرنے کا اعلامیہ منظور کر لیا گیا ۔ایشیائی پارلیمان کے خدوخال بنانے  کیلئے خصوصی کمیٹی کی سربراہی بھی پاکستان کے سپرد کر دی گئی ۔ ایشیائی پارلیمانی اسمبلی کے نویں سالانہ اجلاس میں متفقہ طور پر اعلامیہ منظور کر لیا گیا ، جس میں رکن ممالک نے ایشیاء میں دیر پا امن ، سلامتی و استحکام کو فروغ دینے کیلئےمسئلہ کشمیر سمیت دیگر تنازعات کو اقوام متحدہ کے چارٹر ، بین الاقوامی قوانین اور سیکیورٹی کونسل کی قرار دادوں کے مطابق حل کرنے کا عزم ظاہر کیا ہے ۔اعلامیہ جو کہ متفقہ طور پر منظور کیا گیا جس پر افغانستان ، بحرین، بنگلہ دیش، بھوٹان، کمبوڈیا، چین ، قبرص، جنوبی کوریا ،انڈونیشیاء ، ایران، عراق،اردن،کویت،لائوس،لبنان،پاکستان،فلسطین ،روس،سعودی عرب،تھائی لینڈ، ترکی،متحدہ عرب امارات اور ویت نام نے دستخط کیے۔ رکن ممالک نے ایشیاء کے مختلف حصوں میں بڑھتی ہوئی کشیدگی خاص طور پر دہشت گردی کے خطرات اور تنازعات کے باعث متاثر ہونے والے لوگوں خا ص طو ر خواتین اور بچوں کو جنگ سے متاثر علاقوں میں درپیش مشکلات پر تشویش کا اظہار کیا ہے ۔ اعلامیے میں عالمی امن ، سلامتی ، استحکام اور ترقی کی اہمیت پر زوردیا گیا ۔ اعلامیے میں اس بات پر زور دیا گیا کہ اے پی اے اور دوسرے سٹیک ہولڈر ز افغانستان میں جاری امن عمل کی حمایت کرتے ہیں ۔رکن ممالک نے ترقی یافتہ دنیا پر زور دیا کہ وہ  ترقی پذیر ممالک  کو مناسب ٹیکنالوجی اور فنڈ مہیا کرنے کے حوالے سے اپنے وعدوں کو پورا کریں ۔ پاکستانی وفد جس کی قیادت چیئرمین سینیٹ میاں رضاربانی نے  کی  نے  اعلامیہ کو منظور کروانے میں بھر پور حصہ لیا اور پاکستان کا موقف موثر انداز میں پیش کیا  ۔ قبل  ازیں چیئرمین سینیٹ میاں رضاربانی نے ایشیاء میں امن اور پائیدار ترقی کے فروغ کے حوالے سے ہونے والے مباحثے کی صدارت کی۔
تازہ ترین