• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

ن لیگ نے عمران سے کرپشن ، فلیٹس خریدنے سمیت 6الزامات کے ثبوت مانگ لیے

اسلام آباد ،لاہور( کامرس رپور ٹر ،نمائندہ جنگ) مسلم لیگ ن نے تحریک انصاف کے سربراہ عمران خان سے کرپشن ، منی لانڈرنگ ، قرضے معاف کرانے اور فلیٹس خریدنے سمیت 6 الزامات کے ثبوت مانگ لیے، وزیرتجارت خرم دستگیراور وفاقی پارلیمانی سیکرٹری اطلاعات محسن شاہ نوازرانجھا نے کہا ہے کہ عمران خان نے شریف فیملی کے خلاف منی لانڈرنگ‘ اثاثے چھپانے اور کرپشن سمیت 6جھوٹے الزامات لگائے لیکن عدالت عظمی میں اب تک کوئی ثبوت پیش نہیں کرسکے‘ عمران خان الزامات سے باہر نکل کر سچ بولناسیکھیں‘ عدالتی کارروائی کو توڑ مروڑ کر پیش کرنے اور مسلسل جھوٹ بولنے پرعمران خان صادق اور امین نہیں رہے‘ یہ سب عدالت عظمی کے سامنے رکھیں گے‘ جمعرات کو  پریس کانفرنس سے خطاب کرتےہوئےخرم دستگیر  نے کہا کہ عمران خان  نے جھوٹے الزامات لگائے، جھوٹے الزامات پر کوئی پوچھنے یا سرزنش کرنے والا بھی نہیں ‘گزشتہ روز پانامہ لیکس کی سپریم کورٹ میں سماعت ہوئی لیکن عدالتی فیصلے کا انتظار کئے بغیر پی ٹی آئی والوں نے اپنی ہی داخل کرائی گئی تین کتابوں پر مشتمل ثبوتوں کو ردی قرار دیدیا اور وزیراعظم اور ان کے بچوں کی داخل کرائی گئی دستاویزات پر دلائل دیئے گئے۔ انہوں نے کہا کہ عمران خان نے عوام کو گمراہ کیا‘ قوم کے سامنے جھوٹ بولا اور پھر انہی جھوٹے الزامات کی بنیاد پر جمہوریت پر حملہ آور ہوئے‘  انہوں نے کہا کہ ہمیں تو یہ نظر آرہا ہے کہ نواز شریف کے خاندان اور ان کے مرحوم والد کا ٹرائل ہورہا ہے۔ جبکہ محسن شاہ نواز رانجھا نے کہا کہ  فیصلہ ہمیشہ پورا مقدمہ چلنے کے بعد ہوتا ہے‘ عدالت عظمی میں سیاسی بنیادوں پر فیصلے نہیں ہوتے۔ انہوں نے کہا کہ عمران خان کے پہلے وکیل مقدمہ کمزور ہونے کی وجہ سے پیچھے ہٹ گئے ہیں۔ عمران جھوٹ پر جھوٹ بول کر ایسا سمجھ بیٹھے ہیں کہ شاہد ان کا جھوٹ ہی سچ ہے ‘ اسی لئے عمران خان عدالت عظمی کی سماعت کے بعد فیصلہ سناتے نظر آتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اس سے بڑی ناکامی کیا ہوگی کہ پی ٹی آئی کے وکلاء اپنے ثبوت پیش کرنے کی بجائے وزیراعظم اور ان کے بچوں کی جانب سے جمع کرائی گئی دستاویزات پر اپنے کیس کا دفاع کررہے ہیں۔ خرم دستگیر  نے کہا کہ عمران کے تمام الزامات سیاسی کھیل کا حصہ ہیں ،  عدالت میں ہم بھی اتنے ہی جواب دہ ہیں جتنا کوئی دوسرا ہے ، ایک پارٹی اپنی زبان اور عمل سے حملہ آور ہو رہی ہے قوم جانا چاہتی ہے کہ کرپشن کے الزامات کے ثبوت کہاں ہیں ۔جبکہ صوبائی وزیر قانون رانا ثنا ء اللہ نے میڈیاسے گفتگومیںکہا کہ پاناما لیکس پاجامہ لیکس بن چکی ہے۔عمران خان کی جگہ کوئی اور ہوتا تو شرم سے ڈوب مرتا ۔ پنڈی کے شیخ حکومت کے جانے کی بار بار تاریخ دے کر قوم کو گمراہ کرتے رہے ، انکی ایک بھی پیشنگوئی پو ر ی نہیں ہوئی ، انہیں بھی شرم سے ڈوب مرنا چاہیے ،اگر چیئرمین پیمرا نے غلط کیا ہے تو چینلز کو عدالت جانا چاہیے ۔انہوں نے کہا کہ عمران خان نے خود فرمایا ہے کہ کیس ختم ہو گیا ہے ،جو لوگ کہتے تھے کہ ہمارے پاس ثبوت ہیں اور ثبوت لہراتے تھے اب عدالت میں لے کر کیوں نہیں جاتے ؟ انہوں نے کہا کہ ہم نے پنجاب میں اگر مثالی نہیں تو بہتر کا رکر دگی ضرور دکھائی ہے ، سپریم کورٹ نے مردم شماری کی تاریخ 15مارچ دی ہے ، اس پر عمل کیا جا ئے گا۔  
تازہ ترین