• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

صفائی مہم کا آغاز سیاست سے بالا تر ہوکر کیا ہے ،فاروق ستار

کراچی ( اسٹاف رپورٹر)متحدہ قومی موومنٹ (پاکستان ) کے کنوینر ڈاکٹر فاروق ستار نے کہا ہے کہ ’’سو روزہ ہمارا کراچی صفائی مہم پروگرام ‘‘ کا آغاز سیاست سے بالا تر ہوکر کیا ہے ،کراچی کی آبادی ڈھائی کروڑ سے زائد ہے اورشہر کو اس کے حصے کے مطابق وسائل دینا وقت کی ضرورت ہے ورنہ ایسا نہ ہو کہ کل کراچی کے عوام بنیادی سہولتوں سے محرومی پر احتجاج پر مجبور ہوں ،سندھ حکومت میئر کراچی وسیم اختر کے اختیارات کو محدود کرکے بلدیہ عظمیٰ کراچی کے وسائل پر قابض ہوچکی ہے ،صفائی کے سو دن مکمل ہوتے ہی کراچی میں اسپورٹس پروگرامز اور سٹی اولمپکس کا انعقاد کریں گے، آئین کا آرٹیکل 140-A کہتا ہے کہ صوبائی حکومت بلدیاتی حکومت کو مکمل اختیارات دینے اور ترقیاتی کاموں کیلئے فنڈز جاری کرنے کی پابند ہے،ان خیالات کااظہار انہوں نے ایم کیوایم (پاکستان) کے تحت ’’سو روزہ ہمارا کراچی صفائی پروگرام ‘‘ کے پہلے روز بلدیہ شرقی کے علاقے صہبا اختر روڈ گلشن اقبال اور اللہ والی چورنگی شاہراہ قائدین پر جھاڑو لگا کر صفائی مہم کاباقاعدہ طور پر افتتاح کرنے کے بعدمیڈیا کے نمائندگان سے گفتگو کرتے ہوئے کیا ،ڈاکٹر فاروق ستار نے کہا کہ آج ایم کیوایم پاکستان کے ذمہ داران اور میئر کراچی اور ان کی بلدیاتی ٹیم نے شہر کی صفائی کا بیڑا اٹھایا ہے ، ہماری یہ سو روزہ صفائی مہم آج سے کک اسٹارٹ ہوئی ہے ، آج سے کراچی کی تعمیر کا نئے سرے سے آغاز کررہے ہیں ، کراچی کو صاف ستھرا اور بین الاقوامی شہر بنانے کیلئے عوام میں جوش و خروش پایا جارہا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ سو روزہ صفائی مہم مکمل ہونے کے بعد مجھے امید ہے کہ شہر میں عوام کو بلدیاتی سہولتیں میسر آئیں گی، صفائی مہم سے لوگوں کا معیار زندگی بلند ہوگا ، محلوں سے کچرا اٹھایاجائے گا ،سٹرکوں کی استر کاری کی جائے گی ، پارکوں کو سر سبز و شاداب بنایاجائے گا اور انہیں ایک ماڈل پارک کی شکل دی جائے گی ۔
تازہ ترین