• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

حکومت ملک میں مردم شماری کےمسئلہ کو اہمیت دینے کیلئے تیار نہیں

کراچی (ٹی وی رپورٹ)جیو کے پروگرام ”آج شاہزیب خانزادہ کے ساتھ“ میں تجزیہ کرتے ہوئےمیزبان شاہزیب خانزادہ نے کہا کہ کراچی کی سیاست میں وہ مثبت کام ہورہا ہے جو سوچا نہیں جاسکتا تھا، کراچی کے مسائل حل کرنے کیلئے بدترین سیاسی مخالفین بھی متفق نظر آرہے ہیں، میئر کراچی کو اختیارات دلوانے کیلئے تمام سیاسی جماعتیں ان کے پیچھے کھڑی ہوگئی ہیں، دوسری طرف ایم کیو ایم لندن نے بھی ایم کیو ایم پاکستان سے تمام تر اختلافات کے باوجود میئر کراچی وسیم اختر کیلئے مشروط سپورٹ کی پیشکش کردی ہے، ندیم نصرت نے اپنے پیغام میں کہا ہے کہ متحدہ کے بانی نے عوام سے اپیل کی ہے کہ میئر کراچی کو کام کرنے دیا جائے لیکن ساتھ ہی یہ بھی کہا کہ وسیم اختر مستعفی نہ ہونے والے اراکین اسمبلی کو ساتھ لے کر نہ چلیں۔ شاہزیب خانزادہ نے تجزیے میں مزید کہا کہ ڈاکٹر عمران فاروق مرحوم کی بیوی اور بچے ان کی موت کے بعد مشکلات بھگت رہے ہیں، یہ خبر سامنے آئی ہے کہ عمران فاروق کی بیوہ شمائلہ عمران فاروق کی حالت تشویشناک ہے، وہ لندن کے مقامی اسپتال کے انتہائی نگہداشت یونٹ میں داخل ہیں، اس وقت ان کے بچوں کی دیکھ بھال کرنے کو کوئی تیار نہیں ہے، برطانوی قانون کے مطابق اس صورتحال میں ان کے بچے ماں سے لے کر کسی کے حوالے کیے جاسکتے ہیں، شمائلہ فاروق کو پہلی بار صحت کے حوالے سے مسائل کا سامنا نہیں ہوا، وہ اپنے شوہر کے قتل کے بعد سے صدمے میں رہیں، بیماری کے سبب وہ اچانک بیہوش ہوجاتی ہیں، شمائلہ فاروق نے اسپتال سے درخواست کی تھی کہ ان کے آپریشن میں تاخیر کردی جائے تاکہ وہ اپنے بچوں کی دیکھ بھال کیلئے کسی کو تلاش کرسکیں۔ شاہزیب خانزادہ کا کہنا تھا کہ برطانیہ میں شمائلہ فاروق کا کوئی رشتہ دار نہیں ہے لیکن وہ ایم کیو ایم لندن کی قیادت کے گھر سے چند قدم کے فاصلے پر رہتی ہیں، اطلاعات ہیں انہوں نے اپنے بچوں کی تین ہفتے تک دیکھ بھال کیلئے ایم کیو ایم لندن کی قیادت سے رابطہ کیا تھا لیکن وہاں سے انہیں مثبت جواب نہیں ملا، مقامی حکومت نے ان کے بچوں کی دیکھ بھال سماجی ادارے کے ذمے دیدی ہے۔شاہزیب خانزادہ نے کہا کہ حکومت ملک میں مردم شماری کے اہم مسئلہ کو اہمیت دینے کیلئے تیار نہیں ہے، سپریم کورٹ بار بار اس اہم مسئلہ کی نشاندہی کررہی ہے لیکن حکومت نہیں مان رہی، سپریم کورٹ نے اب حکومت سے سات دنوں میں مردم شماری کی تاریخ طلب کرلی ہے، عدالت نے خبردار کیا ہے اگر تاریخ نہ دی گئی تو وزیراعظم کو طلب کر کے ان سے وضاحت لی جائے گی۔شاہزیب خانزادہ نے کہا کہ بروقت مردم شماری نہ ہونے کی وجہ سے بجٹ سے لے کر وسائل کی تقسیم اور سیاست تک سب کچھ اندازوں کے مطابق ہورہا ہے، مردم شماری کا اہم آئینی تقاضہ اور ضرورت سیاست کی نذر ہوتی دکھائی دے رہی ہے۔ شاہزیب خانزادہ نے تجزیے میں مزید کہا کہ وزیراعظم نواز شریف اور امریکی نومنتخب صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے درمیان ٹیلیفون پر ہونے والی بات چیت میں استعمال ہونے والے جملوں نے پوری دنیا کو حیران کردیا ہے، امریکی میڈیا کو یقین نہیں آرہا کہ ڈونلڈ ٹرمپ نے یہ جملے پاکستان، پاکستانیوں اور وزیراعظم پاکستان کیلئے استعما ل کیے ، اس کے ساتھ یہ بھی کہا جارہا ہے اس قسم کی ٹیلیفون کالز کو اس طرح جاری نہیں کیا جاتا جس طرح پاکستان کی وزارت عظمیٰ کی طرف سے کیا گیا۔ شاہزیب خانزادہ نے بتایا کہ صف اول کے امریکی اخبار واشنگٹن پوسٹ نے سوال اٹھایا ہے کہ پاکستانی وزیراعظم ہاؤس سے جاری پریس ریلیز زیادہ تر ٹرمپ کی گفتگو پر مشتمل ہے جو انوکھی بات ہے، امریکی نشریاتی ادارے سی این این نے پاکستانی وزیراعظم آفس کی جانب سے جاری پریس ریلیز پر شک کا اظہار کیا اور مندرجات کی تصدیق کیلئے ڈونلڈ ٹرمپ کی ٹیم سے بھی رابطہ کیالیکن ٹرمپ کی ٹیم نے اس کا جواب نہیں دیا، مشہور برطانوی جریدے انڈیپینڈنٹ نے طنزیہ انداز میں لکھا کہ ڈونلڈ ٹرمپ کبھی پاکستانی وزیراعظم نواز شریف سے ملے نہیں لیکن وہ جانتے ہیں نواز شریف بہت اچھی شہرت کے حامل ہیں اور انہیں شاندار شخص قرار دے رہے ہیں، ٹائم میگزین نے شہ سرخی لگائی کہ ڈونلڈ ٹرمپ کی پاکستانی لیڈر سے بات چیت عجیب اور لاپرواہی ہے اور ڈونلڈ ٹرمپ کے اس بیان کے سنگین علاقائی اور عالمی نتائج ہوسکتے ہیں۔میزبان نےتجزیہ پیش کرتے ہوئے مزید کہا کہ پنجاب اسمبلی کے حلقہ پی پی 78جھنگ پر ضمنی انتخاب کے نتیجہ کے بعد بلاول بھٹو نے سوشل میڈیا پر سخت پیغام دیا ہے کہ نیشنل ایکشن پلان ٹکڑے ٹکڑے ہوگیا ہے، اس ضمنی انتخاب میں غیرسرکاری اور غیرحتمی نتیجے کے مطابق کالعدم اہلسنت و الجماعت کے حمایت یافتہ آزاد امیدوار مولانا مسرور نواز جھنگوی کامیاب ہوگئے ہیں، مولانا مسرور نواز جھنگوی کالعدم سپاہ صحابہ کے بانی امیر مولانا حق نواز جھنگوی کے بیٹے ہیں، یہ اہم بات ہے کہ کالعدم اہلسنت و الجماعت پورے الیکشن میں مولانا مسرور نواز جھنگوی کی انتخابی مہم چلاتی رہی، اگر کوئی آزاد امیدوار جس کی انتخابی مہم کوئی کالعدم جماعت چلارہی ہو تو ہمارے قانونی معاملات اسے الیکشن لڑنے کی اجازت دیدیتے ہیں۔ میئر کراچی وسیم اختر نے پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ہم کریڈٹ لینا نہیں کراچی کے مسائل حل کرنا چاہتے ہیں ۔ وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ سے ملاقات میں کراچی کے مسائل ان کے سامنے رکھ چکا ہوں، وزیراعلیٰ سندھ نے رکاوٹوں پر قابو پانے کیلئے ساتھ دینے کی یقین دہانی کروائی ہے، مراد علی شاہ کے علم میں ہے بلدیاتی نمائندوں کو کیا اختیارات ملنے چاہئیں، کراچی میں کام کیلئے سو دن کا وقت سوچ سمجھ کر رکھا ہے، اگراختیارات ہوتے توکوئی مسئلہ ہی نہیں ہوتا، ہم نے کارکردگی نہیں دکھائی تو ہمیں سیاسی نقصان ہوسکتا ہے، ہمارے پاس باصلاحیت ٹیم اور کام کرنے کا جذبہ ہے۔ انہوں نے کہا کہ کراچی کے مسائل حل کرنے کیلئے دیگر سیاسی جماعتیں بھی ہمارا ساتھ دینے کیلئے تیار ہیں، میری کوشش ہے اسلام آباد جاکر کچھ لوگوں سے ملاقات کروں، مجھے یقین ہے وزیراعظم کراچی کو ایک بڑا پیکیج دیں گے، سندھ حکومت پر پورا ملک بیڈ گورننس کیلئے انگلیاں اٹھارہا ہے، ہم کراچی میں کام کریں گے تو حکومت سندھ کی کامیابی ہوگی، ہم کریڈٹ لینا نہیں کراچی کے مسائل حل کرنا چاہتے ہیں۔ وسیم اختر کا کہنا تھا کہ کراچی کے مینڈیٹ کو میں اچھی طرح جانتا ہوں، پاک سرزمین پارٹی کو سیاسی جماعت نہیں سمجھتا ہوں اس لئے ان کے پاس نہیں جاؤں گا، میں سیاسی جماعتوں اور منتخب لوگوں کے پاس جارہا ہوں، مسلم لیگ ن، پیپلز پارٹی اور جمعیت علمائے اسلام (ف) کے پاس بھی جاؤں گا۔وسیم اختر نے کہا کہ میرا تعلق ایم کیو ایم پاکستان سے ہے ، میں ایم کیو ایم پاکستان کی ہی پالیسی لے کر آگے چلوں گا، اگر کوئی سمجھتا ہے میں اس کی ہدایات پر چلوں گا تو وہ غلطی پر ہے، ہم منتخب لوگ ہیں ہمیں کام کرنے دیا جائے، ایم کیو ایم کے ارکان پارلیمان منتخب لوگ ہیں جو پاکستان میں رہتے ہیں، کراچی کی بہتری کیلئے ایم کیو ایم کے اراکین اسمبلی میرے ساتھ ہوں گے مجھے ان کی ضرورت ہے، جو آٹھ دس غنڈے ماحول خراب کرتے ہیں عوام ان کی شکلیں دیکھ رہی ہے کہ کون ہمیں کراچی کا کام کرنے سے روک رہا ہے۔جھنگ سے تعلق رکھنے والے ن لیگ کے رہنما شیخ وقاص اکرم نے کہا کہ پیپلز پارٹی کو کہا تھا جس طرح کراچی میں اورنگزیب فاروقی کو ہرانے کیلئے ایم کیو ایم کے حق میں اپنا امیدوار بٹھایا تھا یہاں جھنگ میں کالعدم اہلسنت و الجماعت کے امیدوار کو شکست دینے کیلئے بھی اپناامیدواردستبردار کروالیں تو یہ کوئی منفی بات نہیں ہے مگر انہوں نے بات نہیں مانی، محمد احمد لدھیانوی اسلام آباد میں ریلی کررہے تھے تو وزیرداخلہ کو انہیں گرفتار کروا دینا چاہئے تھا۔ شیخ وقاص اکرم نے کہا کہ ن لیگ نے جھنگ میں انتخاب اپنی پوری قوت کے ساتھ لڑا ہے۔نمائندہ جیو نیوز مرتضیٰ علی شاہ نے کہا کہ عمران فاروق کی بیوہ اس وقت اسپتال میں انتہائی نگہداشت یونٹ میں داخل ہیں، شمائلہ فاروق اپنے بچوں کو اسکول سے لینے گئیں تو بیہوش ہوکر گرپڑیں جس سے انہیں تین جگہوں پر شدید چوٹیں آئی ہیں، ڈاکٹرز نے شمائلہ فاروق کے آپریشن کا فیصلہ کیا ہے، شمائلہ عمران فاروق تین ہفتوں تک اسپتال میں زیرعلاج رہیں گی،شمائلہ عمران فاروق اور سماجی کارکنوں نے ان کے بچوں کی دیکھ بھال کیلئے ایم کیو ایم لندن سے بھی رابطہ کیا لیکن کوئی مثبت جواب نہیں ملا، عمران فاروق کے بچوں کو اب مقامی کونسل نے اپنی حفاظت میں لے لیا ہے۔ 
تازہ ترین