• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

پاکستان اور چین میں ریل اور سمندر کے ذریعے پہلی فریٹ سروس کا آغاز

بیجنگ (جنگ نیوز) پاکستان اور چین نے ریل اور سمندر کے ذریعے پہلی فریٹ سروس کا آغاز کردیا ہے جس کے تحت پہلی مال بردار ٹرین چین کے صوبہ یوننان کے دارالحکومت سے روانہ ہو گئی ہے۔ چینی خبر رساں ادارے شن ہوا کی رپورٹ کے مطابق 500؍ ٹن کی مختلف اشیاء لے کر یہ خصوصی مال گاڑی چین کے جنوب مغربی صوبے یوننان کے شہر کونمینگ سے گزشتہ روز گوانگزو کے لیے روانہ ہوئی، جہاں سے سامان سمندری راستے سے پاکستان کے سب سے بڑے شہر کراچی بھیجا جائے گا۔ اس روٹ کے قیام سے اخراجات 50؍ فیصد تک کم ہوں گے۔ چینی خبر رساں ادارے کے مطابق فریٹ سروس شروع ہونے سے چین کے مقامی صنعت کاروں کو اپنی اشیاء عالمی مارکیٹ تک پہنچانے میں مدد ملے گی۔ پاکستان اور چین کے درمیان اقتصادی راہداری کا قیام بھی عمل میں لایا جا رہا ہے جس کے تحت چین سے رواں سال اکتوبر میں 100؍ سے زائد مال بردار کنٹینر پاکستان روانہ ہوئے تھے، جو ہنزا کے راستے 12 نومبر کو گوادر پہنچے تھے۔ پہلے مال بردار قافلے کے پہنچنے کے بعد گزشتہ ماہ 13 نومبر کو سی پیک کے تحت گوادر پورٹ کا افتتاح کیا گیا تھا، افتتاحی تقریب میں سابق آرمی چیف جنرل راحیل شریف، وزیر اعلیٰ بلوچستان، مختلف ممالک کے سفیروں اورمختلف وفاقی وزراء نے شرکت کی تھی۔ چین سے آنے والا پہلا 100؍ کنٹینر کا قافلا سب سے پہلے سوست ڈرائی پورٹ پر رکا تھا، جہاں سے کسٹم کلیئرنس کے بعد قافلہ ہنزا کے راستے گوادر پہنچا۔ گوادر پورٹ سے ہی بنگلہ دیش، سری لنکا اور متحدہ عرب امارات کے لیے بحری تجارتی جہاز سفر کریں گے۔
تازہ ترین