• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

نواز شریف اور ڈونلڈ ٹرمپ میں ٹیلیفونک گفتگو، امریکی ذرائع ابلاغ نے نمک مرچ لگا کر پیش کیا، طنزیہ ریمارکس کیساتھ خبر چلائی

واشنگٹن ( رپورٹ/ وسیم عباسی ) وزیر اعظم نواز شریف اور امریکا کے نو منتخب صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی ٹیلیفونک گفتگو امریکی اور بین الاقوامی میڈیا میں توجہ کا مرکز بنی جنہوں نے اسے نمک مرچ لگا کر پیش کیا۔ سی این این اور واشنگٹن پوسٹ نے اس پر پاکستانی حکام کی جانب سے جاری بیان کو غیر معمولی اور سفارتی آداب کی خلاف ورزی قرار دیا جبکہ کچھ دیگر نے طنزیہ ریمارکس اور تبصروں کے ساتھ خبر چلائی۔ سی این این نے کہا کہ وزیراعظم کے دفتر نے ڈونلڈ ٹرمپ کے حوالے سے بیان براہ راست چلایا جس میں انہوں نے شاندار الفاظ میں وزیراعظم کی تعریف کی جو سفارتی آداب کی خلاف ورزی ہے ۔ عالمی رہنمائوں کے درمیان ٹیلی فونک گفتگو پر عموماً مختصر بیانات جاری کئے جاتے ہیں تا کہ انہیں کسی ممکنہ منفی ردعمل سے محفوظ رکھا جائے۔ سی این این کے سیاسی تجزیہ کار ڈیوڈ گرگن جو چار امریکی صدور کے مشیر بھی رہے ان کا کہنا ہے کہ کوئی بھی صدر کسی غیر ملکی رہنما کیلئے اس قدر والہانہ جذبات کا اظہار نہیں کرتاجیسا کہ ڈونلڈ ٹرمپ کے حوالے سےکیاگیا۔ انہوں نے کہا پاکستان کے ساتھ امریکا کے تعلقات انتہائی حساس اور مشکل لیکن انتہائی اہم ہیں۔واشنگٹن پوسٹ کے مطابق جو ’’ ریڈ آئوٹ ‘‘ جاری کیا گیا  ، وہ غیر معمولی ہے جس میں تمام تر توجہ اور ذکر ڈونلڈ ٹرمپ کی گفتگو کے حوالے سے ہے ۔ اخبار نے ڈونلڈ ٹرمپ کے گزشتہ ٹوئیٹس کا بھی حوالہ دیا جس میں وہ پاکستان کے نقاد رہے ۔ انتخابات سے قبل ان کی ہندوئوں کے ایک اجتماع سے خطاب کا بھی حوالہ دیا گیا جس میں انہوں نے بھارت کی کھل کر تعریف کی ۔ ٹائم کی ویب سائٹ پر سرخی لگائی گئی ’’ ڈونلڈ ٹرمپ اور پاکستان کے وزیراعظم میں ٹرمپئسٹ فون کال‘‘ امریکی نیوز ویب سائٹ وی او ایکس نے بیان کو حیران کن قرار دیا  جس کے  مطابق یہ بات سمجھ سے بالاتر ہے کہ کوئی پاکستانی بیورو کریٹ ٹرمپ کے نام سے  سطور اس طرح ترتیب دے گا کہ ’’ پاکستانی انتہائی انٹلی جنٹ لوگ ہیں ‘‘۔ یہ بات بھی قابل ذکر ہے کہ ان انتہائی انٹیلی جنٹ لوگوں کو ٹرمپ کے ’’ مسلم بین ‘‘ کے تحت امریکا میں داخلے سے روک دیا جائے گا ۔مبصرین کاکہنا ہے کہ میڈیا ٹرمپ کے خلاف ہے اس لئے وہ ایسی باتوں کو بڑھا چڑھا کر پیش کرتا ہے  ۔ جنگ نیوز کے مطابق نوازشریف اور ڈونلڈ ٹرمپ کی ٹیلیفونک گفتگو کوغیر ملکی میڈیا نے نمایاں کوریج دیتے ہوئے وزیر اعظم کے دفتر سے جاری پریس ریلیز پر اظہار حیرت کیاہے۔برطانوی ذرائع ابلاغ انڈی پینڈنٹ نے کہا کہ اگر پریس ریلیز حقیقت پر مبنی ہے تو پھر یہ ڈونلڈ ٹرمپ اور نواز شریف کے درمیان ایک خوبصورت دوستی کا آغاز ہے۔
تازہ ترین