• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

آئوٹ آف ٹرن پروموشن سے حقدار متاثر ہوتا ہے،چیف جسٹس

اسلام آباد (نمائندہ جنگ) چیف جسٹس آف پاکستان جسٹس انور ظہیر جمالی نے شولڈر پروموشن کیس کی سماعت کے دوران ریمارکس دیئے ہیں آئوٹ آف ٹرن پروموشن سے حق داروں کا حق متاثر ہوتا ہے‘ جبکہ جسٹس امیر ہانی مسلم نے ریمارکس دیئے ہیں کہ سندھ میں حالات کی ابتری جیسا حال پنجاب میں بھی ہے، پنجاب میں ایسے سیکڑوں پولیس اہلکار موجود ہیں جنہوں نے ہزاروں ٹن چرس پکڑی ہے لیکن انہیں آئوٹ آف ٹرن پروموشن نہیں دی گئی۔ آئوٹ آف ٹرن پروموشن سے شفافیت متاثر ہوتی ہے۔ چیف جسٹس انور ظہیر جمالی کی سربراہی میں قائم پانچ رکنی لارجر بنچ نے شولڈر پروموشن کے حامل پنجاب پولیس کے افسران کی سپریم کورٹ کے ایک حالیہ فیصلہ کی وجہ سے تنزلیوں کے خلاف دائر نظر ثانی کی درخواستوں کی سماعت کی تو جسٹس اعجاز الاحسن نے ریمارکس دیئے کہ قانون میں آئوٹ آف ٹرن پروموشن کا کوئی تصور نہیں ہے‘ جو قانون سندھ کیلئے ہے وہی قانون پنجاب کیلئے بھی ہے۔ جسٹس امیر ہانی مسلم نے کہا کہ عدالت نے کسی قانون کو کالعدم قرار نہیں دیا ہے بلکہ آئوٹ آف ٹرن پروموشن کو غیر قانونی قرار دیا گیا ہے۔ سندھ میں حالات کی ابتری جیسا حال پنجاب میں بھی ہے‘ پنجاب میں ایسے سیکڑوں پولیس والے ہیں جنہوں نے ہزاروں ٹن چرس پکڑی لیکن ایسے پولیس اہلکاروں کو آئوٹ آف ٹرن پروموشن نہیں دی گئی۔ آئوٹ آف ٹرن پروموشن سے شفافیت متاثر ہوتی ہے۔ چیف جسٹس نے ریمارکس دیئے کہ آئوٹ آف ٹرن پروموشن سے حق داروں کا حق متاثر ہوتا ہے۔ بعدازاں کیس کی سماعت 8دسمبر تک ملتوی کردی گئی۔
تازہ ترین