• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

مسئلہ کشمیر ، ٹرمپ کی مصالحتی پیشکش کا خیرمقدم کرتے ہیں ، دفتر خارجہ

اسلام آباد (نما ئند ہ جنگ) پاکستان نے نو منتخب امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی جانب سے مسئلہ کشمیر پر مصالحتی کردار ادا کرنے کی پیشکش کا خیرمقدم کرتے ہوئے کہا ہے کہ یہ پیشکش پا کستان کے اس موقف کی تائید ہے کہ کشمیر کے مسئلے پر بات چیت کی جائے،  بھارت کے شہر میں ہارٹ آف ایشیا کانفرنس کے حوالے سے سوالوں کے جواب میں  ترجمان کا کہنا تھا کہ سارک سربراہی کانفرنس کے انعقاد کے ضمن میں بھارت کے منفی طرز عمل کے باوجود پاکستان نے  ہارٹ آف ایشیاکانفرنس میں شرکت کا فیصلہ کیا ہے اور یہ فیصلہ خطے میں امن کے قیام کے مقاصد کو آگے بڑھانے کیلئے  کیا ہے، وزیراعظم نواز شریف کی جانب سے امریکی نامزد صدر کو کیا جانے والا فون جذبہ خیرسگالی کے تحت معمول کا حصہ تھا ۔وزیراعظم نے ڈونلڈ ٹرمپ کو انتخابات کی کامیابی پر مبارکباد دی تھی۔ بھارت کی جانب سے پاکستان میں ہونے والی سارک سربراہی کانفرنس کو سبوتاژ کیا گیا لیکن پاکستان ایک ذمہ دار ملک کی حیثیت سے بھارت میں ہونے والی ہارٹ آف ایشیا کانفرنس میں شرکت کرے گا۔جمعرات کو اسلام آباد میں اپنی ہفتہ وار پریس بریفنگ میں دفترخارجہ کے ترجمان نفیس زکریا نے کہا کہ بھارت مقبوضہ کشمیر میں ظلم وستم جاری رکھے ہوئے ہے عالمی برادری کو اس صورت حال کا نوٹس لینا چاہئے۔ میڈیا کی جانب سے کئے گئے سوالوں کے جواب میں ترجمان نے کہا کہ نامزد امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ سے گفتگو کے دوران وزیراعظم نواز شریف نے انہیں پاکستان آنے کی دعوت بھی دی۔ ترجمان نے کہا کہ پاکستان اور امریکا کے تعلقات کو تاریخی تناظر میں دیکھنا چاہئے دونوں ملکوں کے باہمی تعلقات غیر معمولی اہمیت کے حامل ہیں،ہم امریکا کے ساتھ اپنے تعلقات کو بہت اہمیت دیتے ہیں اور ان میں مزید فروغ اور استحکام بھی چاہتے ہیں اگر امریکی صدر پاکستان کے دورے پر آتے ہیں تو ہم ان کا پرجوش خیرمقدم کریں گے ۔واضح رہے کہ اپنی انتخابی مہم کے دوران بھی امریکی نامزد صدر ڈونلڈ ٹرمپ  نے پاکستان اور بھارت کے درمیان مصالحت کار بننے کی پیشکش کی تھی۔ ایک سوال کے جواب میں ترجمان کا کہنا تھا کہ مقبوضہ کشمیر میں امن کے قیام کیلئے ہر ممکن کردار ادا کرنے کیلئے تیار  ہیں ۔ پاکستان تمام ہمسایہ ملکوں سے پرامن تعلقات کا خواہاں ہے۔ اقوام متحدہ اور او آئی سی نے مقبوضہ کشمیر میں غیر جانبدار کمیشن بھیجنے کی سفارش کی ہے دونوں بین الاقوامی اداروں نے مقبوضہ کشمیر کی صورتحال پر تشویش کا اظہار کیا ہے، بھارت کے شہر میں ہارٹ آف ایشیا کانفرنس کے حوالے سے سوالوں کے جواب میں  ترجمان کا کہنا تھا کہ سارک سربراہی کانفرنس کے انعقاد کے ضمن میں بھارت کے منفی طرز عمل کے باوجود پاکستان نے کانفرنس میں شرکت کا فیصلہ کیا ہے اور یہ فیصلہ خطے میں امن کے قیام کے مقاصد کو آگے بڑھانے کیلئے کیا ہے ۔
تازہ ترین