• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

اسلام آبادہائیکورٹ،7روزہ لائسنس معطلی کیخلاف نجی چینل کی درخواست خارج

اسلام آباد (خبر نگار) اسلام آباد ہائی کورٹ نے سات روزہ لائسنس معطلی کے پیمرا کے حکم کے خلاف نجی ٹی وی چینل نیو ٹی وی کی درخواست خارج کر دی ہے۔ پیمرا نے سپریم کورٹ کے جج پر بہتان تراشی کرنے پر یکم دسمبر سے نیو ٹی وی کا لائسنس سات روز کے لئے معطل  اور دس لاکھ روپے جرمانہ بھی عائد کیا جسے نیو ٹی وی نے عدالت عالیہ میں چیلنج کیاتھا۔ جمعرات کو اسلام آباد ہائی کورٹ کے جسٹس میاں گل حسن اورنگزیب نے فریقین کے دلائل سننے کے بعد نجی ٹی وی چینل کی درخواست خارج کر دی۔درخواست میں موقف اپنایا گیا تھا کہ حکمران جماعت کی ایماءپر ان کے ساتھ غیر قانونی اور امتیازی سلوک برتا گیا کیونکہ حکمران جماعت اپنے اوپر تنقید برداشت نہیں کر سکتی۔ نیو ٹی وی چینل نے اعلیٰ عدلیہ کے جج کے حوالے سے خبر نہیں چلائی بلکہ ایک اینکر پرسن احمد قریشی نے اپنے پروگرام میں سوشل میڈیا پر چلنے والی خبر پر بات کی تھی۔ سپریم کورٹ نے بھی اس معاملے کا نوٹس لیا مگر ایک دوسرے ٹی وی چینل کو نوٹس جاری کیا ، نیو ٹی وی کو سپریم کورٹ نے نوٹس نہیں دیا ، پیمرا نے نیو ٹی وی کے اینکر پرسن کو شو کاز نوٹس دئیے اور موقف سنے بغیر سزا سنائی جو غیر قانونی اقدام ہے لہٰذا پیمرا کے 26 نومبر کے حکمنامے کو غیر قانونی قرار دے کر کالعدم کیا جائے۔ لاہور سے پریس ریلیز کے مطابق چینل کی بندش کیخلاف لاہور ، اسلام آباد ، کراچی ، کوئٹہ ، پشاور سمیت مختلف شہروں میں مظاہرے کئے گئے ۔ لاہور میں مظاہرہ پنجاب اسمبلی کے سامنے ہوا جس میں صحافتی تنظیموں ، سیاسی شخصیات ، سول سوسائٹی اور دیگر شعبوں کے افراد نے شرکت کی اور چینل کی بندش کا فیصلہ واپس لینے کا مطالبہ کیا۔
تازہ ترین