• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

حکومت نے پٹرولیم مصنوعات کی قیمتیں بڑھاکرعوام دشمنی کا ثبوت دیا،سعید غنی

اسلام آباد(نمائندہ جنگ)پاکستان پیپلزپارٹی کے رہنما سینیٹرسعید غنی نے حکومت کی طرف سے پٹرولیم کی مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے کو عوام پر ظلم قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ حکومت نے قیمتیں کم کرنے کی بجائے اضافہ کرکے عوام دشمنی کا ثبوت دیا ہے۔ اپنے ایک بیان میں سینیٹر سعید غنی نے کہا کہ نواز حکومت ایک طرف یہ جھوٹے دعوے کر رہی ہے کہ قومی خزانے کے ذخائر میں اضافہ ہو رہا ہے اور معیشت مضبوط ہو رہی ہے۔ تو سوال یہ ہے کہ اس کے ثمرات عوام کو کیوں نہیں ملتے؟ سینیٹر سعید غنی نے کہا کہ پٹرول کی قیمتیں بڑھنے سے مہنگائی کا طوفان آئے گا، عوام جو نواز حکومت کی غلط پالیسیوں کی وجہ سے مہنگائی، بیروزگاری اور معاشی بدحالی کا شکارہو رہے ہیں مزید مشکلات کا سامنا کریں گے۔انہوں نے کہا کہ نوازحکومت کا ہر دعویٰ جھوٹا ثابت ہوتا رہا ہے اور یہ لوگ جب اقتدار میں آتے ہیں تو عوام کا خون نچوڑ کر بیرون ملک اثاثے بناتے ہیں اور اپنے ذاتی کاروبار کا نقصان عوام کے خون پسینے کی کمائی سے پورا کرتے ہیں۔ ایک بیان میں تحریک انصاف کے رہنما اور رکن قومی اسمبلی اسد عمر نے کہا  کہ حکومت کا ایک ہاتھ غریب عوام کی جیب میں اور دوسرا طاقتور اشرافیہ کے سر پر ہے ، حکومت غریبوں کو لوٹنے اور امیروں کی سرپرستی کرنے کی پالیسی پر کاربند ہے۔ انہوں نے کہا کہ حکومت ایک ہی سانس میں پٹرول مہنگا کرنے اور جائیداد کی خریدوفروخت پر ٹیکسوں میں چھوٹ کا اعلان کرتی ہے ، وہ  غریبوں کو تو دوروپے سستا تیل بھی نہیں دے سکتی مگر کروڑں کی جائیدادیں خریدنے والوں کو لاکھوں کی چھوٹ دے سکتی ہے۔  اسد عمر نے کہا کہ جن اداروں کا کام عوام کے مفادات کا تحفظ تھا انہیں نون لیگ نے کرپشن کی ”گولی“ دے کے سلا رکھا ہے ، نون لیگ کا مقصد ہے کہ خود بھی بوریاں بھر بھر پیسہ باہر بھیجو اور شہریوں کو بھی اس کی تلقین کرو۔
تازہ ترین