• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

مشرق وسطیٰ میں امن مسئلہ فلسطین کے حل سے مشروط ہے،پاکستان

نیویارک(جنگ نیوز) پاکستان نے اسرائیل اور فلسطین کے مابین تنازع حل کرانے کیلئے اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کے کردار کو ناکافی قراردیتے ہوئے کہا ہے کہ فلسطین کے مسئلے کا حل مشرق وسطیٰ میں امن و استحکام کیلئے ضروری ہے،کچھ ریاستیں مسئلہ فلسطین کے حل میں رکاوٹیں ڈال رہی ہیں جبکہ عالمی برادری کی اکثریت مسئلہ فلسطین کے پرامن حل کے حق میں ہے۔ نیویارک میں جنرل اسمبلی میں ’’فلسطین کا سوال ‘‘ کے موضوع پر مباحثے میں اظہارخیال کرتے ہوئے اقوام متحدہ میں پاکستان کی مستقل مندوب ڈاکٹرملیحہ لودھی نے فلسطینی سرزمین، غزہ کی پٹی اور مسجد اقصیٰ کے گرد اسرائیل کے قبضے کی شدید الفاظ میں مذمت کی،انہوں نے کہا کہ 52لاکھ فلسطینی پناہ گزینوں کو 70سال سے اپنے گھروں سے زبردستی محروم رکھنااور ان کا جائز اور قانونی حق واپس دینے سے انکار کرنا انصاف اور اخلاقیات کی نفی ہے،اس تنازعے کے باعث عرب اور مسلمان دنیا میں غم وغصہ اور تشویش ہے، فلسطینیوں کی زمین پر غیرقانونی اسرائیلی آبادکاریاں ، غزہ کی ناکہ بندی ، مسجد اقصیٰ کے اطراف اشتعال انگیزیاں اور فلسطینی باشندوں کی مسلسل قید دو ریاستی حل میں بڑی رکاوٹیں ہیں، اقوام متحدہ کی بے شمار قراردادوں کے باوجود عملی طور پر صورتحال میں کوئی تبدیلی نہیں آئی ،انہوں نے پاکستا ن کی طرف سے فلسطینی عوام کے ساتھ اظہار ہمدردی اور یکجہتی کیااور فلسطینی عوام کے قانونی حقوق کا ادراک کرنے کے حوالے سے مسلسل ٹال مٹول کو ختم کرنے کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا کہ اس کے بغیر مشرق وسطیٰ میں امن قائم نہیں ہو سکتا ۔ انہوں نے کہا کہ مشرق وسطیٰ میں قیام امن کیلئے مضبوط فیصلے کرنا ہوں گے سلامتی کونسل کی قراردادوں پر فوری عملدر آمد ہونا چاہیے۔ قراردادوں پرعمل نہ ہونے سے اقوام متحدہ کی ساکھ متاثرہوگی، فلسطینیوں کو برابری کی سطح پر خود مختاری دی جائے۔  
تازہ ترین