• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

بھٹو خاندان نے استحکام پاکستان اور جمہوریت کیلئے قربانیاں دیں، مقررین

بریڈ فورڈ (محمد رجاسب مغل) ذوالفقار علی بھٹو شہید نے اسلام ہمارا مذہب، سوشلزم ہماری معیشت، جمہوریت ہماری سیاست اور طاقت کا سرچشمہ عوام کا منشور لے کر49سال قبل پاکستان پیپلز پارٹی کی بنیاد رکھ کر روٹی، کپڑا، مکان کا نعرہ دیا تھا۔ ان خیالات کا اظہار پیپلز پارٹی بریڈ فورڈ کے تحت پیپلز پارٹی پاکستان کے49ویں یوم تاسیس کی تقریب میں مقررین نے کیا جو کہ پیپلز پارٹی بریڈ فورڈ کے سابق صدر آصف نسیم راٹھور کی صدارت میں منعقد ہوئی جب کہ نظامت کے فرائض سابق مشیر حکومت آزاد کشمیر چوہدری حق نواز نے سرانجام دئیے۔ اس موقع پر سابق لارڈ میئر راجہ غضنفر خالق نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پیپلز پارٹی پر بھٹو خاندان کی قربانیوں کا قرض ہے۔ بھٹو نے جب پارٹی کی بنیاد رکھی تھی تو انہوں نے پسے ہوئے طبقے کو آواز دی تھی۔ آج ہمیں پھر سے بھٹو کے وژن کو زندہ کرتے ہوئے غریب اور نادار لوگوں کو روٹی، کپڑا، مکان دینا ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ پارٹی نے ہمیشہ آمریت کے خلاف جنگ کی۔ آصف نسیم راٹھور نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پیپلز پارٹی کے دوراقتدار میں پاکستان کا آئین بنایا گیا۔ مزدوروں کے حقوق کے لیے قانون سازی سمیت متعدد ترقیاتی کام کیے گئے۔ انہوں نے کہا کہ پیپلز پارٹی نے ملک کے لیے جو قربانیاں دیں تاریخ میں اس کی کہیں مثال نہیں ملتی، جب بھی قربانیوں کا ذکر آئے گا تو ذوالفقار علی بھٹو سے لے کر بے نظیر بھٹو تک اس خاندان کی قربانیوں کو فراموش نہیں کیا جاسکے گا، جنہوں نے استحکام پاکستان اور جمہوریت کی بحالی کے لیے قربانیاں دیں۔ سابق مشیر حکومت سردار عبدالرحمن خان نے کہا بھٹو جب زندہ تھے تو کرشماتی شخصیت تھے اور اس دنیا سے چلے جانے کے بعد تاریخ کی کتابوں اور لوگوں کے دلوں میں افسانہ بن کر زندہ ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پیپلز پارٹی ملک کی واحد پارٹی ہے جو جمہوری طریقے سے وجود میں آئی، آج بھی بے نظیر بھٹو کا انکم سپورٹ پروگرام اسی بھٹو کے ویژن کا عکاس ہے جو انہوں نے غریب اور نادار لوگوں اور انسانیت کی حفاظت کے لیے روٹی، کپڑا، مکان کا نعرہ لگایا تھا۔ سابق مشیر حکومت زاہد مغل نے پیپلز پارٹی کو ایک گھنے درخت چھائوں کی مانند قرار دیا جو انسان کو پانی چھائوں سے راحت دیتا ہے اور اس درخت کی حفاظت کے لیے ہمیشہ پیپلز پارٹی کے جیالوں نے قربانیاں دیں۔ آج ہمیں بھی ان ہی کے نقش قدم پر چلتے ہوئے پارٹی کے استحکام کے لیے کام کرنا ہوگا۔ آصف جدون نے کہا کہ بھٹو خاندان نے پاکستان کو نہ صرف آئین دیا بلکہ مضبوط خارجہ پالیسی سے ملک کو اقتصادی طور پر بھی مضبوط کیا۔ پروفیسر نذر تبسم نے کہا کہ65ء کی جنگ میں کامیابی کا سہرا بھٹو کو جاتا ہے، جب انہوں نے اسی مشکل حالات میں قوم کے مورال کو بلند رکھا۔ صغیر پوٹھی نے کہا کہ ذوالفقار علی بھٹو نے پاکستان کو ایٹمی قوت بنانے میں اہم کردار ادا کیا، آج ملک اگر قابل تسخیر ہے تو وہ ذوالفقار علی بھٹو اور پیپلز پارٹی کی وجہ سے ہے۔ تقریب سے کونسلر عابد حسین، چوہدری بشیر، حاجی کرامت حسین، یونس جنجوعہ، ماموں عبدالقیوم اور دیگر مقررین نے بھی خطاب کیے۔ اس موقع پر ایک قرارداد کے ذریعے پیپلز پارٹی کے خلاف سازشوں کی مذمت کی گئی۔ قرارداد کے ذریعے نواز حکومت سے مطالبہ کیا گیا کہ عابد شیر علی کے پارٹی قیادت کے خلاف توہین آمیز بیانات کا نوٹس لے۔ اس موقع پر چوہدری حق نواز نے آزاد کشمیر کے سابق وزیراعظم چوہدری عبدالمجید کو زبردست خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کیا۔ ان کا دور ایک تعلیمی انقلاب کا دور تھا، موجودہ آزاد کشمیر کی حکومت سے مطالبہ کیا گیا کہ وہ اسی تسلسل کو قائم رکھے۔ سرکاری ملازمین سے انتقامی کارروائیوں سے اجتناب کرے۔ انہوں نے میرپور کے ترقیاتی فنڈز کی مظفر آباد منتقلی کی بھی مذمت کی۔ تقریب کے آخر میں چوہدری محمد بشیر نے استحکام پاکستان اور پارٹی کے لیے قربانیاں دینے والوں کی روح کے ایصال ثواب کیلئے خصوصی دعائیں کیں۔
تازہ ترین