• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

پی پی نے کچلے ہوئے لوگوں کے لئے آواز بلند کی، بابر علی

برسلز (عظیم ڈار) پاکستان پیپلز پارٹی بلجیم کے بانی رہنما بابر علی آزاد نے پی پی کے یوم تاسیس کے موقع پر ’’جنگ‘‘ سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ذوالفقار علی بھٹو شہید جیسے لیڈر اور رہبر صدیوں بعد پیدا ہوتے ہیں، جنہوں نے جاگیردارانہ سامراج اور پیسوں کی سیاست کی مخالفت کرتے ہوئے پاکستان کے غریب عوام کی بنیادی ضروریات اور سہولیات کو مدنظر رکھتے ہوئے روٹی، کپڑا اور مکان کا نعرہ لگایا اور پوری قوم کے دلوں کی دھڑکن بن کر ڈرائنگ روم کی سیاست کا خاتمہ کرتے ہوئے کچلے ہوئے طبقاتی منافرت کا شکار لوگوں کو جینے کا شعور دیا اور سیاست کو سمجھنے اور اپنے حق کے لیے آواز بلند کرنے کا حوصلہ دیا۔ انہوں نے کہا کہ تاریخ گواہ ہے کہ1973ء کی عرب اسرائیل جنگ میں پاکستانی فوج عرب کی حفاظت کے لیے بھیجی گئی اور1974ء میں اسلامی سمٹ کا لاہور میں انعقاد کیا گیا جس میں اسلامی دنیا کی نامور شخصیات نے شرکت کی۔ بابر علی آزاد نے کہا کہ سابقہ ادوار میں پیپلز پارٹی کے نعروں اور ذوالفقار علی بھٹو مرحوم کی ولولہ انگیز قیادت نے پاکستان میں ایک نئے دور کو جنم دیا اور ملک ترقی کے دور میں جارہا تھا کہ اندرونی اور بیرونی سازشی عناصر نے بھٹو کے خلاف سازش کے تار بننے شروع کردیئے اور بالآخر جمہوریت کو ختم کردیا اور آمریت کے دور نے جنم لیا۔ پیپلزپارٹی کی میراث کی واحد وارث بے نظیر بھٹو نے قوم کو جگایا اور پانچ نکاتی منشور کا اعلان کیا کہ ملک کو بحران کی دلدل سے نکالنے کے لیے تعلیم، روزگار، توانائی، ماحولیات اور مساوات جیسی اصلاحات کا آغاز مدرسہ سے کیا جائے گا۔ بچوں کو اسلحہ نہیں قلم دیا جائے گا۔ غرض بے نظیر بھٹو قوم کے کھوئے ہوئے وقار کو دوبارہ بلند کرنے کے لیے اپنے والد کے مشن کو آگے لے کر چلیں تو جمہوریت کے دشمنوں نے انہیں راستے سے ہٹا دیا اور یوں دوسری بار جمہوریت کا قتل کردیا گیا۔ انہوں نے کہا کہ آج ملکی حالات ناگفتہ ہیں۔ پیپلز پارٹی کے کو چیئرمین بلاول زرداری بھٹو نے پارٹی کی کمان سنبھال لی ہے، پیپلز پارٹی کو دوبارہ مضبوط خطوط پر استوار کرنے کے لیے ضروری ہے کہ پالیسیوں میں تبدیلی اور عوامی رابطہ مہم میں تیزی، عوام کو بنیادی سہولیات کی فراہمی کے کام کیے جائیں، تاکہ پارٹی دوبارہ کھویا ہوا مقام حاصل کرے۔ بابر علی آزاد نے موجودہ حکومت کو بھی تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ موجودہ حکومت نے سابقہ حکومتوں کے ریکارڈ توڑتے ہوئے کرپشن میں تو اضافے کردیے لیکن پاکستانی غریب عوام آج بھی بدقسمتی سے بنیادی سہولیات کی عدم فراہمی کی وجہ سے غلاموں جیسی زندگی گزارنے پر مجبور ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ہمیں ملک کی ترقی کے لیے بھٹو جیسی قیادت کی ضرورت ہے جو ملکی عوام اور ملک کی پاسبانی کی ضمانت ہے۔
تازہ ترین