• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

نبی آخرالزماںﷺکی ولادت عظیم ترین نعمت ہے، علامہ سجاد رضوی

ہیلی فیکس(نمائندہ جنگ)معروف دینی سکالر، الفیض ٹرسٹ کے چیئرمین علامہ محمد سجاد رضوی نے کہاہےکہ 12ربیع الاوّل عیدوں کی عید ہےاور اس مبارک دن میں تشریف لانے والی ہستی اس کائنات کی نعمت عظمیٰ ہیں، ایسا وجود منور جس کی تابشوں سے کائنات جگمگا اٹھی، اندھیرے کافور ہوئے، ظلمات پریشاں ہوئیں اور جبروظلم کا خاتمہ ہوا، نبی آخرالزمانﷺ کی مکہ شریف کی سرزمین پر ولادت باسعادت، سب سے بڑی خوشی اور سب سے عظیم رحمت ہے جو رب تعالیٰ نے عطا فرمائی۔ علامہ محمد سجاد رضوی کا کہنا تھا کہ حضور نبی کریمﷺ اپنے ساتھ بہترین نمونہ لے کر تشریف لائے جس پر عمل کرکے انسانیت عروج پاسکتی ہے، جہاں محافل نعت کا انعقاد ہوتا ہے ساتھ ہی سیرۃ النبیﷺ کے عنوان سے بھی منظم پروگرام منعقد ہونے چاہئیں تاکہ معاشرتی بگاڑ سے نجات ملے اور حقیقی تعلیمات نبویہ کی ترویج ہو۔ ماہ ربیع الاول میں اہل ایمان کی خوشی دیدنی ہوتی ہے جس کا اظہار چراغاں، جھنڈیاں اور سجاوٹیں کرکے کیا جاتا ہے، یہ تمام کام بہت پسندیدہ اور محبوب ہیں مگر دلوں میں ہدایت کے چراغ روشن کرنے کیلئے محبوب کریم ﷺکی سیرت پر عمل پیرا ہونا ضروری ہے۔ عمل اور علم مل جائیں تو تحرک پیدا ہوتا ہے جو مثبت اثرات مرتب کرتا ہے۔ خالی نعروں اور دعویٰ کرنے سے تبدیلی نہیں آتی بلکہ جس ہستی کی ولادت کا جشن منارہے ہیں ان کی سیرۃ طیبہ پر عمل کرنابھی ضروری ہے۔
تازہ ترین