• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

نبی پاکؐ کی ولادت اللہ کا مومنوں پر احسان ہے، قاضی عبدالعزیز

لندن (پ ر) ماہ نور ربیع الاول شریف کی آمد پر پوری دنیا میں موسم بہار کا سا ساماں پیدا ہوگیا ہے ہر طرف نبی پاک سرور کائناتﷺ کے ذکر پاک کی پاکیزہ محافل کا آغاز ہوچکا ہے۔ تمام اسلامی ممالک میں سرکاری عمارات، بازاروں اور گلی کوچوں کو سجایا جارہا ہے۔ برطانیہ و یورپ میں بھی الحمدللہ جشن میلاد النبیﷺ منانے کی تیاریاں بڑے ذوق و شوق سے جاری ہیں۔ ان خیالات کا اظہار مرکزی جماعت اہلسنت یوکے اینڈ اوورسیز ٹرسٹ کے سیکرٹری جنرل اور جامعہ اسلامہ غوثیہ کے بانی و مہتمم خطیب ملت علامہ قاضی عبدالعزیز چشتی نے جشن آمد رسول صلی اللہ علیہ وسلم کے حوالے سے منعقد ہونے والی خصوصی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا کہ عاشقان رسول اپنے کریم آقاﷺ کے حضور نذرانہ عقیدت پیش کریں اور اللہ تعالیٰ کے حضور شکر ادا کریں کہ مالک کائنات نے مومنوں پر احسان فرمایا اور عظمت والے رسول کو مبعوث فرمایا۔ بارہ ربیع الاول ایسا عظمت و برکت والا دن ہے جو نہ صرف عالم اسلام کے لیے ہی نہیں بلکہ اقوام عالم اور جمیع انسانیت کے لیے یوم عہد اور تحدیث نعمت منانے کا دن ہے۔ آپﷺ چونکہ پوری کائنات کے لئے سب سے بڑی نعمت ہیں، اس لیے اس نعمت کبریٰ کے حصول پر اظہار مسرت عین فطرت انسانی کے مطابق ہے۔ انہوں نے کہا کہ لوٹن کے نوجوان عاشقان رسول نے حسب سابق روایات لوٹن کے ایشیائیوں کے مرکزی شہر کے عین وسط اور دل میں ایک بڑا بل بورڈ لگاکر جشن آمد رسول کی مبارکباد دیتے ہوئے12 دسمبر12ربیع الاول بروز پیر چار بجے دن ہونے والی33ویں سالانہ میلاد مصطفیؐ کانفرنس میں شمولیت کی دعوت دی ہے۔ یہ بل بورڈ پوری کمیونٹی جس میں دوسرے مذاہب کے لوگ بھی شامل ہیں،کی توجہ کا مرکز بنا ہوا ہے۔ حافظ ماجد حسین، صاحبزادہ عطاء الکبریا چشتی، امجد چوہدری، محمد طاہر، صاحبزادہ سراج المرتضیٰ قاضی، محبوب خان چشتی، احسان سبحانی و دیگر نے بھی اظہار خیالات کیا۔
تازہ ترین