• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

ڈبلیو سی سی آئی وفد کی برطانیہ میں پاکستانی ہائی کمشنر سے ملاقات

لندن (جنگ نیوز) ویمن چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری (ڈبلیو سی سی آئی) کے ایک10رکنی وفد نے گزشتہ روز برطانیہ میں پاکستانی ہائی کمشنر ابن عباس سے ملاقات کی۔ ڈبلیو سی سی آئی کی بانی چیئرپرسن ڈاکٹر شہلا جاوید اکرم کی زیر قیادت وفد نے ہائی کمشنر کو آگاہ کیا کہ اس دورہ کا اہم مقصد برطانوی بزنس کمیونٹی سے تعلقات بہتر بنانے ہیں، تاکہ دونوں ممالک کے درمیان دوطرفہ تجارتی تعلقات کو فروغ دیا جاسکے۔ ہائی کمشنر نے وفد کا پرجوش خیرمقدم کرتے ہوئے یقین دہانی کرائی کہ ڈبلیو سی سی آئی وفد کے دورے کو کامیاب بنانے کے لیے ان کا تعاون دستیاب رہے گا۔ ہائی کمشنر نے یہ دیکھ کر مسرت کا اظہار کیا کہ تمام خواتین تجارتی مندوبین ایک ایسے اقدام کا آغاز کیا ہے جو طویل عرصہ تک پاکستان کے بارے میں غیر ملکی سوچ کو بہتر بنائے گا اور دونوں ممالک کے درمیان تجارت کا حجم بڑھے گا۔ ہائی کمشنر کی دعوت پر مندوبین نے ہائی کمیشن میں ایک ثقافتی شام میں بھی شرکت کی۔ وفد کے ارکان28نومبر سے3دسمبر تک برطانیہ میں مختلف بزنس چیمبر سے بھی ملاقات کریں گے۔ وفد میں ٹیکسٹائل، فارما سیوٹیکل، فوڈ اور ایجوکیشن سیکٹرز کی نمائندہ مندوبین شامل ہیں۔ مندوبین میں بانی صدر ڈبلیو سی سی آئی، ڈاکٹر شہلا جاوید اکرم، محترمہ فائزہ امجد، محترمہ سلمی مدثر، محترمہ مونیکا خالد پراچہ، محترمہ شازیہ اعجاز، محترمہ حمیرا عدیل، محترمہ سنبلین عثمان، محترمہ طاہرہ علی، محترمہ سعدیہ الکمال اور فضیلہ جہانگیر شامل ہیں۔
تازہ ترین