• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

آسٹریلیا اگلے برس پہلا ایشز ٹیسٹ ڈے اینڈ نائٹ کرانیکا خواہاں

سڈنی ( جنگ نیوز) کرکٹ آسٹریلیا نے آئندہ ایشز سیریز کا آغاز ہی ڈے اینڈ نائٹ سے کرنے کیلیے کمر باندھ لی۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق انگلش بورڈ نے پہلی بار ڈے اینڈ نائٹ ٹیسٹ کھیلنے پر رضامندی ظاہر کر دی ہے۔ کرکٹ آسٹریلیا نے اس پیشرفت کا خیرمقدم کیا ہے، جاری کردہ بیان میں کہا گیا ہے کہ ہمیں اس بات کی خوشی ہے کہ ای سی بی نے آئندہ ایشز سیریز میں ڈے اینڈ نائٹ ٹیسٹ کھیلنے پر حامی بھر لی ہے تاہم اس کی طرف سے باضابطہ اعلان کے بعد ہی ہم شیڈول کا اعلان کریں گے۔ تاریخ میچ کی میزبانی کیلیے برسبین کے گابا اسٹیڈیم کا نام زیر غور ہے۔ اس طرح گابا کو ایک بار پھر آسٹریلین کرکٹ سیزن کے پہلے ٹیسٹ کے میزبان وینیو ہونے کا اعزاز مل جائے گا۔ یہاں کینگروز نے 1988سے کوئی میچ نہیں ہارا ہے۔ یہیں پاکستان اور آسٹریلیا آئندہ سیریز کا افتتاحی ٹیسٹ کھیلیں گے، مصنوعی روشنی میں یہ ٹیسٹ 15 دسمبر سے شروع ہوگا۔ خیال رہے کہ کچھ عرصہ قبل انگلش کپتان الیسٹر کک نے کہا تھا کہ وہ شوپیس سیریز کے میچز روایتی طور پر دن کی روشنی میں ہی کھیلنا چاہیں گے۔ انگلش ٹیم پہلی بار گلابی گیند سے ٹیسٹ میچ آئندہ برس اگست میں ویسٹ انڈیز کے خلاف کھیلے گی۔ دلچسپ بات ہے کہ کینگروز نے اب تک دو برقی روشنیوں میں دو ٹیسٹ میچز نیوزی لینڈ اور جنوبی افریقا کے خلاف کھیلے ہیں اور ان میں فتح حاصل کی ہے۔ ایشز سیریز کا آغاز شیڈول کے مطابق آئندہ برس 23 نومبر سے ہوگا۔ سی اے حکام کا کہنا ہے کہ ہم آئندہ سال انٹرنیشنل شیڈول کو حتمی شکل دے رہے ہیں اور ابتدائی شیڈول کے تحت برسبین انگلینڈ کے خلاف ایشز سیریز کے پہلے ٹیسٹ کی میزبانی کرے گا۔
تازہ ترین