• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

سندھ حکومت منتخب نمائندوں کے ساتھ مکمل تعاون کرے گی، وزیربلدیات

کراچی (اسٹاف رپورٹر) وزیر بلدیات سندھ جام خان شورو نے کہا ہے کہ سندھ حکومت منتخب بلدیاتی نمائندوں کے ساتھ مل کر شہر میں صفائی ستھرائی کے کاموں میں مکمل تعاون کرے گی، مئیر کراچی کی جانب سے شروع کی جانے والی 100 روزہ مہم سابقہ ڈپٹی کمشنرز کی جانب سے جاری مہم کا ہی تسلسل ہے، سندھ حکومت 2013 کے ایکٹ میں موجود بلدیاتی منتخب نمائندوں کو دئیے جانے والے تمام اختیارات دے گی، ڈسٹرکٹ سائوتھ اور ایسٹ کی کونسل کی قراردادوں کی منظوری کے بعد ان ڈسٹرکٹس میں صفائی کا ٹھیکہ سندھ سولڈ ویسٹ مینجمنٹ کی معرفت چائنا کی کمپنی کو دیا گیا ہے اور باقی ڈسٹرکٹ اگر چاہتے ہیں کہ وہاں بھی ایسا ہی ہو تو وہ اپنی اپنی کونسل سے قرارداد منظور کروائیں اور اگر وہ خود صفائی ستھرائی کا کام کرنا چاہتی ہیں تو ہمیں کوئی اعتراض نہیں ہے، سندھ حکومت نے اس سال فائیر بریگیڈ کے بیڑے میں 10 گاڑیاں اور ایک 100 میٹر کی اسنارکل شامل کررہی ہے، ان خیالات کا اظہار انہوں نے جمعہ کو اپنے دفتر میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے کیا، اس موقع پر ڈی ایم سی سینٹرل، کورنگی اور ایسٹ کے چیئرمین اور تمام ڈی ایم سیز کے میونسپل کمشنرز اور ڈپٹی کمشنرز بھی موجود تھے، قبل ازیں صوبائی وزیر بلدیات کی زیر صدارت  تمام ڈی ایم سیز کے چیئرمین، ڈپٹی کمشنرز اور میونسپل کمشنرز کا اجلاس ہواجس میں مئیر کراچی کی جانب سے شروع کی جانے والی 100 روزہ صفائی مہم اور شہر میں جاری ترقیاتی کاموں اور کراچی پیکج کے تحت شروع ہونے والے کاموں کے حوالے سے صوبائی وزیر کو آگاہ کیا گیا، صوبائی وزیرنے کہا کہ کراچی پیکج کے تحت  کراچی میں یونیورسٹی روڈ، نیپا چورنگی سمیت دیگر سڑکوں کی تعمیر کا آغاز اسی ماہ کردیا جائے گا ،اس موقع پر ڈسٹرکٹ سینٹرل کے چیئرمین ریحان ہاشمی، ڈسٹرکٹ کورنگی کے نئیر اور ڈسٹرکٹ ایسٹ کے معید انور نے کہا کہ ہم وزیر بلدیات سندھ کے مشکور ہیں کہ انہوں نے شہر میں صفائی ستھرائی کے لئے شروع کی جانے والی مہم میں ہمارا بھرپور ساتھ دینے کا نہ صرف وعدہ کیا ہے بلکہ انہوں نے آج کے اجلاس میں تمام ڈی سیز اور ایم سیز کے ساتھ ساتھ کراچی واٹر اینڈ سیوریج بورڈ کو بھی آن بورڈ لیا ہے اور ان سب کو اس مہم میں بھرپور کردار ادا کرنے کی ہدایات جاری کی ہیں ، امید ہے کہ ہم اس شہر میں موجود کوڑے کے ڈھیر اور دیگر مسائل  حل کرنے میں کامیاب ہوجائیں گے۔
تازہ ترین