• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

شرجیل میمن کی طبی بنیادوں پر ضمانتوں میں 26دسمبر تک توسیع

کراچی (اسٹاف رپورٹر) سندھ ہائی کورٹ نے نیب کوکریشن مقدمات میں تحقیقات کے لیے مطلوب سابق وزیراطلاعات سندھ شرجیل میمن کی طبی بنیادوں پرضمانتوں میں 26دسمبر تک توسیع کر دی ہے اور درخواست گزار کو 40لاکھ روپے زر ضمانت مزید جمع کرانے اور زر ضمانت میں سے 50فیصد ضبطگی کی بھی ہدایت کر دی ہے اور درخواست گزار پر واضح کیا ہے کہ آئندہ ضمانتوں میں کسی صورت توسیع نہیں کی جائے گی ۔دوران سماعت شرجیل میمن کے وکیل نے موقف اختیار کیا تھا کہ ان کا موکل ملک واپس آنے اور متعلقہ عدالت میں پیش ہونے کے لیے تیار ہے تاہم بیماری کے باعث وہ پاکستان واپس نہیں آسکے ہیں ، لہذااستدعا ہے کہ ضمانت میں یکم دسمبر سے 26دسمبر تک توسیع کی جائے ، جبکہ اس موقع پر نیب کے پراسیکیوٹر نے حفاظتی ضمانت میں توسیع کی مخالفت کرتے ہوئے اپنے دلائل میں موقف اختیار کیا کہ درخواست گزار کی ضمانت میں توسیع نہیں کی جا سکتی کیونکہ عدالت نے گزشتہ سماعت پر واضح طور پر ہدایت کی تھی کہ ضمانت میں مزید توسیع نہیں کی جائے گی اور اگر درخواست گزار مقررہ تاریخ تک متعلقہ عدالت میں پیش نہ ہوئے تو ضمانتیں غیر موثر ہو جائیں گی، نیب کے وکیل نے مزید کہا کہ درخواست گزار ضمانت میں توسیع کا غلط استعمال کر رہا ہے اور معاملے کو طول دینا چاہتا ہے ، جبکہ شرجیل میمن کے وکیل نے موقف اختیا رکیا کہ وہ ثابت کریں گے کہ ان کا موکل بیمار ہےاور طبی بنیادوں پر ضمانت میں توسیع کی جائے ، بعدازاں عدالت نے اپنے فیصلے میں قرار دیا کہ ضمانت میں توسیع کا غلط استعمال نہیں کیا جانا چاہیے ، چونکہ عدالت اپنے گزشتہ حکم میں ضمانت میں توسیع نہ کرنے کا حکم دے چکی لہذا درخواست گزار مزید 40لاکھ روپے زرضمانت دو روز کے اندر اندر جمع کرائیں ، عدالت نے ضمانت میں بار بار توسیع کی مہلت پر زرضمانت میں سے 50فیصد رقم کی ضبطگی کا بھی حکم دیا ہے اور سختی سے ہدایت کی ہے کہ ان ضمانتوں میں مزید توسیع نہیں کی جا ئے گی۔
تازہ ترین