• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

مشرف نے اربوںروپے جیب میں ڈالے،راز کھلا تو شرمندگی سے کہا بادشاہ نے دیئے،شہباز شریف

 لاہور(نمائندہ جنگ)وزیر اعلیٰ پنجاب شہباز شریف نے کہا ہے کہ اشرافیہ نے 70سال ملک پر ظلم کیا،غریب امیر میں خلیج بڑھ گئی،ڈکٹیٹر پرویز مشرف اربوں لوٹ کر چلے گئے،راز کھلا تو شرمندگی سے کہا بادشاہ نے رقم دی،ڈکٹیٹر مشرف نے ملک کا جو حال کیا وہ سب کے سامنے ہے، ماضی کی کوتاہیوں سے سبق سیکھنا ہوگا، ہم سب ملکر ملک کی تقدیر بدلینگے، 2017ء کے اختتام تک ملک میں اندھیرے نہیں ہونگے، پنجاب ایجوکیشنل انڈومنٹ فنڈ نے تعلیم کے شعبے میں انقلاب کی بنیاد رکھ دی ،ڈیڑھ لاکھ سے زائد بچے اور بچیاں مستفید ہو رہے ہیں،نوجوان علم وہنر میں مہارت حاصل کرینگے تو پاکستان دنیا کے نقشے پر مضبوط ہوکر ابھرے گا،تعلیم،تیزرفتار ترقی کا واحد زینہ ہے، پنجاب حکومت نے معیاری تعلیم کے فروغ اورنئی نسل کو زیور تعلیم سے آراستہ کرنے کیلئے انقلاب آفرین اقدامات کیے ہیں۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے گزشتہ روزاسلامیہ یونیورسٹی بغداد الجدید کیمپس میں پنجاب ایجوکیشن انڈوومنٹ فنڈ کے حوالے سے منعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔وزیراعلیٰ شہباز شریف نے کہا کہ اشرافیہ نے اپنی تقدیر تو بدل لی لیکن قوم کی تقدیر نہیں بدلی جاسکی۔اشرافیہ نے بہت بڑا جرم کیا ہے،اب اسے بدلنا ہوگا۔انہوں نے کہا کہ اگر70سال قبل ایسا تعلیمی فنڈ قائم کردیا جاتاتو پاکستان میں کوئی بچہ تعلیم کے زیور سے محروم نہ ہوتابلکہ کروڑوں بچے تعلیم کے زیور سے آراستہ ہوکر وطن کی تعمیر وترقی میں اپنا کردار ادا کررہے ہوتے اورآج پاکستان کو کسی محاذ پر بھی نہ تو ہزیمت کا سامنا کرنا پڑتا۔پاکستان میں اشرافیہ نے دھونس دھاندلی اور دیگر طریقوں سے اپنے بچوں کیلئے تو اعلی تعلیم کے مواقع پیدا کررکھے ہیں جبکہ مفلوک الحال اور محروم معیشت طبقات کے بچے بنیادی تعلیمی سہولتوں سے بھی محروم ہیں۔ پنجاب حکومت نے پنجاب ایجوکیشنل انڈومنٹ فنڈجیسے تعلیمی پروگرام شروع کر کے امیر اورغریب کے درمیان خلیج کم کرنے کی جانب قدم بڑھایا ہے ۔2لاکھ طالب علموں کیلئے17ارب روپے کایہ فنڈ پاکستان کے مضبوط اور درخشاں مستقبل کیلئے ’’محفوظ سرمایہ کاری‘‘ کی حیثیت رکھتا ہے۔اس عظیم کارخیر کا خیال مجھے غریب الوطنی کے ایام میں آیا، 7سال پہلے 2ارب روپے سے شروع کیے جانے والے پیف اسکالرشپ پروگرام کا اب حجم 17ارب روپے ہو گیا ہے اور اگر پاکستان کو دنیا کی عظیم مملکت بنانا ہے تو اسے 1700ارب روپے تک بڑھایا جانا چاہئے۔ انہوں نے کہا میں نے اس ملک کے ہونہار ، قابل اور محنتی طالب علموں کو امید،ترقی، خوشحالی اور سنہرے مستقبل کے اجالوں سے روشناس کرانے کا عزم کیا ہے اور پنجاب ایجو کیشنل انڈوومنٹ فنڈاس کا منہ بولتا ثبوت ہے ۔ جس کے تحت لاکھوں طالبعلم انجینئرنگ، کمپیوٹر سائنس، طب اور جدید علوم سے روشناس ہورہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ غریب خاندانوں کے بچوں کو اعلی تعلیم دلانے کا خیال مجھے غریب الوطنی میں آیا جب میں اپنے خاندان کے ساتھ جدہ میں قیام پذیر تھا ۔شہباز شریف نے کہا ڈکٹیٹر جنرل پرویز مشرف کے دور میں پاکستان کاجو حال ہواسب کے سامنے ہے۔موصوف لوٹ مار کر کے ملک سے چلے گئے جب انکے اکاؤنٹ سامنے آئے تو کہہ دیا کہ بادشاہ نے ان کی مدد کی تھی ۔وزیر اعلیٰ نے کہا کہ ہمیں تازہ اورعظیم بستیاں آبادوشاد کرنے کیلئے ملک کے ہونہار، قابل، ذہین اور محنتی طالب علموں کوپیف ایسے پروگرامز کے ذریعہ تعلیمی وسائل مہیا کرنا ہونگے۔
تازہ ترین