• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

ٹرمپ نے عوام کو انتخابی وعدے پورے کرنے کی یقین دہانی کرادی

نیویارک (عظیم ایم میاں) نومنتخب امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے ریاست اوہائیو کے ووٹرز کا اپنی کامیابی پر شکریہ ادا کرتے ہوئے واضح طور پر یہ تاثر مسترد کر دیا ہے کہ وہ صدر منتخب ہونے کے بعد اپنے انتخابی وعدوں اور ایجنڈے میں کوئی نرمی یا تبدیلی اختیار کر رہے ہیں، ان کا کہنا ہے کہ وہ تمام وعدے پورے کردکھائیں گے۔ جس کے بعد امریکی اقلیتوں اور مسلم کمیونٹی کی تشویش میں اضافہ ہوگیا ہے۔ انتخابی سیاست کے لحاظ سے اہم کلیدی ریاست اوہایو کے شہر سنسناٹی میں ایک عوامی اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے ڈونلڈ ٹرمپ نے اپنی45منٹ کی تقریر میں اپنے تمام انتخابی وعدے تفصیل سے دہراتے ہوئے کہا کہ آپ کے ووٹوں نے مجھے کامیابی دلا کر یہاں تک پہنچایا ہے اور اب میں آپ سے کئے گئے وعدوں کو آپ کی حمایت سے پورا کروں گا، اگر آپ میری مدد نہ بھی کریں گے تب بھی یہ وعدے میں خود پورے کر دکھائوں گا۔ اپنے نائب صدر مائیک پنس کے ساتھ اس بڑے اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے ٹرمپ نے کہا کہ اب ہم اپنی غلطیوں سے سیکھ کر امریکا  کی نئی خارجہ پالیسی تیار کریں گے، دہشت گردی اور انتہاپسند اسلام کا خاتمہ کریں گے اور داعش کو تباہ کر ڈالیں گے، غیرقانونی امیگریشن کو بالاخر ختم کر ڈالیں گے، سرحد پر دیوار بھی تعمیر کریں گے، اوباما ہیلتھ کیئر پلان کو منسوخ کر کے متبادل فراہم کریں گے۔ میکسیکو، کینیڈا اور امریکا کے درمیان موجود ’’نافٹا‘‘ نامی تجارتی معاہدہ تباہ کن معاہدہ ہے اسے تبدیل کرنا ہو گا، ہمیں اپنے ملک سے بھی دہشت گردی کی لعنت کو ختم کرنا ہو گا اور اب ورلڈ ٹریڈ سینٹر، کیلیفورنیا، فلوریڈا اور اوہایو میں دہشت گردی کے واقعات دہرانے کی اجازت نہیں دی جائے گی۔ مسلم علاقوں سے امیگریشن کو معطل کیا جائے گا کیونکہ وہاں سے دہشت گرد بھی امریکا آتے ہیں، ریفیوجی کے پیدا کردہ مسائل اور ان کی امریکا آمد کو بھی کنٹرول کیا جائے گا، انہوں نے  امریکا میں ایک صنعتی انقلاب برپا کیا جائے گا۔ ’’امریکہ سب سے پہلے اور امریکہ سب پر مقدم ہو گا‘‘ قومی جھنڈے جلانے والوں کے لئے بھی سزا کی حمایت کرتے ہوئے ڈونلڈ ٹرمپ نے کہاکہ دنیا آگ کے دہانے پر ہے، خطرناک صورتحال ہے، ہماری سرحدیں کمزورحالت میں ہیں۔ چین سے تجارت میں ہم کو800ارب ڈالر کا خسارہ ہو چکا اور 70ہزار فیکٹریاں امریکا سے باہر جا چکی ہیں۔ ’’امریکی بنو اور امریکی مال خریدو‘‘ کا عمل ہو گا۔ نومنتخب صدر ٹرمپ نے کہا کہ انتخابی مہم کے دوران کیے گئے تمام وعدوں پر  عمل ہوگا۔ ویزا اور امیگریشن پروگرام میں بھی تبدیلیاں کی جائیں گی۔ ٹرمپ نے اپنی کابینہ میں دولت مند شخصیات کو شامل کرنے کے بارے میں تنقید کا جواب دیتے ہوئے کہا کہ یہ لوگ دولت بنانا اور خوشحالی لانا جانتے ہیں لہٰذا میں اپنی ٹیم میں ایسے ہی کامیاب اور رزلٹ دینے والے لوگ شامل کروں گا۔ ٹرمپ نے ایک بار پھر ہیلری کلنٹن کا ذکر کرتے ہوئے ان کا مذاق اڑایا۔ مشہور خاتون اینکر پرسن کی ٹرمپ کی کامیابی پر رونے کا مذاق اڑاتے ہوئے ذکر کیا۔ ٹیکسوں میں کمی کا وعدہ دہرایا اور یقین دلایا کہ مذکورہ تمام تبدیلیاں لائی جائیں گی۔ ڈونلڈ ٹرمپ کی اس تقریر نے غیرقانونی امیگرنٹس، امریکی اقلیتوں اور مسلم کمیونٹی کی تشویش میں اضافہ کر دیا ہے کیونکہ ٹرمپ کی کابینہ اور معاونین کی ٹیم بھی پرجوش انداز میں اس ایجنڈے پر عمل کی حامی ہے۔ 
تازہ ترین