• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

بارشیں نہ ہونے سے آبی ذخائر کم ترین سطح پر پہنچ گئے، ڈی جی محکمہ موسمیات

 کراچی (ٹی وی رپورٹ)پی ٹی آئی کے رہنما شفقت محمود نے کہا ہے کہ پاناما کیس میں سپریم کورٹ کے فیصلے کو من و عن قبول کریں گے، پاناما کیس پرپیشرفت بیان کرنا پی ٹی آئی کی میڈیا حکمت عملی نہیں ہے، وزیراعظم ہاؤس سے چلنے والا مریم میڈیا سیل عوام کے پیسوں سے چل رہا ہے۔ وہ جیو کے پروگرام ”نیا پاکستان طلعت حسین کے ساتھ“ میں میزبان طلعت حسین سے گفتگو کررہے تھے۔ پروگرام میں مسلم لیگ نواز کے رہنما طارق فضل چوہدری، نمائندہ جیو نیوز ایاز اکبر یوسفزئی بھی شریک تھے جبکہ ملک میں پانی کے ممکنہ بحران پر ڈائریکٹر جنرل محکمہ موسمیات ڈاکٹر غلام رسول سے بھی گفتگو کی گئی۔طارق فضل چوہدری نے کہا کہ عمران خان عدالتوں کے فیصلے پر اثرانداز ہونے کی کوشش کررہے ہیں، پی ٹی آئی پاناما کیس میں عدالت میں ثبوت جمع کروانے میں ناکام ہوگئی ہے، عدالت نواز شریف کو دوبارہ کلین چٹ دیدے گی۔ڈائریکٹر جنرل محکمہ موسمیات ڈاکٹر غلام رسول نے کہا کہ خاطر خواہ بارشیں نہ ہونے سے آبی ذخائر کم ترین سطح پر پہنچ گئے ہیں، علاقائی تجزیوں کے مطابق جنوبی ایشیا جنوری تک خشک سالی سے دوچار ہوگا۔شفقت محمود نےکہا کہ پاناما کیس پرپیشرفت بیان کرنا پی ٹی آئی کی میڈیا حکمت عملی نہیں ہے، تحریک انصاف سپریم کورٹ کی کارروائی پر تبصرہ کررہی ہے جو مسلم لیگ ن بھی کرتی ہے،پاناما کیس شروع ہونے کے بعد شریف خاندان کی غلط بیانی سامنے آگئی ہے، عدالتی کارروائی سے پاناما کیس کی نوعیت واضح سامنے آگئی ہے، پاناما کیس کی بنیاد تین چیزوں آرٹیکل 62/63کی خلاف ورزی، غلط اثاثے ظاہر کرنا اورٹیکس چوری پر ہے، عدالت میں جمع بیان سے ثابت ہوگیاکہ نواز شریف نے فلور آف دی ہاؤس پر غلط بیانی کی تھی جو آرٹیکل 62/63کے زمرے میں آتا ہے، نئی ٹرسٹ ڈیڈ پیش کرنے سے پتا چل گیا کہ مریم نواز کی جائیداد ظاہر نہیں کی گئی تھی۔شفقت محمود کا کہنا تھا کہ وزیراعظم ہاؤس سے چلنے والا مریم میڈیا سیل عوام کے پیسوں سے چل رہا ہے، پی آئی ڈی جیسے اداروں کو اپنے مفاد میں استعمال کیا جارہا ہے، پاناما کیس میں سپریم کورٹ کے فیصلے کو من و عن قبول کریں گے، میڈیا میں خبروں سے جج مرعوب نہیں ہوتے ہیں، جج عدالت میں پیش کیے گئے ثبوتوں، تحقیقات اور سوالات کی بنیاد پر فیصلے کرتے ہیں۔طارق فضل چوہدری نے کہا کہ عمران خان عدالتوں کے فیصلے پر اثرانداز ہونے کی کوشش کررہے ہیں، پی ٹی آئی پاناما کیس میں اپنے پانچ الزامات پر عدالت میں ثبوت جمع کروانے میں ناکام ہوگئی ہے، تحریک انصاف دھرنوں اور گالم گلوچ کے ذریعے زندہ رہنے کی کوشش کررہی ہے، پی ٹی آئی پاناما لیکس پر بھی شرمندہ ہوگی ، عدالت نواز شریف کو دوبارہ کلین چٹ دیدے گی۔انہوں نے کہا کہ وزیراعظم ہاؤس میں ن لیگ کے ممبران کی بیٹھکوں میں حکومتی خرچہ نہیں ہوتا ہے، وزیراعظم ہاؤس کے کھانے اور چائے کا خرچہ وزیراعظم اپنی جیب سے دیتے ہیں، پی آئی ڈی میں پریس کانفرنس کیلئے پی ٹی آئی کو بھی اجازت ہے، وزیراعظم کے خلاف کوئی بھی سازش ہوگی یا غلط الزام لگایاجائے گا تو ہم اس کا دفاع کریں گے۔ایاز اکبر یوسفزئی نے کہا کہ پاناما کیس عدالتی جنگ کے بجائے میڈیا کی جنگ میں تبدیل ہوگیا ہے، پی ٹی آئی اورمسلم لیگ ن پاناما کیس عدالت کے بجائے میڈیا پر لڑنا چاہ رہی ہیں، پی ٹی آئی نواز شریف کے قول وفعل میں تضاد ثابت کرنا چاہتی ہے۔ڈائریکٹر جنرل محکمہ موسمیات ڈاکٹر غلام رسول نے کہا کہ ملک میں بارشیں نہ ہونے سے صورتحال سنجیدہ ہوگئی ہے، مون سون وقت سے ایک مہینہ پہلے ختم ہوگئی ہے، خاطر خواہ بارشیں نہ ہونے سے آبی ذخائر کم ترین سطح پر پہنچ گئے ہیں، بارشیں نہ ہونے سے بارانی علاقوں کے کاشتکار اپنی کاشت نہیں کرسکے ہیں، علاقائی تجزیوں کے مطابق جنوبی ایشیا جنوری تک خشک سالی سے دوچار ہوگا، زمینی آبی ذخائر کم ہوئے تو پینے کے پانی کا بحران بھی پیدا ہوسکتا ہے، پاکستان کو پانی جمع کرنے کی صلاحیت بڑھانی ہوگی۔میزبان طلعت حسین نے پروگرام میں اہم نکتہ بیان کرتے ہوئے کہا کہ وزیراعظم نواز شریف اور نومنتخب امریکی صدر کی گفتگو کا ایک حصہ وزیراعظم ہاؤس نے جاری کیا تھا، جمعےکو ڈونلڈ ٹرمپ کے آفس نے بھی اس بات چیت پر مختصر بیان جاری کیا ہے، وزیراعظم ہاؤس سے جاری پریس ریلیز میں ٹرمپ کی طرف سے نواز شریف کی تعریف کو زیادہ نمایاں کیا گیا تھا اس سے ایسا لگا کہ وہ ان باتوں سے خوش ہورہے ہیں، ان معاملات میں ہمیں بہت احتیاط کرنی چاہئے تھی۔ڈونلڈ ٹرمپ کی گفتگو میں اہم بات جسے نمایاں نہیں کیا گیا ہندوستان پاکستان کے بگڑتے تعلقات میں ثالثی کی ہے جس پر ہندوستان بہت تلملارہا ہے۔
تازہ ترین