• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

پنجاب میں زمینوں کی درست پیمائش کیلئے ڈرون استعمال ہوں گے

کراچی (جنگ نیوز) پنجاب حکومت نے لینڈ ریکارڈ مینجمنٹ سسٹم کو جدید تر بنانے کا فیصلہ کرلیا، پنجاب میں زمین کی درست پیمائش کیلئے ڈرون استعمال کیے جائینگے۔ ڈرون کے استعمال سے لاہور، فیصل آباد، ملتان اور پنڈی سمیت پورے صوبے میں ایک انچ زمین پر بھی قبضہ ناممکن ہوجائیگا۔ پنجاب حکومت کے ذرائع کے مطابق لینڈ ریکارڈ مینجمنٹ سسٹم کو جدید بنانے کیلئے پنجاب آئی ٹی بورڈ کی معاونت سے پائلٹ پراجیکٹ تیار کیا گیا ہے۔ اس منصوبے کے تحت انفارمیشن ٹیکنالوجی کے ذریعے لینڈ ریکارڈ کو کمپیوٹرائز کرنے کے عمل کو تیز تر کرنے میں مدد ملے گی، کمپیوٹرائزڈ لینڈ ریکارڈ رکھنے میں معاونت ملے گی، جدید ترین ڈرون ٹیکنالوجی سے اراضی کی پیمائش میں تیزی آنے کے ساتھ اسکی بہتر سروسز بھی دستیاب ہونگی۔ ترجمان حکومت پنجاب کے مطابق لینڈ ریکارڈ مینجمنٹ سسٹم کو تجاوزات کے خاتمے کیساتھ ریونیو کیسز کو جلد نمٹانے میں بھی استعمال کیاجائیگا۔ یہ پراجیکٹ وزیر اعلیٰ شہباز شریف کے گُڈ گورننس کا مقصد حاصل کرنے کیلئے جدید ٹیکنالوجی کے استعمال کے ویژن کی عکاسی کرتا ہے۔
تازہ ترین