• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

سرتاج عزیز کل بھارت جائینگے، دوطرفہ مذاکرات نہیں ہونگے‘ پاکستان

اسلام آباد (فاروق اقدس) افغانستان میں دیرپا امن کے قیام اور استحکام کیلئے غور و خوص‘ تجاویز و مشاورت اور مجوزہ اقدامات پر عملدرآمد کا جائزہ لینے کیلئے ہارٹ آف ایشیا کانفرنس آج (ہفتے) سے بھارت کے شہر امرتسر میں شروع ہو رہی ہے۔ وزیراعظم کے مشیر برائے خارجہ امور سرتاج عزیز جو کانفرنس میں پاکستانی وفد کی سربراہی کریں گے وہ کل (اتوار) کی صبح خصوصی پرواز کے ذریعہ امرتسر جایئں گے اور اسی شب واپس آجائیں گے۔ کانفرنس سے بھارتی وزیراعظم نریندر مودی‘ افغانستان کے صدر ڈاکٹر اشرف غنی افتتاحی خطاب کریں گے جبکہ اس دو روزہ کانفرنس میں مختلف ممالک سے آئے ہوئے وزرائے خارجہ بھی خطاب کریں گے۔ کانفرنس میں پاکستان‘ افغا نستا ن اور بھارت کے علاوہ روس‘ چین‘ ایران‘ قازقستان‘ سعودی عرب‘ تاجکستان‘ ترکی‘ ترکمانستان اور متحدہ عرب امارات کے نمائندے بھی شرکت کر رہے ہیں۔ دریں اثناء مصدقہ ذرائع سے معلوم ہوا ہے کہ سرتاج عزیز اپنی تقریر میں تمام فوکس افغانستان کی صورتحال پر رکھیں گے اس حوالے سے ان کی تقریر کا مسودہ وزارت خارجہ میں افغان امور سے تعلق رکھنے والے حکام کی مشاورت سے تیار ہوچکا ہے۔ دریں اثناء معلوم ہوا ہے کہ بھارتی حکام یہ خواہش رکھتے تھے کہ پاکستان افغانستان کے موضوع پر امرتسر میں ہونے والی کانفرنس کا بائیکاٹ کر دے۔ وزیراعظم نے اپنے مشیر کو واضح طور پر ہدایت کی تھی کہ وہ نہ صرف کانفرنس میں اپنی شرکت کو یقینی بنائیں بلکہ وہاں جا کر افغان بھائیوں کا مقدمہ بھی موثر انداز میں پیش کریں۔
تازہ ترین