• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

اسلامک ریلیف کی مدد سے جنوبی افریقہ میں چلڈرن سپیشلسٹ کیئر یونٹ کا قیام

لندن (جنگ نیوز)انٹرنیشنل ایڈ چیرٹی اسلامک ریلیف فنڈ یوکے کی جانب سے 2ملین پونڈ کے خطیر عطیے سے جوہانسبرگ میں دی نیلسن منڈیلا چلڈرن ہسپتال کینسر یونٹ کا آغاز ہوگیا۔ یہ خصوصی کینسر کیئر یونٹ ہے چلڈرن ہسپتال کا باقاعدہ آغاز جمعہ 2دسمبر کو جنوبی افریقہ کے نوبل انعام یافتہ لیڈر نیلسن منڈیلا کی تیسری برسی کے موقع پر ہوا جو 5دسمبر کو ہوگی، براعظم افریقہ میں 450ملین بچوں کے لیے صرف چار سپیشلسٹ چلڈرن ہسپتال ہیں جبکہ برطانیہ میں ایسے 20ہسپتال ہیں۔ انتہائی جدید نیلسن منڈیلا چلڈرن ہسپتال سے خطے میں صورت حال میں تبدیلی آئے گی۔ پارک ٹائون جوہانسبرگ فیسلیٹی جنوبی افریقہ میں جدید چائلڈ سینٹرڈ ہیلتھ کیئرفیسیلٹیز کا معیار قائم کرے گی اس میں بون میرو ٹرانسپلانٹ یونٹ، لیبارٹری، انتہائی نگہداشت یونٹ، ہائی کیئر بیڈز، جدید ترین فارمیسی اور ریڈیالوجی یونٹ ہے۔ اسلامک ریلیف فنڈ نے 2.51ملین پونڈ عطیہ کیے، اسلامک ریلیف ورلڈوائیڈ نے تن تنہا چلڈرن ہسپتال میں اونکولوجی یونٹ کو سپورٹ کیا۔ اسلامک ریلیف یوکے کے ڈپٹی ڈائریکٹر طفیل حسین نے کہا کہ اسلامک ریلیف کو اونکولوجی ڈیپارٹمنٹ کے لیے فنڈنگ کرنے پر فخر ہے۔ جس میں براعظم افریقہ کے کینسر کے موذی مرض سے متاثرہ بچوں کو معیاری علاج اور تشخیص کی سہولتیں فراہم کی جائیں گی۔ اس کے علاوہ خطے میں دیگر تین ہسپتال ایسی سہولتیں فراہم کررہے ہیں۔انہوں نے کہا کہ ہمیں سٹیٹ آف آرٹ فیسلیٹی کے ساتھ منسلک ہونے پر فخر ہے جس کی اس خطے میں شدید ضرورت تھی اور یہ نیلسن منڈیلا جیسے لیڈر کو خراج عقیدت پیش کرنے کا ایک حصہ ہے۔ انہوں نے کہا کہ نیلسن منڈیلا نے لوگوں کی زندگیوں کو بہتر بنانے کے لیے جدوجہد کی اور ان کو اس انداز میں خراج عقیدت پیش کرنا موزوں ترین ہے۔ انہوں نے کہا کہ آنے والی دہائیوں میں یہ ہسپتال جنوبی افریقہ کے بچوں کے لیے امید اور زندگی کی روشنی کا مرکز ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ اس اہم پروجیکٹ کی تکمیل دنیا بھر میں ہمارے وسیع القلب مخیر ڈونرز کی مدد کے بغیر ممکن نہیں تھی۔ ہم کمزور ناتواں اور ضرورت مندوں کی مدد کے لیے ہمہ وقت تیار رہتے ہیں اور یہ کام بلاتفریق رنگ نسل مذہب ہرجگہ سرانجام دیتے ہیں۔ اسلامک ریلیف کے عطیہ سے تیار ہونے والا اونکولوجی یونٹ 200بستروں پر مشتمل ہوگا جس میں کارڈیالوجی، کارڈیوتھراسک سرجری ہیماٹولوجی، نفردلوجی، پلمونولوجی، کارنیوفیسکل سرجری، نیوروسائنسز اور جنرل پیڈیاٹرک سرجری کی سہولت بھی ہے۔ چائلڈہڈ کینسر فائونڈیشن کے تازہ ترین اعدادوشمار کے مطابق جنوبی افریقہ میں 16سال سے کم عمر کے 600میں سے ایک بچہ کینسر سے متاثر ہے جبکہ جنوبی افریقہ میں کینسر سے متاثرہ 40فیصد سے زائد بچوں کو کبھی سپیشلسٹ ٹریٹمنٹ نہیں دی گئی۔ اس ہسپتال میں پہلا نوجوان مریض سال نوکے اوائل میں ڈائلیسس اور ریڈیالوجی ٹریٹمنٹ کے لیے داخل ہوگا۔
تازہ ترین