• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

آن لائن ڈیٹنگ سکینڈل، خاتون سے 3 لاکھ پونڈ ہتھیالئے گئے

لندن( جنگ نیوز) لندن میں آن لائن میسج کے ذریعہ فراڈ کا ایک سکینڈل سامنے آیا ہے جس میں نامعلوم شخص نے ایک خاتون نینسی کو آن لائن محبت کا جھانسہ دے کر اپنے جال میں پھنسایا اور اس کے بعد مختلف حیلوں بہانوں سے اس سے رقم اینٹھتا رہا اور اس طرح اس سے مجموعی طورپر 3لاکھ پونڈ اینٹھ لئے۔خاتون نے جو اپنا نام ظاہر کرنا نہیں چاہتی بی بی سی ریڈیو یارک کو بتایا کہ ایک شخص نے جو غالباً ترکی میں ہے، اس سے آن لائن رابطہ کیا تھا اس نے بتایا کہ ایک شادی کی ناکامی کے بعد میں نے ویب سائٹ میچ ڈاٹ کام پر ڈیٹنگ کی دنیا میں قدم رکھاتھا جولائی 2015کو مجھےنارتھ یارک شائر سے ایک محبت بھرا پیغام موصول ہوا میں نے فوری طورپر رابطہ کیا میرا خیال تھا کہ وہ بہت پرکشش اور خوبصورت آدمی ہوگا جو واقعی مجھ سے بات کرنا چاہتاتھا۔ اس نے پیغام میں کہاتھا کہ مجھ سے ملوگی تو میں محبت اور پیار کی برسات کردوں گا،اس نے کہا کہ ذرا سوچیں کہ آپ کسی ایسے انسان کے ساتھ 10سال گزار چکے ہوں جو روزانہ آپ کو انتہائی کریہہ صورت قرار دیتاہو اور اس کے بعد کوئی آپ کی تعریف کررہاہوتو ظاہر ہے کہ آپ ہوا میں اڑنے لگیں گے۔6ہفتے تک اس طرح آن لائن میسجنگ کے بعد انھوںنے ایک دوسری میسجنگ سروس کے ذریعے بات کرنا شروع کردی، اور اس نے اس سے رقم کا مطالبہ کیا اس نے خاتون سے کہا کہ اس کے بیٹے کو لوٹ لیاگیا اور زخمی کیاگیاہے اور اسے فوری طبی امداد کی ضرورت ہے جس کیلئے اسے فوری طورپر 3ہزار750یور و کی ضرورت ہے یہ رقم کا براہ راست مطالبہ نہیں تھا میں اس طرح کے فراڈ کا سامنا کرتی رہی ہوں۔میں نے نہ چاہتے ہوئے بھی رقم اسے بھیج دی،کیونکہ میں یہ سوچ بھی نہیں سکتی تھی کہ ہم تو خوش وخرم رہیں اور ایک بچہ کسمپرسی کا شکار ہو۔ نینسی کاکہناہے کہ اس بعد تومیسجز کا طوفان آگیا صبح شام اٹھتے بیٹھتے مجھے میسیج ملنے لگے اور ان میں رقم کامطالبہ کیاجاتاتھا لیکن میں نے اس سے کسی اور کو آگاہ نہیں کیا جب بھی رقم کامطالبہ سامنے آتاتھا مجھے یہ باور کرایا جاتاتھا کہ میں کسی کو بتائوں نہیں کیونکہ یہ اچھا معلوم نہیں ہوتا۔ میںنے شادی کےایک تلخ تجربے سےجان چھڑائی تھی اور اب ایک اور ایسی ہی صورت حال کاسامنا کرنا پڑرہاتھا،اب بات یہاں تک پہنچ گئی تھی کہ مجھ سے کہاجاتا تھا کہ اگر میں نے رقم نہیں بھیجی تو وہ بھوکا مر جائے گا۔میرا ضمیر اس پر مطمئن نہیں تھا ،آپ ذرا غورکریں کہ آپ ایک ایسے مرحلے میں پہنچ چکے ہوں جہاں آپ خاصی رقم سے محروم ہوچکے ہوں اور پھر بھی آپ ایسا اس امید پر کررہے ہوں کہ شاید آپ کاخیال غلط ہو آن لائن فراڈ ایڈوائس پڑھنے کے بعد نینسی نے پہلی مرتبہ ستمبر میں پولیس سے رابطہ کیا لیکن اس وقت تک وہ 3لاکھ پونڈ سے محروم ہوچکی تھی ،نینسی کا کہناہے کہ اس جرم کے نتیجے میں ابھی تک کسی کو گرفتار نہیں کیاجاسکاہے لیکن اب میری حالت یہ ہے کہ اب میرے پاس رہنےکوکوئی گھر نہیں ہے اور میں بھاری قرض میں دب چکی ہوں لیکن اب مجھ پر سے دبائو ختم ہوچکاہے ،میں نے اپنا کاروبار دوبارہ شروع کردیاہےاو ر اب مجھے نیٹ ورک سے بھی کافی مدد مل رہی ہے۔
تازہ ترین