• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

جشن میلاد النبیَ ، مساجد میں چراغاں اور محافل کا سلسلہ جاری

سکھر + سیٹھارجہ (بیورو رپورٹ/ نامہ نگار) سکھر میں جامع مکرانی مسجد بندر روڈ میں پرچم کشائی کی تقریب کا انعقاد کیا گیا۔ مفتی محمد ابراہیم قادری نے پرچم بلند کرکے جشن میلاد النبی ﷺ کی تقریبات کا آغاز کیا۔ اس موقع پر محفل نعت کا انعقاد کیا گیا جس میں معروف نعت خواں مقبول احمد نقشبندی ، ذیشان الٰہی سیال نے بارگاہ رسالتَ میں نذرانہ عقیدت پیش کیا۔ محفل میں لوگوں کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔ تقریب میں حاضرین محفل کے لئے بذریعہ قرعہ اندازی ایک عمرہ ٹکٹ بھی انعام میں رکھا گیا تھا جو ذوالفقار میمن کے حصے میں آیا۔تقریب سے مفتی محمد ابراہیم قادری، مفتی چمن زمان اور مشرف محمود قادری سمیت دیگر علماء کرام نے خطاب کیا۔ دریں اثناء سنی تحریک کے مرکزی رہنما حافظ محبوب علی سہتو نے کہا ہے کہ ماہ ربیع الاول میں صفائی و ستھرائی ، اسٹریٹ لائٹس کے نظام کو بہتراور گھنٹوں غیر اعلانیہ لوڈشیڈنگ ختم نہ کی گئی تو عوام اہلسنت ضلع انتظامیہ اور سپیکو کے دفاتر کا گھیراؤ کرکے دھرنا دینے پر مجبور ہو جائیں گے ،غیر اعلانیہ لوڈشیڈنگ کے باعث جشن میلاد مصطفی کے پروگرام متاثر ہورہے ہیں وہ ریجنٹ کالونی کے مختلف علاقوں مدینہ کالونی ، سیلم کالونی میں پرچم کشائی کی تقریبات سے خطاب کررہے تھے۔ اس موقع پر صوبائی رہنما انور کمال بلوچ ، شہزاد خرم ، ماجد غوری ، دانش قادری ، فہیم الدین دیگر بھی موجود تھے۔ سیٹھارجہ:جشن میلاد النبیَ کے سلسلے میں سیٹھارجہ اور گرد ونواح میں مساجد میں چراغان اور میلاد کا سلسلہ شروع ہوچکا ہے اور میلاد مصطفیَٰ کمیٹی کی جانب سےشہر کے اندر بڑے بڑے بینرآویزاں کئے گئے ہیں جبکہ گھروں میں بھی محفل میلاد اور درود کا سلسلہ جاری ہے اور نعلین شریف کے پرچم لگائے جارہے  ہیں۔
تازہ ترین