• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

عوامی جماعت پیپلز پارٹی کو محلات تک محدود کردیا گیا،ناہید خان

کراچی (ٹی وی رپورٹ)مولا بخش چانڈیو نے کہا ہے کہ ن لیگ طے شدہ سرپرستوں کی سرپرستی میں کام کررہی ہے ، پیپلزپارٹی کو ختم کرنے کی خواہش رکھنے والوں نے ذوالفقار علی بھٹو اور بینظیر بھٹو کو قتل کیا ۔ پیپلزپارٹی سے بھی کچھ غلطیاں ہوئی ہیں ۔ اب بلاول بھٹو پنجاب میں عوامی ربطے کریں گے تو پنجاب میں پی پی پی کی پوزیشن مستحکم ہوگی۔وہ جیو کے پروگرام ”نیا پاکستان طلعت حسین کے ساتھ“ میں میزبان طلعت حسین سے گفتگو کررہے تھے۔پروگرام میں پیپلزپارٹی کے حال ، مستقبل کے حوالے سے پیپلزپارٹی کی سابق رہنما ناہید خان ، سربراہ قومی عوامی تحریک ایاز لطیف پلیجوجبکہ وزیر اعلیٰ سیکرٹریٹ کے اخراجات عوامی پیسوں پر کے حوالے سے پی ٹی آئی کی رہنما عندلیب عباسی اور ن لیگ کی رہنما عظمیٰ بخاری سے گفتگو کی گئی۔عظمیٰ بخاری نے کہا کہ غیر ملکی دوروں اور کیمپ آفسز کے تمام اخراجات وزیراعلیٰ پنجاب خود ادا کرتے ہیں۔ناہید خان نے کہا کہ پیپلزپارٹی کا دوبارہ احیا ہونا بہت مشکل امر ہے ، پیپلزپارٹی کی قیادت نے جس طرح کارکنوں کے احساسات کو ملیا میٹ کیا ہے ، جس طرح کارکنوں کی عزت نفس کو مجروح کیا ہے ، پارٹی کی موجودہ قیادت نے وہ پارٹی جو زندگی کے ہر شعبہ سے تعلق رکھنے والے افراد کی جماعت تھی ، اس جماعت کو محلات تک محدود کردیا گیا ہے ، بلاول بھٹو کیلئے میری نیک خواہشات ہیں ، وہ 2018ء میں ملک کے وزیر اعظم نہیں بن سکتے البتہ رکن قومی اسمبلی ضرور بن سکتے ہیں کیونکہ ملکی آئین میں وزیر اعظم بننے کیلئے کم سے کم عمر 35سال مقرر کی گئی ہے ۔عظمیٰ بخاری نے کہا کہ وزیراعلیٰ ہاؤس پنجاب کے اخراجات کے بارے میں گفتگو کرنے سے پہلے پی ٹی آئی عمران خان کے خیبر پختونخوا حکومت کے ہیلی کاپٹر استعمال کرنے پر جواب دے ، وزیر اعلیٰ پنجاب کے زیر استعمال کیمپ آفسز کے اخراجات وزیر اعلیٰ پنجاب خود ادا کرتے ہیں۔ایاز لطیف پلیجو نے کہا کہ پیپلزپارٹی کو سندھ کی حکومت میں ایسی مثال قائم کرنی چاہئے تھی جس کی بنیاد پر وہ پنجاب میں بھی اپنی ساکھ برقرار رکھ سکتی تھی ، سندھ میں گزشتہ تین برسوں میں اربوں روپے کی کرپشن ہوئی ہے ، کراچی کے حالات کو بہتر بنانے کیلئے بھی پی پی نے کوئی کردار ادا نہیں کیا ہے ، سندھ میں تعلیم نام کی کوئی چیز نہیں ، یہاں زراعت کا شعبہ تباہ و برباد ہوچکا ہے ، سندھ میں طرز حکمرانی بدترین نہج پر ہے ، ملک میں گزشتہ تین برسوں میں جتنے بھی انتخابات ہوئے ہیں ، سوائے سندھ کو چھوڑ کر تمام علاقوں میں پیپلزپارٹی کو بدترین شکست ہوئی ہے ، عدالت بھی کہہ رہی ہے کہ سندھ تباہ و برباد ہوچکا ہے ، پیپلزپارٹی یہ مت دیکھے کہ کتنے لوگ ان کے جلسوں میں شریک ہیں ، کتنے لوگ ان کی لیڈر شپ کو دیکھ کر نعرے لگاتے ہیں بلکہ یہ دیکھیں کہ وہ اس وقت عوام کیلئے کیا کررہے ہیں ، پاکستان نے اپنے پچھلے دور حکومت میں ملک کیلئے کچھ نہیں کیا ۔ مولا بخش چانڈیو نے مزید کہا کہ ایک وقت ایسا تھا جب بینظیر بھٹو کی زندگی میں پنجاب سے پیپلزپارٹی نے صرف ایک نشست حاصل کی تھی ، سب کہتے تھے اس وقت کہ پنجاب میں پیپلزپارٹی ناکام ہوگئی ہے ، اس کے بعد دوبارہ کوششیں ہوئی تو دوبارہ پنجاب میں پیپلزپارٹی نے اپنا مقام حاصل کرلیا ، بلاول بھٹو میں لوگ بینظیر بھٹو کا چہرہ دیکھتے ہیں ، وہ کوششیں کریں گے اور پنجاب میں دوبارہ پیپلزپارٹی کو مضبوط کریں گے ، پیپلزپارٹی اس وقت جمہوریت کی بقاء اور اس کے تسلسل کو قائم رکھنے کیلئے سب سے زیادہ کام کررہی ہے ۔
تازہ ترین