• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

وزیراعلیٰ کی تقریب میں شرکت سے روکنے اور تشددپر نابینا افراد کا احتجاج ،مال روڈ بلاک

 لاہور(خصوصی نمائندہ،مانیٹرنگ سیل) لاہور میں خصوصی افراد کی تقریب میں مہمان خصوصی وزیراعلیٰ پنجاب  شہباز شریف سے ملنے کے خواہش مندنابینا افراد کو آرٹ گیلری میں بند کردیا گیا،وزیراعلی ٰ شہباز شریف کے الحمراء ہال سے جانے کے بعدنابینا افرادکو وہاں سے نکالا گیا تو انہوں نے احتجاج کرتے ہوئے مال روڈ بلاک کر دی اور شدید نعرے بازی کی ۔ تفصیلات کے مطابق گزشتہ روز لاہور میں مال روڈ پر واقع الحمراء ہال میں خصوصی افراد کے حوالے سے تقریب منعقد کی گئی جس میں وزیر اعلیٰ شہباز شریف نے بطور مہمان خصوصی شرکت کی تاہم نابینا افراد کو تقریب میں شرکت سے روک دیا گیا ۔ ہال میں زبردستی داخل ہونے کی کوشش کرنے والوں اور سکیورٹی اہلکاروں میں دھینگا مشتی ہوئی۔ سکیورٹی اہلکاروں نے تقریب میں لے جانے کا کہہ کر آرٹ گیلری میں بند کردیا ۔پولیس کا موقف ہے کہ نابینا افراد کو تقریب میں شرکت کے دعوت نامے جاری نہیں کئے گئے تھے، سکیورٹی کے مسائل کی خدشے کے پیش نظر انہیں تقریب سے دور رکھا گیا ہے۔جبکہ نابینا افراد کا کہنا تھا کہ ہم وزیراعلیٰ شہباز شریف سے مل کر انہیں اپنے مسائل بتانا چاہتے ہیں،ہمیں کیوں روکا جا رہا ہے۔ وزیراعلیٰ پنجاب کے تقریب سے واپس جانے کے بعد نابینا افراد نے  الحمراء ہال کے باہراحتجاجی مظاہرہ کرتے ہوئے پولیس کی بدسلوکی تشدد اور تقریب میں شرکت نہ کرنے دینے کے خلاف نعرے بازی کی۔  نابینا افراد نے مال روڈ بلاک کر دی جس کے باعث ٹریفک کا نظام بھی متاثر ہوا ۔  
تازہ ترین