• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

قومی شناخت کے نظام کی تدوین کا کام مکمل کر لیا گیا،چیئرمین نادرا

  اسلام آباد (طاہر خلیل )چیئرمین نادرا عثمان یوسف مبین نے کہا ہے کہ نادرا میں قومی شناخت کے نظام کی نئے سرےسے تدوین کا کام کامیابی سے مکمل کر لیا گیا ۔ قومی شناختی کارد کے حصول میں مشکلات کےازالے، ایجنٹ مافیا سے نجات ، شہریوں سے ناروا سلوک کے مرتکب عملے کے خلاف کارروائی سے نادرا کی کارکردگی بہتر ہوگئی ۔ ون ونڈو اپریشن کے لئے جدید سہولتوں سے آراستہ ملک کے تمام بڑے شہروں میں میگا سینٹرز قائم کئے جائیں گے ۔ چیئرمین نادرا عثمان یوسف نے ’’جنگ‘‘کےلئے ایک خصوصی انٹرویو میں جس کی تفصیلات جنگ  کے رنگین صفحات میں شائع کی جارہی ہیں کہا کہ ہمارے لئے باعث فخر امر ہے کہ نادرا نے پاکستان کو ان چند ممالک کی  صف میں لا کھڑا کیا ہے جن کے پاس اپنے شہریوں کا فول پروف اور جد یدترین ڈیٹا بیس ہے ۔ نادرا کے ذریعے پاسپورٹ ، اسلحہ لائسنس کےا جراءکو آن لائن بنا دیا گیا ہے ملک میں سینکڑوں غیر ملکی این جی اوز غیر قانونی طور پر کام کر رہی تھیں ، غیر ملکی این جی اوز کی دوبارہ رجسٹریشن کی گئی ۔ انہوں نے کہا کہ وزیراعظم کے قومی صحت پروگرام کو کامیاب بنانے کےلئے نادرا نے 31لاکھ مستحق خاندانوں کی ہیلتھ انشورنس میں کلیدی کردار ادا کیا ۔ چیئرمین نادرا کاکہنا تھا کہ شناختی کارڈ کی تصدیقی مہم کے ذریعے 13ہزار سے زائد غیر ملکیوں کےجعلی شناختی کارڈ ز بلاک کر دیئے گئے ہیں اور تحقیقات شروع ہو گئی ہے ۔ پاکستانی شناختی کارڈ سرنڈرز کرنےو الے ساڑھے تین ہزار افغانیوں کو مہاجرین کا درجہ دے دیا گیا ہے ۔ تصدیقی مہم 31دسمبر تک ختم ہو جائے گی ۔ اسلئے وہ لوگ جنہوں نے اب تک اپنے شناختی کارڈ ز کی تصدیق نہیں کرائی وہ اس رعائت سےفائدہ اٹھائیں۔ 31دسمبر کے بعد ثابت ہوا کہ کوئی اجنبی یا غیر ملکی کسی خاندان میں ہے تو ان کے کارڈز مکمل بلاک کردیں گے ۔ 136ملکوں میںآن لائن سسٹم نافذ کردیا ،2لاکھ سے زائد پاکستانی تارکین وطن اس نظام سے استفادہ کر چکے ہیں۔ نادرا میں افسران کی کارکردگی کی ہمہ وقت  نگرانی کےلئے پرفارمنس انڈیکٹرز مقرر کر دیئے گئے ہیں۔ اسلئے سزاو جزا کےلئے افسروں کے صوابدیدی اختیارات بھی ختم ہو گئے ہیں ۔ سب کام کمپیوٹر پر ہو رہا ہے ۔ ایک سال میں نادرا منافع 4ارب سے بڑھ کر6ارب ہوگیا۔ کرپشن ، غیر قانونی پروسسنگ اور دیگر بدانتظامیوں میں ملوث نادرا کے 500ملازمین برطرف کر دیئے گئے ہیں ۔ انہوں نے کہاکہ ملک کا سارا نظام آن لائن ہونے سے کرپشن کےراستے خود بخود بند ہوتے جائیں گے ۔ ملک کے تمام شعبوں میں ترقی کا عمل تیزہوگا اور لوگوں کو سہولتیں ملیں گی۔
تازہ ترین