• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

جنید جمشید کا موسیقی سے تبلیغی جماعت تک کا سفر

کراچی (احسن چوہدری) پاپ میوزک سے تبلیغی جماعت تک کا سفر جنید جمشید کی زندگی کا خاصہ رہا۔ 52سالہ تمغہ امتیاز جنید جمشید 3ستمبر 1964ء کو کراچی میں پیدا ہوئے۔ یونیورسٹی آف انجینئرنگ اینڈ ٹیکنالوجی لاہور سے گریجویشن اور پاک فضائیہ کے لئے سول کنٹریکٹر کے طور پر کام کیا لیکن میوزک کے شوق نے انہیں شوبز کی دنیا میں اپنا نصیب چمکانے کی راہ دکھائی اور برسوں تک وہ اپنے گٹار اور ہلکے مدھر سروں کی وجہ سے نوجوانوں کے دلوں پر راج کرتے رہے۔ انہوں نے پاپ موسیقی گروپ وائٹل سائنز کے مرکزی گلوکار کی حیثیت سے شہرت حاصل کی۔ 1987ء میں ملی نغمے ’’دل دل پاکستان‘‘ کی ریلز کے ساتھ ہی وہ شہرت کی بلندیوں تک پہنچ گئے اور کئی میوزک البم ریلیز کیے۔ موسیقی کے دور عرو ج پر ہی جنید جمشید کا دل اسلامی تعلیمات کی طرف مائل ہوگیا اور اپنے عروج کے دنوں میں ہی انہوں نے حتمی فیصلہ کر تے ہوئے موسیقی کی صنعت کو خیر آباد کہہ دیا اور مکمل طور پر اپنی زندگی اسلامی تعلیمات کیلئے وقف کردی۔ وہ نعت خواں ، مذہبی اسکالر اور سماجی کارکن کے طور پر جانے جاتے تھے۔ ان کی نعت ’محمدؐ کا روضہ قریب آرہا ہے‘۔ کو کافی شہرت ملی۔ جنید جمشید ایک معروف برانڈ کے بھی مالک تھے اور تبلیغی جماعت کے ساتھ ملک اور دنیا بھر میں تبلیغ کیلئے جایا کرتے تھے۔ جنید جمشید موت سے قبل بھی سابق ٹیسٹ کرکٹر سعید انور کی دعوت پر تبلیغ کے کام کے لئے چترال گئے تھے جہاں سے اسلام آباد واپسی کے دوران ان کا طیارہ حادثے کا شکار ہوگیا اور خالق حقیقی سے جاملے ۔ حادثے سے تین گھنٹے قبل سوشل میڈیا پر اپنی ایک تصویر بھی پوسٹ کی جس میں چترال کو زمین پر جنت کا ٹکڑا قرار دیا تھا۔جنید جمشید چترال سے واپسی پرپارلیمنٹ ہائوس کی مسجد کے امام احمد الرحمن سے ملاقات کیلئے جانے والے تھے اور پارلیمنٹ ہائوس کی مسجد میں جمعہ کے روز خطبہ بھی دینا تھا۔اللہ تعالیٰ تمام مرحومین کی مغفرت فرمائے۔
تازہ ترین