• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

”محمدﷺ کا روضہ قریب آرہاہے“جنید کی پہلی نعت، آخری بھی یہی رہی

کراچی(ٹی وی رپورٹ)پی ٹی آئی کے رہنما عارف علوی نے کہا ہے کہ امید کرتے ہیں سپریم کورٹ کی یہی بنچ پاناما کیس کا فیصلہ کردے، کمیشن سے متعلق کل پارٹی میٹنگ میں حتمی فیصلہ کریں گے،نواز شریف جب بھی اقتدار میں آئے ان کے کاروبار نے بے انتہا ترقی کی، جنید جمشید کی شہادت کا مجھے بہت سخت غم ہے، جنید جمشید مشکل وقت میں عمران خان سے بھی مشورہ کرتے تھے۔ وہ جیو نیوز کے پروگرام ”کیپٹل ٹاک“ میں میزبان حامد میر سے گفتگو کررہے تھے۔ پروگرام میں مسلم لیگ ن کی رہنماا نوشہ رحمن،جنید جمشید کے قریبی دوست محمد ایوب اور معروف گلوکار فاخرمحمود سے بھی گفتگو کی گئی محمد ایوب نے جنید جمشید کے ساتھ آخری ملاقات کا حال بتاتے ہوئے کہا کہ آج جنید جمشید نے نعت ”محمد کا روضہ قریب آرہا ہے“ اپنی پہلی نعت بھی یہی پڑھی تھی اور آخری نعت بھی یہی پڑھی۔نوشہ رحمن نے کہا کہ جنید جمشید پاکستان کیلئے اثاثہ تھے،پی ٹی آئی کے وکیل نے عدالت میں مسلسل غلط بیانی کی۔فاخر محمود نے کہا کہ جنید جمشید کو 80کی دہائی سے جانتا ہوں، جنید جمشید مبلغ بننے کے بعد بھی اتنے ہی خوش اخلاق تھے جتنے گلوکاری کے دوران تھے، جنید جمشید کی مبلغ بننے سے پہلے اور بعد کی زندگی میں بطور انسان کوئی فرق نہیں تھا، جنید جمشید مجھے بھی ہر ملاقات میں دین کی طرف راغب کرنے کی کوشش کرتے تھے۔انوشہ رحمن نے کہا کہ جنید جمشید پاکستان کیلئے اثاثہ تھے،وزیراعظم جب سیاست میں آئے تو بزنس سے الگ ہونے کا فیصلہ کرلیا تھا، پی ٹی آئی نے عدالت میں اپنے الزامات کے حق میں کوئی ثبوت پیش نہیں کیا، پی ٹی آئی کے وکیل نے عدالت میں مسلسل غلط بیانی کی، نعیم بخاری نے غلط کہا کہ شریف خاندان کی ہر فیکٹری نقصان میں جارہی تھی، گلف اسٹیل کے 25فیصد شیئرز فروخت کرنے سے بارہ ملین درہم حاصل ہوئے۔عارف علوی نے کہا کہ جنید جمشید کی شہادت کا مجھے بہت سخت غم ہے، جنید سے میری بہت پرانی دوستی تھی، جنید جمشید کو بہت سراہتا ہوں جو علم حاصل کر کے اپنی زندگی میں اتنی بنیادی اور بڑی تبدیلی لے کر آئے، جنید جمشید مشکل وقت میں عمران خان سے بھی مشورہ کرتے تھے، مسلمان ہوجانے والے برطانوی گلوکار یوسف بھی جنید جمشید کے آئیڈیل تھے، جنید جمشید نے ہمیشہ مجھے سیاست کے بجائے تبلیغ کی طرف راغب کیا۔انہوں نے کہا کہ نواز شریف جب بھی اقتدار میں آئے ان کے کاروبار نے بے انتہا ترقی کی، نواز شریف جو اربوں روپے ٹیکس دینے کی بات کرتے ہیں وہ سیلز ٹیکس اور ایکسائز ڈیوٹی ہے جو ڈاؤن اسٹریم چارج کر کے حکومت کو دیا جاتا ہے، نواز شریف کی دولت کہیں گوشواروں میں نہیں ہیں، ان کی تمام ملیں نقصان میں رہتی ہیں، چوہدری شوگر ملز کبھی ڈیویڈنڈ نہیں دیتی ، گلف اسٹیل نقصان میں گئی اورحدیبیہ بھی بند ہوگئی تو ان کے پاس دولت کیسے جمع ہوگئی،شریف خاندان لندن فلیٹس کی منی ٹریل پر پردہ ڈالنے کیلئے قطری شہزادے کا خط لے آیا۔عارف علوی نے کہا کہ امید کرتے ہیں سپریم کورٹ کی یہی بنچ پاناما کیس کا فیصلہ کردے، کمیشن سے متعلق کل پارٹی میٹنگ میں حتمی فیصلہ کریں گے، شریف خاندان کی تمام باتیں زبانی کلامی نکل رہی ہیں۔محمد ایوب نے جنید جمشید کے ساتھ آخری ملاقات کا حال بتاتے ہوئے کہا کہ آج جنید جمشید نے بارہ بجے مدرسے میں بیان کیا ، اس کے بعد ایک اور جگہ بات کی جہاں لوگوں نے ان سے نعت ”محمد کا روضہ قریب آگیا“ سنانے کی فرمائش کی، جنید جمشید یہ نعت سناتے ہوئے آخر میں روپڑے تھے، جنید جمشیدنے اپنی پہلی نعت بھی یہی پڑھی تھی اور آخری نعت بھی یہی پڑھی۔ محمد ایوب نے بتایا کہ جنید جمشید تقریباً دس دن چترال میں ہمارے ساتھ رہے تھے، جنید جمشید کی اہلیہ بھی ان کے ساتھ تھیں، جنید جمشید روانہ ہوتے وقت بہت خوش تھے۔
تازہ ترین