• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

عدالت خود سماعت کرے یا کمیشن بنائے، ہرصورت قبول ہوگا، وزیراعظم نوازشریف

اسلام آباد( آصف علی بھٹی) وزیراعظم نواز شریف نے فیصلہ کیاہےکہ عدالت خود سماعت کرے یا کمیشن بنائے، انہیں ہرصورت قبول ہوگا۔ عدالت کے باہر اور عدالت کے اندر پہلے بھی سچ بولا اور آئندہ بھی سچ بولیں گے۔ اعلیٰ سطح ذرائع کے مطابق وزیراعظم نوازشریف کی زیرصدارت، وزیراعظم ہائوس میں قانونی ٹیم نے ملا قا ت کی ، جس اکرم شیخ اور سلمان بٹ نے پاناما کیس کے اب تک مراحل اور سپریم کورٹ کی ہدایت کے بارے میں وزیراعظم کو بریف کیا۔ اس موقع پر سپریم کورٹ کی کمیشن کے قیام پر رائے پیش کرنے کی ہدایات سے متعلق امور پر بھی مشاورت کی گئی۔ ذرائع کا کہناہے کہ وزیراعظم نواز شریف کی قانونی ٹیم اور مشیروں سے مشاورت مکمل کرلی گئی، جس میں وزیراعظم کا کہناتھاکہ نہ کچھ پہلے چھپایا نہ اب چھپانے کی ضرورت ہے ،پہلے بھی ہرموقع پر سچ بولا اور اب بھی وہی موقف ہوگا۔جیونیوز کو قانونی ٹیم کے ذرائع نے بتایاکہ وزیراعظم نواز شریف اپنی کوئی ذاتی رائے دینے کے حق میں نہیں اور سپریم کورٹ کیس خود سنے یا کمیشن قائم کرے انہیں دونوں صورتوں میں قبول ہوگا۔اس سے قبل وزیراعظم نے کیس سے متعلق اپنے موقف پر بھی قانونی ٹیم سے مشاورت کی، شریف خاندان کی لیگل ٹیم کے ارکان اور قانونی مشیر و معاون خصوصی بھی ملاقات میں شریک تھے ۔ ملاقات میں اٹارنی جنرل اشتراوصاف بھی شریک ہوئے اور کیس کےمختلف پہلوئوں سے آگاہ کیا۔ ذرائع کا کہناہے کہ یہ بھی فیصلہ کیاگیاہے کہ سلمان بٹ ایڈووکیٹ وزیراعظم نوازشریف جبکہ اکرم شیخ ایڈووکیٹ ان کے بچوں کے سپریم کورٹ میں بدستور وکیل کی حیثیت سے پیش ہوں گے۔
تازہ ترین