• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

ججز پاناما کیس پر جلد بازی میں کوئی ایسا فیصلہ نہیں دیں گے ،نجم سیٹھی

کراچی(ٹی وی رپورٹ)سینئر تجزیہ کار نجم سیٹھی نے کہا ہے کہ نواز شریف کے خلاف جلد بازی میں فیصلہ نہیں دیا جاسکتا،اس لئے کمیشن بنانا ہی بہتر فیصلہ ہوگا، ججوں کی بھی یہی خواہش ہوگی پاناما پر کمیشن بنادیا جائے، پاناما کیس میں ججز قانون کی بالادستی کریں گے اور جلد بازی میں کوئی ایسا فیصلہ نہیں دیں گے جس سے کوئی ایک فریق یا دونوں فریقین سمجھیں کہ انہیں انصاف نہیں ملا ہے،اسی لئے ججوں نے فریقین سے کمیشن بنانے کے بارے میں پوچھا ہے،عدالت وزیراعظم اور ان کے بچوں کے حق میں فیصلہ دیدیتی ہے تو اس کا نقصان اپوزیشن کو ہوگا۔ وہ جیو نیوز کے پروگرام ”آپس کی بات“ میں میزبان منیب فاروق سے گفتگو کررہے تھے۔ پاناما کیس میں آج کی سماعت پر تجزیہ کرتے ہوئے نجم سیٹھی نے کہا کہ پاناما کیس میں ججز قانون کی بالا د ستی کریں گے اور جلد بازی میں کوئی ایسا فیصلہ نہیں دیں گے جس سے کوئی ایک فریق یا دونوں فریقین سمجھیں کہ انہیں انصاف نہیں ملا ہے، اسی لئے ججوں نے فریقین سے پوچھا ہے اب تک جو باتیں ہوئی ہیں اس پر فیصلہ دیدیا جائے یا کوئی کمیشن بنادیا جائے، عدالت نے واضح کردیا ہے کہ یہ یک رکنی بااختیار کمیشن ہوگا جو ٹی اوآرز بھی خود بنائے گا، سپریم کورٹ نے دونوں فریقین سے یہ سوال پوچھ کر بہت اچھا قدم اٹھایا ہے۔ نجم سیٹھی کا کہنا تھا کہ سپریم کورٹ میں جج حضرات پی ٹی آئی کے الزامات اور مسلم لیگ ن کے جوا با ت سے مطمئن نظر نہیں آرہے ہیں، پی ٹی آئی نے نواز شریف کے خلاف کوئی ثبوت پیش نہیں کیے البتہ حسین نواز اور مریم نواز کے بارے میں کچھ سوالات پیدا ہوگئے ہیں۔ نجم سیٹھی نے کہا کہ ججوں کی خواہش ہوگی پاناما پر کمیشن بنادیا جائے، پاناما کیس کا فیصلہ یہی بنچ کرے یا کمیشن کرے مسلم لیگ ن دونوں صورتوں پر راضی ہے، عمران خان کا موقف ہے کہ سپریم کورٹ ابھی فیصلہ کرتی ہے تو نواز شریف کے خلاف کرے، اگر کمیشن بناتی ہے تو نواز شریف کو استعفیٰ دینے کیلئے کہے ورنہ ہم کمیشن نہیں مانیں گے، سپریم کورٹ وزیراعظم نواز شریف کو استعفیٰ دینے کیلئے نہیں کہہ سکتی ہے۔ نجم سیٹھی کا کہنا تھا کہ چالیس سال پرانا ریکارڈ کوئی بھی نہیں رکھتا ہے لیکن منی ٹریل دس سال پرانے ریکارڈ میں بھی جھلکتی ہے، شریف خاندان کے پاس قطری شہزادے سے فلیٹس ملنے ، اس کے بعد کی سرمایہ کاری، کمپنی اور شیئرہولڈرز کا ریکارڈ ہونا چاہئے، یہ ریکارڈ چالیس سال نہیں بیس پچیس سال پرانا ریکارڈ ہے، 2005ء کے بعد سے نیسکول اور نیلسن کے ٹیکس ریکارڈ بھی عدالت مانگ سکتی ہے۔ نجم سیٹھی نے کہا کہ نواز شریف کے خلاف جلد بازی میں فیصلہ نہیں دیا جاسکتا اس لئے کمیشن بنانا ہی بہتر فیصلہ ہوگا، اگر عدالت وزیراعظم اور ان کے بچوں کے حق میں فیصلہ دیدیتی ہے تو اس کا نقصان اپوزیشن کو ہوگا، اگر کمیشن کے ٹی او آرزبھی سپریم کورٹ بنادیتی ہے تو ن لیگ اور پی ٹی آئی دونوں کو فائدہ ہوسکتا ہے، مسلم لیگ ن کو سوالات کے جواب دینے کا موقع مل جائے گا جبکہ تحریک انصاف کو فائدہ ہوگا کہ کمیشن جتنے دن تحقیقات کرے گا اتنا ہی ن لیگ کے خلاف پرو پیگنڈہ ہوگا، عمران خان اس وقت تک خوش نہیں ہوں گے جب تک نواز شریف کو باہر نہیں کردیا جاتا، ن لیگ اگلے انتخابات میں بھی جیت گئی تو عمران خان اسے بھی دھاندلی قرار دیدیں گے۔نجم سیٹھی کا کہنا تھا کہ عمران خان نے 35پنکچر کا ذکر بھی اتنی مرتبہ کیا کہ لوگ اسے صحیح سمجھنے لگ گئے تھے لیکن جب ایک دفعہ نہیں کہہ دیا تو لوگ پریشان ہوگئے ۔پی آئی اے طیارہ حادثہ پر تجزیہ کرتے ہوئے نجم سیٹھی نے کہا کہ پچھلے پچاس سالوں میں پی آئی اے طیاروں کے 15بڑے حادثات ہوئے ہیں جس میں سینکڑوں لوگ ہلاک ہوئے، آج تک کوئی انکوائری روپر ٹ نہیں پڑھی جس میں کسی طیارے کے حادثے کی واضح وجوہات بتائی گئی ہوں ،پی آئی اے کا سیفٹی ریگولیشنز کا ریکارڈ اچھا سمجھا جاتا ہے، پی آئی اے کے طیاروں کی چھوٹی موٹی خرابیوں کی خبر یں اکثر آتی رہتی ہیں، ہمارے اکثر جہاز کافی پرانے ہیں اس لئے حادثے ہونا ناممکن نہیں ہے، پی آئی اے انتظامیہ حکومت کے ساتھ بیٹھ کر پرانے جہاز فارغ کرے۔
تازہ ترین