• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن
تاڑی مار اڈانہ بلاول!
ورکرز کنونشن سے خطاب کرتے ہوئے بلاول زرداری نے کہا:خدا حافظ میاں صاحب آپ کی آخری باری ہے، 2018کے بعد آپ کہاں ہوں گے پتہ نہیں، رائیونڈ کی خارجہ پالیسی نے ہمیں دنیا میں تنہا کر دیا۔ پنجاب پر جمہوری قبضہ کرنے آئے ہیں، 27؍ دسمبر تک بات نہ مانی تو ہم ہنستے ہوئے ناچتے ہوئے آپ کو نکالیں گے۔ جبکہ اعتزاز احسن نے اس موقع پر کہا نواز شریف پر بھی یوسف رضا گیلانی جیسا پیمانہ استعمال، چلو اچھا ہوا بلاول نے یہ تو مان لیا کہ باری سیاست چلتی رہی ہے اور چلتی رہے گی اور خدا حافظ کہنے کا تو کوئی موقع نہیں بنتا کیونکہ ویسے بھی چوتھی مرتبہ نواز شریف وزیراعظم نہیں بن سکتے، بلاول جس طرح کی سیاست پر اتر آئے ہیں وہ یا تو دکھلاوا ہے یا پشوری قہوہ ہے، وہ کیا یہ وضاحت کرنا پسند کریں گے کہ جمہوری قبضہ کیا ہوتا ہے کیا وہی جو بھارت نے کشمیر پر کیا ہوا ہے یا جمہوریت جمہوری طریقے سے حاصل نہیں کرنی اس پر قبضہ کرنا ہے، لگتا ہے پورا ملک قبضہ مافیا کی گرفت میں ہے اور یہاں اپوزیشن اور حزب اقتدار اصل میں دونوں ایک ہیں۔ اعتزاز احسن کی بات پر توجہ دینا اس لئے ضروری ہے کہ ان کی بات میں وزن ہے، خارجہ پالیسی کا بھی ذکر ہوا کہ اس نے تنہا کر دیا جبکہ یہاں پالیسی تو کجا کوئی وزیر خارجہ ہی موجود نہیں، پالیسی کیا خاک بنے گی، اسی طرح صحن میں خاک اڑے گی، ہم سمجھتے ہیں کہ دونوں بڑی پارٹیاں اپنے قول و فعل کے حوالے سے جڑواں ہیں، لہجے الگ سہی، ہجے ایک ہیں، ہنستے ناچتے بلاول میاں صاحب کو نکالیں گے، یہ تو نری مفاہمت ہے، آخر ایسا کیا ہونے والا ہے کہ پی پی کبھی کہتی ہے مئی جون میں انتخابات ہو جائیں اور اب یہ کہ بلاول 27دسمبر تک وزیر اعظم کو نکالیں گے اور وہ بھی اپنے مخصوص حسن اخلاق کے ساتھ ہنستے کھیلتے ہوئے، پاکستان سے ہنسی کھیل تو ہو رہا ہے کیا ابھی مزید کی گنجائش ہے، بلاول پسند وار نہ اچھلیں جمہوریت جمہوری انداز کو کہتے ہیں قبضہ کو نہیں۔ پنجاب پر جمہوری قبضہ مہمل جملہ ہے۔
٭٭٭٭
یوٹرن یا رائٹ ٹرن!
عمران خان کہتے ہیں اکیلے نواز شریف سے نہیں پورے سسٹم سے لڑ رہا ہوں۔ حیرانی ہے ابھی کل تک تو آپ کا اٹ کھڑکا فقط وزیراعظم سے تھا، یہ یکدم یو ٹرن کہ آپ کا نیا تصادم صرف سسٹم سے ہے، یہ ہماری نظر میں بہت مثبت تبدیلی ہے، اور ہم ان سے ایسی ہی تبدیلی چاہتے تھے، مگر وہ نہ جانے کیسی کیسی تبدیلیاں یہ کہہ کر لاتے رہے کہ تبدیلی آئی نہیں آ چکی ہے، اور پھر ہم نے دیکھا کہ وہ حسین تبدیلی جا چکی ہے، ہم خان صاحب سے ایک بات کہتے ہیں کہ نواز شریف حکومت ٹھیک چلا رہے یا غلط لیکن ہمیں وہ ہر حال میں نہ جانے کیوں اچھے لگتے ہیں، بعض اوقات پیار بھی تو ہو جاتا ہے، کیونکہ عشق پر زور نہیں چلتا کیونکہ؎
بالآخر مطلوبہ تبدیلی آ ہی گئی عمران خان نے بڑی دیر کے بعد یہ کہہ دیا کہ ان کو نواز شریف سے کوئی گلہ نہیں صرف سسٹم سے اتفاق نہیں، واقعی ہمارے ہاں نظام ہی درستگی طلب ہے، افراد تو سب بھائی بھائی بہن بہن ہیں، یہ جو لفظوں کی جنگ ہوتی ہے تباہ کن ہوتی ہے، ان کا بھی بروز حشر حساب لیا جائے گا، اپنے لفظ، اپنی بات، اپنا مقصد اگر صرف لیلائے وطن کو سنوارنا نکھارنا ہو تو سمجھیں کہ ہم سب کسی بیوٹی پارلر میں ہیں، اور اب سب ایک دوسرے کو اچھے لگیں گے۔
٭٭٭٭
نویں آئی ایں سوہنیئے!
مریم اورنگزیب:پاناما کیس میں کچھ نہ رہا ایک دو دن میں نمٹ جانا چاہئے۔ یہ کہنا کہ ایک دو دن میں نمٹ جانا چاہئے، یہ محترمہ کی جانب سے عدالت عظمیٰ کو تلقین ہے یا حکم؟ اب اگر کوئی یہ کہے کہ ’’نویں آئی ایں سوہنیئے‘‘ تو غلط ہو گا کیا؟پاناما کیس میں کیا رہ گیا یا نہیں رہ گیا لیکن اس میں کچھ تو ہے کہ چل رہا ہے رکا نہیں، عدالت عظمیٰ میں چلتے کیس پر ریمارکس بے جواز ہوا کرتے ہیں کیا مریم ثانی کو علم نہیں؟ عدالتوں کا احترام بڑے احترام کے ساتھ رخصت کیا جا رہا ہے عدالتیں اس سے پوری طرح واقف ہیں، میاں صاحب نے جس اعلیٰ ترین درجے کے وزراء بھرتی کئے ہیں وہ صرف ایک ہی کام جانتے ہیں کہ سیاسی بیان، اپنی قیادت کے اور اس کی مخالفت کے خلاف دیں چاہے بیان میں مغز ہو نہ ہو اور اپنے محکموں وزارتوں کا کام سیکرٹریوں پر چھوڑ دیں، آپ ذرا کسی وزیر بے تدبیر کے پروٹوکول کو چھیڑ دیں تو جیسے پکا ہوا پھوڑا پھوٹ پڑتا ہے، مریم اورنگزیب غالباً باہر سے پڑھ کر آئی ہیں اور وہ بہت معقول گفتار ہیں، ہر روز اور کچھ کریں نہ کریں، اپنے محسن کا حق ضرور ادا کرتی ہیں۔ ہم نے دوسرے ملکوں کے وزراء بھی دیکھے ہیں وہ اقتدار میں آ کر سیاسی بیان بازی نہیں کرتے بس خدمت کرتے ہیں ان سب کی جو ان کے وطن میں رہتے ہیں، ہم صرف اتنا کہنا چاہتے ہیں کہ وزراء اپنی وزارتوں کو درست کریں۔
٭٭٭٭
راج کرے گا خالصہ باقی نہ رہے کوئی!
....Oاسحاق ڈار کو امریکی وزیر کیتھرین کا فون۔
ڈار صاحب!حسن کارکردگی کی جتنی اسناد ممکن ہو جلد سمیٹ لیں۔
....Oجرمن چانسلر اینجلاا نے کہا ہے:حجاب پر پابندی عائد کریں گے،
ڈونلڈ ٹرمپ کے اچانک نرم پڑنے کی سمجھ آ گئی ان کی روح اینجلامرکل میں اور اینجلاا کی روح ٹرمپ میں آ گئی ہے،
....Oعمران خان:عدالت نے ثبوت مانگ لئے نواز شریف بچائو کے لئے ٹرمپ کو نہ بلا لیں۔
وکیل بدلنے کا تو نواز شریف کو حق حاصل ہے،
....Oبلاول2018:ءمیں کوئی شریف کہلانے والا ملک پر راج نہیں کرے گا۔
ارے یہ کیا کہہ دیا تو کیا کوئی بدمعاش راج کرے گا، بلاول صاحب کم از کم یہ نہ ہونے دینا، کیونکہ آپ ہی تو شریف محب وطن لیڈر ہیں،
....Oپاناما کیس سماعت جاری ہے،
قوم کی قوت سماعت کمزور پڑ رہی ہے،
....Oٹائم میگزین نے مودی کو سال کا بہترین شخص قرار دے دیا۔
ٹائم میگزین نے سال کا بہترین جھوٹ لکھ دیا،


.
تازہ ترین