• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن
س۔سر میں میڈیکل کا طالبعلم ہوں اور ابھی دوسرا سال پاس کیا ہے،میں بیرون ملک حصولِ تعلیم کے لئے جانا چاہتا ہوں برائے کرم میری رہنمائی فرمائیں اور ساتھ ہی یہ بھی بتائیں کہ مجھے ہاؤس جاب کے بعد کیا کرنا چاہئے؟ (گوہر خان۔لاہور)
ج۔میرا مشورہ ہے کہ آپ اس وقت اپنی پڑھائی پر توجہ دیں اور کوشش کریں کہ آپ اپنے میڈیکل کے تمام پروفیشنل امتحانات اچھے نمبروں سے پاس کریں،بیرون ملک تعلیم کے لئے جانے کا اُس وقت سوچیں جب آپ ایم بی بی ایس اور ہاؤس جاب کے بعد کچھ عرصہ تجربہ حاصل کر لیں اور پھر فیصلہ کر یں کہ آپ کو کس شعبے میںسب اسپیشلائزیشن کرنی ہے تا کہ آپ درست اور صحیح یونیورسٹی کا تعین کر سکیں اور اُس ملک کا انتخاب کریں جہاں آپ کو اپنی پوسٹ گریجویشن یاریسرچ رجسٹری کرنے میں کوئی مشکل پیش نہ آئے،یہ یاد رکھیںکہ آپ کسی بھی ملک میں چلیں جائیں وہاں آپ کو کوئی نہ کوئی ٹیسٹ ضرور پا س کرنا پڑے گا خواہ آپ حصولِ تعلیم کی غرض سے جائیں یا اپنی فیلڈ میں جاب کے لئے۔
س۔محترم عابدی صاحب میں نے ایم فل اینمل بائیو ٹیکنالوجی کیا ہے برائے کرم مجھے بتائیں آگے کیا کرنا چاہئے مجھے؟ (مہوش عباس۔اسلام آباد)
ج۔اینمل بائیو ٹیکنالوجی ایک وسیع شعبہ ہے اور اس میں ریسرچ کے بے تحاشا مواقع موجود ہیں، کچھ ملکوں میں نہ صرف اس پر کام ہو رہا ہے بلکہ پی ایچ ڈی اور ریسرچ کے وضائف بھی موجود ہیں،ان میں جرمنی سرفہرست ہے جہاں آپ کو ایک اچھا ریسرچ پروجیکٹ مل سکتا ہے جس میں کچھ خصوصی ایریا جیسا کہ کلوننگ،اینمل نیوٹریشن،ایلگل بائیوٹیکنالوجی وغیرہ شامل ہیں،آپ کو چاہئے کہ اس سلسلے میں جرمن سفارت خانے کی ویب سائٹ سے مزید معلومات حاصل کریں اور اگر بیرون ملک تعلیم کی خواہشمند ہیںتو ہمیں اپنی سی وی ارسال کریں ہم سے جو مدد ہو سکے وہ کی جائے گی۔
س۔سر میں نے ایف ایس سی 85% نمبروں سے پاس کیا اور اب بی ایس کیمسٹری کر رہی ہوں،برائے کرم مجھے اس ڈگری کے فوائد اور پاکستان میں موجود مواقعوں کے بارے میں بتائیں،اور اگر میں سی ایس ایس کروں تو مجھے کن مضامین کا انتخاب کرنا چاہئے؟(آمنہ حق۔لاہور)
ج۔کیمسٹری ایک وسیع مضمون ہے اور اس میںآگے خصوصاً پوسٹ گریجویشن اور ریسرچ میں کیریئر کے مواقع موجود ہیں،یقینا آپ کو کم از کم ایم یس یا ایم فل کی طرف دیکھنا پڑیگا اور کیمسٹری کے شعبے میں ایک سب ا سپیشلائزیشن کو منتخب کرنا پڑے گا تاکہ آپ اس میں ریسرچ کے ذریعے اپنا کیریئر آگے بڑھا سکیں،دوسری طرف سی ایس ایس ایک الگ چیز ہے جو کہ دراصل ایک مقابلے کا امتحان ہے جس کے لئے آپ کو سائنس کے ساتھ ساتھ انٹرنیشنل ریلیشنز،کرنٹ افیئرز،پولیٹیکل سائنس اور انگلش لٹریچر پر بھی کافی مہارت درکار ہو گی لیکن یہ بھی کوئی مشکل کام نہیں ہے بلکہ ذرہ سی اضافی محنت کے ساتھ کامیابی حاصل کی جا سکتی ہے۔
س۔سر میں نے میٹرک82% اور ایف ایس سی پری میڈیکل 75% نمبروں سے پاس کیا ہے،میں ایک اوسط درجے کا طالبعلم ہوں جو امتحان قریب ہوں تو پڑھتا ہے،مجھے آپ کی رہنمائی چاہئے کہ میں آگے کیا کروں،میری دلچسپی بی ایس انٹرنیشنل ریلیشنز، CMA اور CA میں سے کوئی ایک کرنے میں ہے،برائے کرم میری مدد کریں کیونکہ میں کافی اُلجھن اور پریشانی کا شکار ہوں۔ (جواد جبار۔کراچی)
ج۔انٹرنیشنل ریلیشنز ایک اُبھرتا ہوا مضمون ہے اور اس میں مختلف قسم کے کیریئر کے مواقع موجود ہیں لیکن آپ نے CMA اور CA کا بھی ذکر کیا ہے جو کہ اکاؤنٹنگ کے پروفیشنل کورسز میں شمار ہوتے ہیں،یہ فیصلہ آپ کو کرنا ہو گا کہ آپ اکاؤنٹنگ کی طرف جاتے ہیں یا پھر سوشل سائنسز کی طرف تاکہ آپ کی یہ پریشانی ختم ہو سکے اور آگے بڑھنے کے بہترین مواقع دستیاب ہوں۔

.
تازہ ترین