• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

تاجر برادری، صحت تعلیم اور دیگر شعبوں میں ہمارا ہاتھ بٹائے، وسیم اختر

کراچی (اسٹاف رپورٹر)میئر کراچی وسیم اختر نے کہا ہے کہ کراچی پورے ملک کو چلا رہا ہے مگر خود اس کے پاس کچھ نہیں ہم کراچی میں بچی کچی چیزیں بچانا چاہتے ہیں اگر انتظامی اور مالیاتی اختیارات ملیں تو ماضی کی طرح اب بھی ڈلیور کرکے دکھا سکتے ہیں ان خیالات کا اظہار انہوں نے کراچی چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کی طرف سے میئر کراچی اور ڈپٹی میئر کراچی کے اعزاز میں دیئے جانے والے استقبالیے سے خطاب کرتے ہوئے کیا، اس موقع پر ڈپٹی میئر کراچی ڈاکٹر ارشد وہرہ، صدر کے سی سی آئی شمیم احمد فرپو، سابق صدر سراج قاسم تیلی، یونس بشیر، مجید میمن، یونس سومرو، اے کیو خلیل اور کے سی سی آئی کے ممبران کی ایک بڑی تعداد بھی موجود تھی، میئر کراچی نے کہا کہ ہم ماضی کو بھلا کر مخلصانہ طور پر کام کرنا چاہتے ہیں اور تمام تر رکاوٹوں کے باوجود کراچی کی خدمت کرنے کی کوشش کر رہے ہیں ہم یہاں پیسے لینے نہیں آئے بلکہ صرف آپ کا تعاون اور سرپرستی چاہتے ہیں انہوں نے کہا کہ ہم شہر کی بہتری کے لئے بہت سی تجاویز لے کر یہاں آئے ہیں اور ہم چاہتے ہیں کہ تاجر برادری صحت، تعلیم اور دیگر شعبوں میں ہمارا ہاتھ بٹائے، انہوں نے کہا کہ صرف میں میئر نہیں ہوں بلکہ آپ سب بھی کراچی کے میئر ہیں آپ لوگ میرے ساتھ آجائیں تو اختیارات ہی اختیارات ہوں گے ، قبل ازیں خطبہ استقبالیہ پیش کرتے ہوئے کے سی سی آئی کے صدر شمیم فرپو نے میئر کراچی وسیم اختر اور ڈپٹی میئر کراچی ڈاکٹر ارشد وہرہ کو خوش آمدید کہتے ہوئے انہیں اپنے عہدے سنبھالنے پر مبارکباد دی ، انہوں نے کہا کہ کراچی چیمبر کو ٹاپ ٹین میں لانےمیں کراچی کی بزنس کمیونٹی کا بڑا کردار ہے انہوں نے کے سی سی آئی کے ارکان کو کے ایم سی کے حوالے سے ہونے والی شکایات کا ذکر کرتے ہوئے امید ظاہر کی کہ ان معاملات کو جلد ٹھیک کیا جائے گا ، ڈپٹی میئر کراچی ڈاکٹر ارشد وہرہ نے اپنے خطاب میں کہا کہ شہر میں بہتری لانے کے لئے ہمیں اپنے بلدیاتی اداروں کو مضبوط کرنا ہے جس کے لئے آپ ہمیں تجاویز دیں ہم مل کر پلان بنائیں گے اور شہر کو ترقی دیں گے ، سابق صدر کے سی سی آئی سراج قاسم تیلی نے کہا کہ ہم کراچی والے ہیں اور ہمیشہ کراچی کے لئے کام کرنے والوں کو ہم نے سپورٹ کیا ہے بدقسمتی سے ترقیاتی فنڈز لگتے نظر نہیں آتے یہ صورتحال تبدیل ہونی چاہئے ، ۔آخر میں کے سی سی آئی کے ارکان نے میئر کراچی وسیم اختر کو اپنے مسائل سے آگاہ کیا اور سوالات کئے جن کے جوابات میئر کراچی وسیم اختر نے دیئے۔
تازہ ترین