• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

فیکا کی رپورٹ مایوس کن،کرکٹرز تذبذب کا شکار ہونگے،رمیز راجہ

کراچی(جنگ نیوز) سابق کپتان رمیز راجہ نے بھی فیکا کی رپورٹ کو مایوس کن قرار دیا ہے جس میں اس نے بین الاقوامی کرکٹرز کو متنبہ کیا ہے کہ وہ پاکستان سپر لیگ کا لاہور میں ہونے والا فائنل کھیلنے سے گریز کریں۔غیر ملکی ویب سائٹ کے مطابق رمیز راجہ نے کہا کہ دنیا کو بین الاقوامی کرکٹ کی بحالی کی کوششوں میں پاکستان کی مدد کرنی چاہیے۔رمیز راجہ نے جو پاکستان سپر لیگ کے سفیر بھی ہیں، سوال کیا کہ کیا اس ایسوسی ایشن نے یہ رپورٹ مرتب کرنے سے قبل اپنے کسی نمائندے کو پاکستان بھیج کر حالات کا خود جائزہ لینے کی کوشش کی؟رمیز راجہ نے کہا کہ ایسوسی ایشن نے اخبارات پڑھ کر، سنی سنائی باتیں سن کر اور ٹی وی پر کچھ سن کر ایک مخصوص قسم کی تصویر پیش کی ہے اور رائے قائم کی ہے جس سے ظاہرہے کہ ایک منفی تصویرسامنےآئے گی۔رمیز راجہ نے کہا کہ اس طرح کی رپورٹ سے کرکٹرز تذبذب کا شکار ہوجاتے ہیںانہوں نے کہا کہ اگر بین الاقوامی کرکٹرز پاکستان سپر لیگ کا فائنل کھیلنے لاہور آگئے تو یہ ایک بہت بڑا قدم ہوگا اور اس سے آنے والے دنوں میں بہت مثبت فرق پڑے گا۔ پاکستان میں بین الاقوامی کرکٹ کی مکمل بحالی کے لیے آئی سی سی میں ایک بھرپور کوشش کی اشد ضرورت ہے۔پاکستانی کرکٹ ٹیم کے سابق فاسٹ بولر عاقب جاوید کا کہنا ہے کہ یہ معلوم کرنے کی ضرورت ہے کہ فیکا نے یہ رپورٹ کن ذرائع سے ملنے والی معلومات پر مرتب کی ہے کیونکہ فیکا کوئی سیکورٹی ایجنسی نہیں ہے۔
تازہ ترین