• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

فیکا رپورٹ حقائق پر مبنی نہیں،غیر ذمے دارانہ بیا ن ہے،پی سی بی

کراچی(اسٹاف رپورٹر)پاکستان کرکٹ بورڈ نے کہا ہے کہ فیڈریشن آف انٹرنیشنل کرکٹرز ایسوسی ایشن ( فیکا ) کی رپورٹ حقائق پر مبنی نہیں ہے۔حقائق جانے بغیر غیر ذمے دارانہ بیان پاکستان کرکٹ کے لئے نقصان دے ہے۔منگل کو پاکستان کرکٹ بورڈ نے فیکا کے بیان پر ردعمل دیتے ہوئے کہا کہ فیکا کے لوگ ہزاروں میل دور بیٹھ کر اور کسی مستند سیکورٹی ماہر سے بات کئے بغیر ردعمل دے رہے ہیں۔گذشتہ پانچ سال سے لاہور میں کسی غیر ملکی کو نشانہ نہیں بنایا گیا اور کسی فائیو اسٹار ہوٹل پر حملہ ہوا ہے۔پاکستان کرکٹ بورڈ کی ایگزیکٹیو کمیٹی کے چیئرمین اور پاکستان سپر لیگ کے سربراہ نجم سیٹھی نے کہا کہ انہیں فیکا کی رپورٹ پڑھ کر حیرت اور افسوس ہوا ہے کیونکہ اس رپورٹ میں جو کچھ بھی کہا گیا ہے اس کا حقیقت سے دور دور تک تعلق نہیں۔نجم سیٹھی نے کہا کہ اس رپورٹ میں یہ کہا گیا ہے کہ لاہور میں غیرملکیوں پر حملے ہورہے ہیں لگژری ہوٹلوں پر حملے ہورہے ہیں جبکہ ایسی کوئی صورتحال نہیں ہے۔معلوم نہیں فیکانے یہ معلومات کہاں سے اکٹھی کی ہیں؟نجم سیٹھی نے سوال کیا کہ اگر فیکا یہ دعوی کرتی ہے کہ اسے مبینہ طور پر سکیورٹی ماہرین نے یہ سب کچھ بتایا ہے تو پاکستان کرکٹ بورڈ جاننا چاہے گا کہ وہ سکیورٹی ماہرین کون ہیں اور ان کے نام بتائے جائیں۔نجم سیٹھی نے کہا کہ پاکستان سپر لیگ کے فائنل کے لیے چند ہی غیرملکی کرکٹرز نے پاکستان آنا ہے اور ان کی بھی حفاظت کے لیے تین ہزار سے زائدسیکورٹی اہلکار موجود ہونگے ان کےلیے بلٹ پروف بسیں موجود ہونگی اور یہ صرف ایک دن کا معاملہ ہے۔نجم سیٹھی نے کہا کہ فیکا دنیا بھر کے کرکٹرز کی نمائندہ تنظیم نہیں ہے اسے پاکستان اور بھارت سے یہی تکلیف ہے کہ وہ اسے اپنے یہاں دفتر کھول کر یونین سرگرمیوں کی اجازت نہیں دیتے لہذا وہ ان ملکوں کے بارےمیں منفی رویہ اختیار کیے رکھتی ہے۔ 
تازہ ترین