• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

قومی ٹیم کو ایک اور دھچکا، سرفراز احمد کی والدہ کی طبیعت ناساز، وطن واپس

کراچی(اسٹاف رپورٹر)ٹیسٹ سیریز میں میزبان آسٹریلیا کے ہاتھوں وائٹ واش ہونے والی پاکستانی کرکٹ ٹیم کی ون ڈے سیریز کی تیاریاں بری طرح متاثر ہوئی ہیں۔فاسٹ بولر محمد عرفان کے بعد وکٹ کیپر بیٹسمین اور نائب کپتان سرفراز احمد بھی دورہ نامکمل چھوڑ کربدھ کو کراچی واپس پہنچ رہے ہیں۔فوری طور پر کوئی متبادل کھلاڑی آسٹریلیا نہیں جائے گا۔ سرفراز احمد منگل اور بدھ کی درمیانی شب برسبین سے کراچی کے لئے روانہ ہوگئے۔سلیکشن کمیٹی نے ان کی جگہ متبادل کھلاڑی کو آسٹریلیا بھیجنے کا فیصلہ نہیں کیا ہے۔سرفراز احمد کی والدہ مقامی اسپتال کے انتہائی نگہداشت کے وارڈ میں داخل ہیں۔ڈاکٹروں سے مشورے کے بعد ان کے اہل خانہ نے سرفراز احمد کو فوری طور پر کراچی پہنچنے کی ہدایت کی ہے۔پاکستانی کرکٹ ٹیم کے میڈیا منیجر امجد حسین کا کہنا ہے کہ سرفراز احمد کی والدہ شدید علیل ہیں اور وہ فوری طور پر وطن واپس جا رہے ہیں۔ٹیم انتظامیہ نے ان کے متبادل کے طور پر کسی کھلاڑی کو آسٹریلیا بھیجنے کی ابھی کوئی درخواست نہیں کی ہے۔سلیکٹرز نے سرفراز احمد کے متبادل کے لئے کامران اکمل کے نام پر غور کیا لیکن ٹیم انتظامیہ نے کسی متبادل کو بھیجنے کی درخواست نہیں کی ہے۔ قومی سلیکشن کمیٹی کے ذرائع کا کہنا ہے کہ بظاہر کسی دوسرے وکٹ کیپر کو آسٹریلیا بھیجنے کا امکان نہیں ہے کیونکہ محمد رضوان پہلے ہی ٹیم میں موجود ہیں اور عمراکمل بھی وکٹ کیپنگ کر لیتے ہیں۔سرفراز احمد کی عدم موجودگی میں رضوان کو بھی ٹرائی کرنے کا موقع ملے گا۔رضوان کافی عرصے سے ٹیم کے ساتھ ہیں لیکن وہ مستقل میچوں میں شرکت نہیں کرتے ہیں۔کامران اکمل نے ڈومیسٹک کرکٹ میں سات سنچریاں بنائیں تھیں۔لیکن انہوں نےگذشتہ چند میچوں میں وکٹ کیپنگ نہیں کی ہے۔وہ بیٹسمین کی حیثیت سے کھیلتے رہے۔ پاکستانی ٹیم کو دو دن میں اپنے دو کھلاڑیوں کی وطن واپسی کا سامنا کرنا پڑا ہے۔ فاسٹ بولر محمد عرفان اپنی والدہ کے انتقال کے سبب وطن واپس آ رہے ہیں اور اب سرفراز احمد کی بھی اپنی والدہ کی شدید بیماری کے سبب وطن واپسی ہورہی ہے۔محمد عرفان کے متبادل کے طور پر فاسٹ بولر جنید خان کو آسٹریلیا روانہ کیا جا رہا ہے۔ جبکہ اس سے قبل آل راؤنڈر محمد حفیظ کو سولہویں کھلاڑی کے طور پر آسٹریلیا بھیجا گیا ہے جو پہلے اعلان کردہ ٹیم میں شامل نہیں تھےسرفراز کی وطن واپسی کے بعد پاکستان ٹیم پندرہ کھلاڑیوں پر مشتمل ہوگی۔ سرفرازکی والدہ کواتوارکے روزکراچی کے نجی اسپتال میں پتے کی سرجری کیلئے داخل کیا گیا جس کے بعد ان کی طبیعت بگڑگئی اوروہ تاحال اسپتال میں زیرعلاج ہیں جس کے باعث قومی ون ڈے ٹیم کے نائب کپتان اوروکٹ کیپرسرفراز احمد آسٹریلیا سے وطن واپس آ رہے ہیں ۔ سرفراز کی والدہ اس وقت آئی سی یو میں ہیں۔ 
تازہ ترین