• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

نذیرحسین کڈنی سینٹر میں 900 مریضوںکا مفت ڈائیلاسز ہوسکے گا، میئرکراچی

کراچی (اسٹاف رپورٹر) میئر کراچی وسیم اختر نے منگل کو فیڈرل بی ایریا میں نذیر حسین میموریل کڈنی سینٹرمیں اوپی ڈی کی سہولت کا افتتاح کیا۔ اس موقع پر رکن صوبائی اسمبلی محفوظ یار خان، چیئرمین ڈی ایم سی سینٹرل ریحان ہاشمی، میونسپل کمشنر ڈاکٹر بدر جمیل، ڈائریکٹر جنرل ٹیکنکل سروسز شہاب انور، سینئرڈائریکٹر میونسپل سروسز مسعود عالم، سینئرڈائریکٹر میڈیکل اینڈ ہیلتھ سروسز ڈاکٹر محمد علی عباسی، سابق سینئر ڈائریکٹر ڈاکٹر ناصر جاوید، ڈاکٹر سعید اختر، ڈاکٹر حا مد ظہیر اور دیگر بھی موجود تھے۔ اس موقع پر ڈائیلاسز مشینوں کی تقریب تقسیم بھی منعقد ہوئی جس میں چانڈکا میڈیکل کالج کے لیے ایم ایس ڈاکٹر جاوید شیخ کو 5ڈائیلاسز مشینیں جبکہ لانڈھی میڈیکل کمپلیکس کے لیے ایم ایس ڈاکٹر خلیل احمد کو 10ڈائیلاسز مشینیں دی گئیں۔ افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے میئر کراچی نے کہا کہ نذیر حسین کڈنی سینٹر میں 900مریضوں کامفت ڈائیلاسز ہوسکے گا جس سے گردوں کے امراض میں مبتلا مریضوں کو خاطر خواہ سہولت ملے گی اور وہ بھی اس مہنگے علاج کے متحمل ہوسکیں گے۔انہوں نے کہا کہ گردوں کے امراض میں اضافے کے پیش نظر عباسی شہید اسپتال، لانڈھی میڈیکل سینٹر اور نذیر حسین کڈنی سینٹر کو فعال کیا جارہا ہے ۔ میئر کراچی نے کہا کہ نذیر حسین کڈنی سینٹر 2010میں مکمل ہوچکا تھا اور 2012میں یہاں مشینری اور آلات آچکے تھے تاہم یہاں کڈنی سینٹر کے آغاز میں تاخیر ہوئی جس کا سبب سب کے سامنے ہے۔ گزشتہ 8سال کے دوران مختلف شعبوں میں شہریوں کے لیے سہولیات کا جو حال ہوا ہے وہ کسی سے ڈھکا چھپا نہیں ہے۔ اگر مفت علاج کی یہی سہولت پہلے فراہم کردی جاتی تو غریب اور متوسط طبقے کو اس سے فائدہ ہوتا۔ انہوں نے کہا کہ جہاں شہر میں ایک طرف کچرے کے انبار لگے ہیں، سڑکیں اور گلیاں خستہ حال ہیں وہیں شہر کے اسپتالوں کا حال بھی اس سے مختلف نہیں تاہم اب وقت آگیا ہے کہ ہم شہریوں کی فلاح و بہبود کے لیے بنائے گئے منصوبوں کے لیے اپنی بے حسی کو ختم کریں اور انہیں ہرممکن سہولیات بہم پہنچانے کے لیے جہاں تک ممکن ہو تیزی سے اقدامات کریں اور رفتہ رفتہ اپنے اسپتالوں کو بہتر بنائیں۔ انہوں نے کہا کہ آج لانڈھی میڈیکل کمپلیکس کو بھی ڈائیلاسز مشینیں دی گئی ہیں جس سے لانڈھی اور کورنگی کے مکینوں کو فائدہ ہوگا جبکہ چانڈکا میڈیکل کالج لاڑکانہ کو بھی ڈائیلاسز مشینیں اسی مقصد کے تحت دی گئی ہیں کہ وہاں کے مریضوں کو سہولت ملے۔ میئر کراچی وسیم اختر نے کہا کہ منتخب بلدیاتی قیادت شہریوں کو علاج کی بہترین سہولیات مہیا کرنا چاہتی ہے جس کے لیے بلدیہ عظمیٰ کراچی کے اسپتالوں اور شفاء خانوں کی حالت بہتر بنانے کا کام شروع کر دیا گیا ہے اور اسپتالوں کو مریضوں کے علاج معالجے کے لیے درکار ضروری مشینری و آلات مہیا کیے جا رہے ہیں تاہم ان طبّی اداروں کے عملے بالخصوص ڈاکٹرز اور پروفیسرز کا بھی یہ فرض ہے کہ وہ پوری ایمانداری سے اپنے فرائض انجام دیں اور اپنے کام کو دکھی انسانیت کی خدمت سمجھیں۔ 
تازہ ترین