• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

لیاری، بلڈنگ میں آگ لگ گئی ، دم گھٹنے سے3 بچے جاں بحق

کراچی (اسٹاف رپورٹر) کراچی میں آتشزدگی کے ایک اور واقعہ نے تین معصوم بچوں کی جان لے لی،علاقہ مکینوں نے اپنی مدد آپ کے تحت متاثرہ خاندان کو باہر نکالا،گذشتہ بر س بھی شہر میں آتشزدگی کے چار ہزار واقعات ہوئے تھے۔ تفصیلات کے مطابق کلری تھانے کی لیاری نیاآباد ونتھلی ھال کے قریب واقع النور بلڈنگ کی پہلی منزل پر منگل کی علی الصبح اچانک آگ لگ گئی،واقعہ کے وقت اہلخانہ سو رہے تھے ۔آگ نے جب شدت اختیار کی تو گھر والوں کی آنکھ کھلی جسکے بعد وہاں چیخ و پکار مچ گئی،شور شرابا سن کر اہل محلہ بھی جاگ گئے اور اپنی مدد آپ کے تحت پہلی منزل میں موجود تین بچوں اور انکے والدین کو باہر نکالا تاہم اس وقت تک فلیٹ میں دھواں بھر جانے کے باعث پانچویں افراد کی حالت بگڑ چکی تھی۔واقعہ کی اطلاع پر پولیس بھی پہنچی اور فائر بریگیڈ اور کے الیکٹرک حکام کو بھی طلب کر لیا گیا۔فائر بریگیڈ کی دو گاڑیوں نے تقریباً دو گھنٹوں کی جدو جہد کے بعد آگ پر قابو پایا۔ایس ایچ او نثار لودھی کے مطابق فلیٹ میں دھواں بھرنے کے باعث امدادی کاموں میں مشکلات پیش آئیں۔ دوسری جانب سول اسپتال کے ایم ایل او کے مطابق دھواں بھرنے سے دم گھٹنے کے باعث تینوں بچے 1سالہ گل عزیز،2سالہ عالیان اور 4سالہ آمنہ نے دوران علاج دم توڑ دیاجبکہ بچوں کے والدین عمیر ولد عبد العزیز اور شمیم زوجہ عمیر کی حالت خطرے سے باہر بتائی جاتی ہے۔فائر بریگیڈ حکام کے مطابق آگ شارٹ سرکٹ کے باعث لگی اور آتشزدگی کے نتیجے میں گھر میں موجود سامان جل گیا۔دوسری جانب اہل محلہ کا یہ بھی کہنا تھا کہ آگ بلڈنگ کے قریب پڑے کچرے میں لگی جو بعد ازاں بڑھ کر بلڈنگ کی طرف آ گئی جبکہ اہل محلہ نے یہ الزام بھی لگایا کہ فائر بریگیڈ کی گاڑیاں تاخیر سے پہنچیں جسکی وجہ سے معصوم جانوں کا نقصان ہوا تاہم پولیس اور فائر بریگیڈ حکام نے اسکی تردید کی ہے۔شہر میں آتشزدگی کے واقعات میں آئے روز اضافہ ہو رہا ہے ۔سال2016میں بھی شہر کے مختلف علاقوں میں آتشزدگی کے تقریباً چار ہزار واقعات رونما ہوئے تھے۔ تینوں بچوں کی لاشیں جب علاقے میں پہنچیں تو علاقے میں کہرام مچ گیا،اس موقع پر ہر آنکھ اشکبار تھی۔
تازہ ترین