• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

پٹرول پر29،ڈیزل پر39فیصدٹیکس وصول کیا جا رہا ہے،وزیرپٹرولیم

اسلام آباد (نمائندہ جنگ) ایوان بالا کوبتایا گیا کہ نیب نے پچھلے تین سال کے دوران 20.471ارب روپے کی ریکوریاں کیں،ڈیزل پرسرکاری ٹیکس 39فیصد جبکہ پٹرول پر 29فیصد وصول کیا جا رہا ہے۔ ملک میں بین المسالک افراتفری موجود ہے مگر موجودہ حکومت کے اقدامات سے بہتری آئیگی، پاکستان واحد ملک ہے جہاں اقلیتوں کی وزارت موجود ہے،ترقی یافتہ ممالک میں اقلیتوں کی وزارت نہیں۔وفاقی وزیر پٹرولیم شاہد خاقان عباسی نے بتایا کہ پٹرول پر 29، ڈیزل پر 39 فیصد ٹیکس وصول کیا جارہا ہے، پٹرول پمپس مالکان کا منافع اس کے علاوہ ہے، منگل کو سینٹ میں وقفہ سوالات میں سنیٹر سید شبلی فراز کے سوال کے تحریری جواب میں وفاقی وزیر قانون و انصاف زاہد حامد نے نیب کے گزشتہ تین سال کے دائر کر پشن کے مقدمات کی تفصیلات سے ایوان کو آگاہ کیا اور بتایا کہ پچھلے تین سالوں میں نیب نے 20.471ارب روپے کی ریکوریاں کیں۔ اس دوران مجموعی طورپر85 سیاستد انو ں،663کاروباری حضرات، 1333بیورو کریٹس (سرکاری ملازمین) جبکہ 1210دیگر افراد کیخلاف  ریجنل بیوروز کی جانب سے  مقدمات (انکوائریا ں ، تحقیقات اور ریفرنس ) قائم کئے گئے۔وزیر مملکت مذہبی امور پیر حسنات نےسنیٹر طاہر حسین مشہدی کے سوال پربتایا کہ ملک میں فرقہ واریت پر قابو پانے کیلئے قومی علماء مشائخ کونسل تشکیل دی گئی ہے۔اسے مذہبی ہم آہنگی کو فروغ دینے اور مدارس کے نصاب سے نفرت انگیز لٹریچر کو ہٹانے کا فریضہ سونپا گیا ہے۔ کونسل کے تحت دو کمیٹیاں تشکیل دی گئی ہیں۔سنیٹر نعمان وزیر کے سوال پروفاقی وزیر پارلیمانی امور شیخ آفتاب احمد نے بتایا کہ اب تک 7 خصوصی اقتصادی زونز قائم کئے گئے ہیں۔ ان میں خیرپور خصوصی اقتصادی زون سندھ‘ کورنگی کریک انڈسٹریل پارک سندھ‘ بن قاسم انڈسٹریل پارک سندھ‘ قائداعظم ایپرل پارک شیخوپورہ‘ ایم 13 انڈسٹریل سٹی فیصل آباد‘ ویلیو ایڈڈ سٹی فیصل آباد اور حطار اکنامک زون خیبرپختونخوا شامل ہیں۔خصوصی اقتصادی زونز کے لئے سفارش صوبائی حکومت کرتی ہے۔ وفاقی حکومت کا کام ٹیکسوں میں مراعات دینا ہے۔ ان زونز میں ترقیاتی کام بھی صوبائی حکومتیں کرتی ہیں۔سی پیک کے تحت اکنامک زونز متعلقہ صوبائی حکومتوں کی مشاورت سے بنائے جائیں گے۔ اقلیتی رکن سینیٹر ہری رام نے کہا کہ اقلیتوں کے لئے غیرمسلم کا لفظ استعمال کیا جائے جبکہ وزیر مملکت برائے مذہبی امور پیر امین الحسنات شاہ نے کہا  کہ حکومت کو اس پر کوئی اعتراض نہیں جو بھی مناسب متبادل لفظ تجویز کیا جائے گا ہمیں قبول ہے۔ ہری رام نے کہا کہ  غیر مسلم بیماروں کے لئے سندھ کے ہسپتالوں میں الگ سے کوئی رقم فراہم نہیں کی جاتی، نان مسلم کو سویپر یا گریڈ ون سے زیادہ نوکری نہیں دی جاتی یہ زیادتی نہیں تو اور کیا ہے۔اقلیتوں سے تعلق رکھنے والے شہریوں کے لئے وظائف موجود ہیں، اگر کہیں مسئلہ ہے تو ہمیں بتایا جائے۔اقلیت کی جگہ متبادل لفظ دیں ہم اس کو شامل کر لیں گے۔نیشنل انرجی ایفی شینسی اینڈ کنزرویشن ایکٹ 2016کے تحت ملک میں زیادہ توانائی استعمال کرنے والی صنعت کی نشاندہی کرنے کے لئے صوبائی انرجی ایفی شینسی اینڈ کنزر ویشن ڈیپارٹمنٹس کی شراکت سے سروے کیا جائے گا۔سنیٹر سراج الحق کے سوال کے جواب میں وفاقی وزیر پٹرولیم و قدرتی وسائل شاہد خا قا ن عباسی نے کہا کہ ایم ایس پٹرول پر سرکاری ٹیکس 29فیصد جبکہ ایچ ایس ڈی ڈیزل پر 39فیصد سرکاری ٹیکس وصول کیا جا رہا ہے ، پٹرول پمپ مالکان کا منافع اس کے علاوہ ہے۔ سنیٹر میاں عتیق شیخ کے سوال کے جواب میں وزیر پٹرولیم نے کہا کہ پاکستان میں شیل گیس زیادہ کامیاب نہیں ہوئی کیونکہ اسے نکالنے کے لئے بہت خرچہ کرنا پڑتا ہے صرف امریکہ میں شیل گیس کامیاب ہوئی۔ سنیٹر جہانزیب جمالدینی نے کہا کہ میرے سوال کا آج تک کسی نے جواب نہیں دیا کہ شمسی ایئربیس کے قریب کھدائی ہو گئی ہے ایلین نے کھدائی کی ہے اس کیلئے حکومت ظاہر نہیں کررہی ہے اس کے جواب میں وفاقی وزیر نے کہا کہ اس کیلئے نیا سوال کریں تاکہ اس حوالے سے ایوان کو آگاہ کیا جاسکے۔
تازہ ترین